ریلوے کی وزارت
بھارتی ریلوے نے جنوبی وسطی ریلوے میں پہلی بارکوَچھ4.0 فعال کر دیا، ریلوے کی حفاظت کے میدان میں یہ اہم کامیابی ہے
حیدرآباد ڈویژن کے ملکاجگیری–کامریدی سیکشن کے 108 روٹ کلومیٹر پرکوَچھ کو ورژن 3.2 سے اپ گریڈ کرکے 4.0 کر دیا گیا
بہتر مقام کی درست نشاندہی، بڑے ریلوے یارڈز میں سگنلز کی مزید مؤثر معلومات، اسٹیشن سے اسٹیشن اوایف سی انٹرفیس اور براہِ راست الیکٹرانک انٹرلاکنگ انٹرفیس کے ذریعے حفاظتی نظام اور قابلِ اعتماد کارکردگی کو مزید مضبوط بنایا گیا ہے
پوسٹ کرنے کی تاریخ:
23 SEP 2026 12:18PM by PIB Delhi
بھارتی ریلوے نے ریلوے کی حفاظت کے شعبے میں ایک اہم سنگِ میل عبور کرتے ہوئے جنوبی وسطی ریلوے(ایس سی آر) میں پہلی بار کوَچھ ورژن 4.0 کامیابی کے ساتھ فعال کر دیا ہے۔
حیدرآباد ڈویژن کے ملکاجگیری–کامریدی سیکشن کے 108 روٹ کلومیٹر حصے میں کوَچھ کو ورژن 3.2 سے اپ گریڈ کرکے ورژن 4.0 کر دیا گیا ہے۔
اس جدید ترین ورژن میں جنوبی وسطی ریلوے کے 1,465 روٹ کلومیٹر پرکوَچھ ورژن 3.2 کی تنصیب اور عملی استعمال سے حاصل ہونے والے تجربات کی بنیاد پر مزید تکنیکی خوبیاں شامل کی گئی ہیں۔کوَچھ 4.0 میں حفاظتی نظام کو مزید مؤثر بنانے، جدید ٹیکنالوجی کے استعمال، قابلِ اعتماد کارکردگی میں اضافے اور ٹرینوں کے زیادہ محفوظ آپریشن کے لیے متعدد اہم خصوصیات شامل کی گئی ہیں۔ اسے بھارتی ریلوے کے وسیع نیٹ ورک پر بڑے پیمانے پر نصب کرنے کا منصوبہ ہے۔

کوَچھ 4.0 بھارت کے متنوع ریلوے نیٹ ورک کے لیے جدید حفاظتی خصوصیات سے لیس نظام
کوَچھ 4.0 کو بھارتی ریلوے نے ایک خودکار ٹرین حفاظتی نظام آٹومیٹک ٹرین پروٹیکش (اے ٹی پی) کے طور پر تیار اور کامیابی سے آزمائش کے بعد اب عملی طور پرنصب کرنا شروع کر دیا ہے۔ اس جدید ترین ورژن میں بھارتی ریلوے کے وسیع اور متنوع نیٹ ورک کی مختلف آپریشنل اور تکنیکی ضروریات کو پورا کرنے کے لیے متعدد اہم خصوصیات شامل کی گئی ہیں۔
کوَچھ 4.0 کی نمایاں خصوصیات درج ذیل ہیں:
- مقام کی زیادہ درست نشاندہی: ٹرین کی پوزیشن کا زیادہ درست تعین ممکن بناتا ہے۔
- بڑے ریلوے یارڈز میں سگنلز کی بہتر معلومات: ٹرین آپریشن کے دوران صورتحال سے آگاہی کو مزید مؤثر بناتا ہے۔
- اسٹیشن سے اسٹیشن کوَچھ انٹرفیس: آپٹیکل فائبر کیبل (او ایف سی) کے ذریعے بہتر مواصلاتی رابطے اور نظام کے باہمی انضمام کو یقینی بناتا ہے۔
