وزارت خزانہ
azadi ka amrit mahotsav

ڈائریکٹوریٹ آف ریونیو انٹیلی جنس (ڈی آر آئی) نے ممبئی ہوائی اڈے پر تقریباً 15 کروڑ روپے مالیت کا 9.40 کلو گرام غیر ملکی سونا ضبط کیا، تین افراد گرفتار


سونے کے پاؤڈر کو دودھ کے پاؤڈر، اوٹس، چاول کے آٹے اور کیک مکس جیسی غذائی اشیا میں ملا کر انتہائی چالاکی سے چھپایا گیا تھا

پوسٹ کرنے کی تاریخ: 25 SEP 2026 4:43PM by PIB Delhi

سونے کی اسمگلنگ کے خلاف جاری کارروائی کے تحت ڈائریکٹوریٹ آف ریونیو انٹیلیجنس (ڈی آرآئی) کے ممبئی زونل یونٹ نے مخصوص خفیہ اطلاع کی بنیاد پر 23 ستمبر 2026 کی علی الصبح دبئی سے ممبئی کے چھترپتی شیواجی مہاراج بین الاقوامی ہوائی اڈے پہنچنے والے تین بھارتی مسافروں کو روک لیا۔ اس کارروائی میں ممبئی ایئرپورٹ کسٹمز کے ایئر انٹیلیجنس یونٹ (اے آئی یو)نے عملی معاونت فراہم کی۔

سامان کی باریک بینی سے جانچ کے دوران سونا چھپانے کا ایک انتہائی جدید اور غیر معمولی طریقہ سامنے آیا۔ غیر ملکی سونے کو باریک پاؤڈر میں تبدیل کرکے ایسے پیک شدہ غذائی اشیاء میں انتہائی مہارت سے ملایا گیا تھا، جن کا رنگ، ساخت اور گاڑھا پن سونے کے پاؤڈر سے مماثل تھا تاکہ اسے جانچ کے دوران پکڑے جانے سے بچایا جا سکے۔

سونے کا پاؤڈر بظاہر عام کھانے پینے کی مختلف اشیاء کے پیکٹوں میں چھپایا گیا تھا، جن میں دودھ پاؤڈر، اوٹس، مختلف اقسام کے آٹے، نُوٹیلا اور ناریل کے دودھ کا پاؤڈر شامل تھے۔ مجموعی طور پر تینوں مسافروں کے سامان سے تقریباً 33.50 کلوگرام غذائی اشیاء برآمد ہوئیں، جن میں سونے کا پاؤڈر ملایا گیا تھا۔

غذائی اشیاء سے سونے کو احتیاط سے الگ کرنے اور اس کی جانچ کے بعد 9.40 کلوگرام غیر ملکی سونا برآمد ہوا، جس کی مالیت تقریباً 14.81 کروڑ روپے ہے۔ اسے کسٹمز ایکٹ 1962 کی متعلقہ دفعات کے تحت ضبط کر لیا گیا۔

پوچھ گچھ کے دوران تینوں مسافروں نے اعتراف کیا کہ وہ ایک ہی منظم سونے کی اسمگلنگ کرنے والے گروہ کی جانب سے کام کر رہے تھے۔ اس کے بعد انہیں کسٹمز ایکٹ 1962 کی متعلقہ دفعات کے تحت گرفتار کر لیا گیا۔

اس کارروائی سے سونے کی اسمگلنگ کا ایک نیا اور انتہائی پیچیدہ طریقہ سامنے آیا ہے، جس میں معمول کی جانچ سے بچنے کے لئے سونے کے پاؤڈر کو مختلف اقسام کی پیک شدہ غذائی اشیاء میں انتہائی مہارت سے ملایا گیا تھا۔

******

) ش ح ۔ک ا۔ ش ب ن)

U.No. 4103


(ریلیز آئی ڈی: 2315008) وزیٹر کاؤنٹر : 10