نائب صدر جمہوریہ ہند کا سکریٹریٹ
azadi ka amrit mahotsav

آر ایس ایس کی ایک صدی پر محیط خدمات ہندوستان کی خدمت کی روایت کی عکاس ہیں: نائب صدرجمہوریہ سی پی رادھا کرشنن


نائب صدر جمہوریہ نے ڈاکٹر تملسائی سوندراراجن کی آر ایس ایس کی ایک صدی پر محیط خدمات پر مبنی کتاب کا اجرا کیا

پوسٹ کرنے کی تاریخ: 15 SEP 2026 8:43PM by PIB Delhi

نائب صدر جمہوریہ سی پی رادھا کرشنن نے آج نئی دہلی کے اپ راشٹرپتی بھون میں تلنگانہ کی سابق گورنر اور پڈوچیری کی سابق لیفٹیننٹ گورنر ڈاکٹر تملسائی سوندراراجن کی تصنیف کردہ کتاب ’’اے سنچری آف سروس – دی آر ایس ایس اِن 100 ایکٹس آف سیوا‘‘ کا اجرا کیا۔


تقریب سے خطاب کرتے ہوئے نائب صدرجمہوریہ نے کہا کہ یہ کتاب آر ایس ایس کی ایک صدی پر محیط خدمات، اس کی سماجی ذمہ داری اور ملک کی تعمیر میں اس کے تعاون کو دستاویزی شکل دیتی ہے۔

یہ کہتے ہوئے کہ ’’آج کی خبر کل کی تاریخ ہوتی ہے‘‘، جناب سی پی رادھا کرشنن نے اچھے کاموں کو دستاویزی شکل دینے کی اہمیت پر زور دیا، جو بصورت دیگر عوامی حافظے سے محو ہو سکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ یہ کتاب اس بات کو اجاگر کرتی ہے کہ سیوااور خدمت کا جذبہ کس طرح مسلسل سماجی خدمت میں تبدیل ہوا ہے۔

’’سیوا ہی دھرم ہے؛ یہ ایک فرض ہے‘‘ کو بنیادی اصول قرار دیتے ہوئے نائب صدر جمہوریہ نے کہا کہ آر ایس ایس کی خدمت کی سرگرمیاں غریبوں، محروم طبقات اور معاشرے کے مختلف طبقوں، بشمول مزدوروں، خواتین اور بچوں تک پہنچی ہیں۔ انہوں نے کووڈ-19 عالمی وبا کے دوران خوراک، ادویات اور ضروری امداد فراہم کرنے میں آر ایس ایس کے رضاکاروں کے کردار کو یاد کیا۔

کتاب میں شامل ’’کردار سازی کے ذریعے ملک کی تعمیر‘‘ کے موضوع کا حوالہ دیتے ہوئے نائب صدر جمہوریہ نے کہا کہ حب الوطنی، نظم و ضبط، سماجی ذمہ داری اور قومی اتحاد ملک کی تعمیر کے لیے ضروری ہیں۔

انہوں نے کہا کہ یہ کتاب نہ صرف آر ایس ایس کی ایک صدی پر محیط خدمات کے ریکارڈ کے طور پر کام کرے گی بلکہ آنے والی نسلوں کے لیے ہندوستان کی خدمت، ثقافت اور قومی شعور کی روایت کی عکاسی کرنے والی ایک دستاویز بھی ثابت ہوگی۔

نائب صدر جمہوریہ نے ڈاکٹر تملسائی سوندارراجن اور کتاب کی اشاعت سے وابستہ تمام افراد کو مبارک باد دی اور امید ظاہر کی کہ تاریخ کو دستاویزی شکل دینے کی ایسی مزید کوششیں بھی سامنے آئیں گی۔

اطلاعات و نشریات اور پارلیمانی امور کے مرکزی وزیر مملکت ڈاکٹر ایل مروگن، پڈوچیری کے وزیر داخلہ جناب اے نامسیوایم اور ڈاکٹر تملسائی سوندراراجن بھی اس موقع پر موجود تھے۔

 

۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔

 (ش ح ۔م م ع ۔ع ن)

U. No. 3897


(ریلیز آئی ڈی: 2313329) وزیٹر کاؤنٹر : 44