- موجودہ الیکٹرانک انٹرلاکنگ سسٹمز کے ساتھ براہِ راست انٹرفیس: موجودہ سگنلنگ نظام کے ساتھ کوَچھ کے بہتر انضمام میں مدد دیتا ہے۔
یہ تبدیلیاں کوَچھ 4.0 کو ملک میں تیار کردہ خودکار ٹرین حفاظتی ٹیکنالوجی کے میدان میں ایک اہم پیش رفت ہیں۔ ساتھ ہی، یہ بھارتی ریلوے کے وسیع نیٹ ورک پر اس نظام کی بڑے پیمانے پر نصب کرنےکے لیے ایک مضبوط تکنیکی بنیاد فراہم کرتی ہیں۔
ملک میں تیار کردہ کوَچھ سے ٹرینوں کی حفاظت میں اضافہ
کوَچھ ایک ملک میں تیار کردہ خودکار ٹرین حفاظتی نظام ہے، جسے ٹرینوں کے محفوظ آپریشن کو مزید بہتر بنانے کے لیے ڈیزائن کیا گیا ہے۔ یہ نظام لوکو پائلٹ کو ٹرین کی رفتار مقررہ حد کے اندر برقرار رکھنے میں معاونت فراہم کرتا ہے اور اگر لوکو پائلٹ ضرورت کے وقت بریک نہ لگائے تو یہ نظام خودکار طور پر بریک بھی لگا سکتا ہے۔
کوَچھ کو اس طرح تیار کیا گیا ہے کہ یہ خطرے کی حالت میں سگنل عبور کرنےکے واقعات کی روک تھام، حساس حالات میں ٹرین کی رفتار کو قابو میں رکھنے اور ٹرینوں کے درمیان تصادم کے خطرے کو کم کرنے میں مدد دے۔ خراب موسمی حالات میں بھی یہ نظام ٹرینوں کے زیادہ محفوظ آپریشن میں معاون ثابت ہوتا ہے۔
ایک انتہائی جدید اور ٹیکنالوجی پر مبنی حفاظتی نظام ہونے کی وجہ سے کوَچھ کے لیے اعلیٰ ترین درجے کی حفاظتی سرٹیفکیشن، یعنی سیفٹی انٹیگریٹی لیول-4 (ایس آئی ایل-4) حاصل کرنا ضروری ہے۔
کوَچھ کی تنصیب کے لیے جامع بنیادی ڈھانچے کی ضرورت
کوَچھ کے نفاذ کے لیے ریلوے کے مختلف سیکشنز میں متعدد تکنیکی اور مواصلاتی نظام نصب کیے جاتے ہیں۔ ان میں شامل ہیں:
- اسٹیشنوں اور بلاک سیکشنز میں اسٹیشن کوَچھ کی تنصیب۔
- ریلوے ٹریک کی پوری لمبائی پرآر ایف آئی ڈی ٹیگز کی تنصیب۔
- پورے سیکشن میں ٹیلی کمیونیکیشن ٹاورز کی تنصیب۔
- ٹریک کے ساتھ ساتھ آپٹیکل فائبر کیبل(او ایف سی) بچھانا۔
- بھارتی ریلوے پر چلنے والی لوکوموٹیوز میں لوکو کوَچھ کی تنصیب۔
جنوبی وسطی ریلوے میں کوَچھ 4.0 کی کامیاب تنصیب اور فعال کیے جانے سے ملک میں تیار کردہ ریلوے حفاظتی ٹیکنالوجی کو مزید مضبوط بنانے اور بھارتی ریلوے کے وسیع نیٹ ورک پر جدید خودکار ٹرین حفاظتی نظام کی صلاحیتوں کو وسعت دینے کی جانب ایک اہم پیش رفت ہوئی ہے۔
***
ش ح۔ ع ح۔ج ا
U-3955
(ریلیز آئی ڈی: 2313812)
وزیٹر کاؤنٹر : 10