وزارت دفاع
بھارت-متحدہ عرب امارات کی مشترکہ فوجی مشق ماؤنٹین گارڈین 2026 اتراکھنڈ میں شروع
پوسٹ کرنے کی تاریخ:
05 OCT 2026 3:50PM by PIB Delhi
بھارت-متحدہ عرب امارات کی مشترکہ فوجی مشق ماؤنٹین گارڈین 2026 آج اتراکھنڈ کے چوبٹیا میں واقع فارن ٹریننگ نوڈ میں شروع ہوئی۔ یہ مشق 5 سے 18 اکتوبر 2026 تک منعقد کی جا رہی ہے، جس کا مقصد باہمی آپریشنل ہم آہنگی، باہم افہام و تفہیم اور تعاون کو فروغ دینا ہے، جبکہ اس مشق میں پہاڑی جنگی کارروائیوں پر خصوصی توجہ دی جا رہی ہے۔
اس مشق میں دونوں افواج کی مساوی نمائندگی کے ساتھ مجموعی طور پر 92 اہلکار حصہ لے رہے ہیں۔ بھارتی فوج کے دستے میں بھیرَو بٹالین کے فوجی شامل ہیں، جبکہ متحدہ عرب امارات کی فوج کے دستے میں ماؤنٹین انفنٹری بٹالین کے فوجی شامل ہیں۔دونوں افواج کی خواتین افسران اور جنگی اہلکار بھی مختلف خصوصی ذمہ داریوں کے تحت اس مشق میں حصہ لے رہی ہیں۔
مشق کے دوران فوجی دستے مشترکہ منصوبہ بندی، حربی مشقوں، فائرنگ کی تربیت، نگرانی کے نظام کے قیام، ڈرون آپریشنز، جسمانی برداشت کی تربیت، راک کلائمبنگ، حائل رکاوٹوں کو عبور کرنے کی تربیت اور مربوط فیلڈ مشقوں میں حصہ لیں گے۔ تربیت میں ٹیکنالوجی سے لیس آپریشنز کے ساتھ ساتھ دشوار گزار پہاڑی علاقوں میں کارروائیوں سے متعلق حربی حکمتِ عملی، تکنیک اور طریقۂ کار کا باہمی تبادلہ بھی شامل ہوگا۔
ماؤنٹین گارڈین 2026 دونوں افواج کو پیشہ ورانہ تجربات کے تبادلے، حربی مہارت میں اضافہ اور آپریشنل طریقۂ کار میں بہترین عملی طریقوں کے تبادلے کا موقع فراہم کرے گی۔ یہ مشق بھارت اور متحدہ عرب امارات کے درمیان فوجی تعاون کو مزید مضبوط بنانے کے ساتھ ساتھ دونوں ممالک کے درمیان دوستی اور باہمی اعتماد کے رشتوں کو مزید مستحکم کرے گی۔


***
ش ح۔ ک ا۔ ن ع
U.NO.4647
(ریلیز آئی ڈی: 2319193)
وزیٹر کاؤنٹر : 11