وزارت خزانہ
ڈی آر آئی نے ملک گیر سونے کی اسمگلنگ کے نیٹ ورک کا پردہ فاش کیا، 10 کروڑ روپے سے زائد مالیت کا تقریباً 6.6 کلو گرام غیر ملکی ساخت کا سونا ضبط؛ سرغنہ سمیت 11 افراد گرفتار
گزشتہ نو ماہ کے دوران اس نیٹ ورک نے کوریئر چینلوں کے ذریعے 475 کروڑ روپے مالیت کا 318 کلوگرام اسمگل شدہ سونا منتقل کیا تھا
پوسٹ کرنے کی تاریخ:
28 SEP 2026 2:57PM by PIB Delhi
محکمہ محصولات کی خفیہ معلوماتی ایجنسی (ڈی آر آئی) نے سونے کی منظم اسمگلنگ کے خلاف اپنی مسلسل کارروائی کو آگے بڑھاتے ہوئے ملک گیر سونے کی اسمگلنگ کے ایک نیٹ ورک کا پردہ فاش کیا ہے اور تقریباً 10.36 کروڑ روپے مالیت کا 6.61 کلوگرام غیر ملکی ساخت کا اسمگل شدہ سونا ضبط کیا ہے۔

یہ گروہ کوریئر نیٹ ورک کے ذریعے کام کر رہا تھا اور گزشتہ نو ماہ کے دوران کوریئر چینلوں سے 475 کروڑ روپے مالیت کا 318 کلوگرام اسمگل شدہ سونا منتقل کر چکا تھا۔ سرغنہ افراد میں سے ایک سمیت 11 افراد کو گرفتار کیا گیا ہے۔
مخصوص خفیہ اطلاع کی بنیاد پر ڈی آر آئی نے مغربی بنگال اور آسام میں بھارت-بنگلہ دیش سرحد کے ذریعے غیر ملکی ساخت کے سونے کی مسلسل اسمگلنگ اور اس کے بعد کوریئر پارسلوں کے ذریعے ملک کے مختلف حصوں میں منتقلی کے خلاف 23 اور 24 ستمبر 2026 کو متعدد شہروں میں مربوط کارروائی کی۔ ممبئی، دہلی، کولکاتا، احمد آباد اور گوہاٹی میں بیک وقت گاڑیوں اور افراد کو روکنے کے ساتھ تلاشی کی کارروائیاں کی گئیں۔
کارروائی کے دوران گوہاٹی اور کولکاتا سے ممبئی، دہلی اور احمد آباد میں ترسیل کے لیے بک کیے گئے کوریئر پارسلوں کو راستے میں روک لیا گیا۔ ان پارسلوں کے سات وصول کنندگان کو حراست میں لے لیا گیا، جبکہ کولکاتا میں پارسل بھیجنے والوں کے ٹھکانوں پر بیک وقت کی گئی تلاشی کے دوران مزید تین افراد کو حراست میں لیا گیا۔ فوری طور پر کی گئی مزید کارروائی میں اسمگل شدہ سونے کی ترسیل اور وصولی میں رابطہ کاری کرنے والے سرغنہ افراد میں سے ایک کو ممبئی میں بھی حراست میں لے لیا گیا۔
تحقیقات سے انکشاف ہوا کہ یہ نیٹ ورک اسمگل کیے گئے سونے کو متعدد چھوٹے کوریئر پارسلوں میں تقسیم کرکے گوہاٹی اور کولکاتا سے ممبئی، دہلی اور احمد آباد میں مختلف وصول کنندگان تک پہنچاتا تھا، جہاں اسے ملکی بازار میں فروخت کیا جاتا تھا۔ پارسل بھیجنے والے اور وصول کنندگان کاغذی ادارے یا افراد پائے گئے جن کے سونے سے متعلق کوئی جائز کاروباری لین دین نہیں تھا۔ اس سے ظاہر ہوتا ہے کہ اسمگل کیے گئے سونے کو چھپانے اور اسے مختلف مقامات تک پہنچانے کے لیے دانستہ طور پر کوریئر نیٹ ورک کا استعمال کیا جا رہا تھا۔
روکے گئے کوریئر پارسلوں سے مجموعی طور پر تقریباً 10.36 کروڑ روپے مالیت کا 6.61 کلوگرام غیر ملکی ساخت کا سونا، چھڑیوں کی شکل میں، برآمد ہوا، جسے کسٹم ایکٹ، 1962 کی متعلقہ دفعات کے تحت ضبط کر لیا گیا۔ اس نیٹ ورک سے وابستہ 11 افراد کو گرفتار کیا گیا ہے۔
قابل ذکر بات یہ ہے کہ دستاویزی شواہد کی ابتدائی جانچ سے اس نیٹ ورک کی سرگرمیوں کا بڑے پیمانے پر انکشاف ہوا ہے۔ رواں کیلنڈر سال کے صرف نو ماہ کے دوران اسی کوریئر پر مبنی نیٹ ورک کے ذریعے تقریباً 318 کلوگرام اسمگل شدہ سونا، جس کی مالیت تقریباً 475 کروڑ روپے ہے، پہلے ہی منتقل کرکے مختلف مقامات تک پہنچایا جا چکا تھا۔ مزید تحقیقات جاری ہیں۔
اس کارروائی سے ظاہر ہوتا ہے کہ ڈی آر آئی پوری سپلائی چین کے ہر مرحلے پر سونے کی منظم اسمگلنگ کے نیٹ ورکس کو ختم کرنے پر مسلسل توجہ مرکوز کیے ہوئے ہے، جس میں ملک بھر میں اسمگل شدہ سونے کی ترسیل کے لیے غیر روایتی نقل و حمل کے چینلوں اور کوریئر ذرائع کا استعمال بھی شامل ہے۔
*****
ش ح۔ ض ر ۔ش ت
U.No.4219
(ریلیز آئی ڈی: 2315970)
وزیٹر کاؤنٹر : 9