وزارات ثقافت
گجرات کے ثقافتی ورثے اور عصری کام یابیوں کی جھلک وزیرِ اعظم کے یادگاری تحائف کی ای-آکشن 2026 میں
وزیرِ اعظم کے تحائف کی ای-نیلامی کے آٹھویں ایڈیشن میں گجرات کی روایتی دستکاریوں، تعمیراتی ورثے اور جدید اختراعات کو جگہ دی گئی ہے
پوسٹ کرنے کی تاریخ:
21 SEP 2026 6:44PM by PIB Delhi
وزیرِ اعظم کے تحائف کی ای-نیلامی 2026 کا آٹھواں ایڈیشن گجرات کے تحائف کے ایک متنوع مجموعے کو پیش کرتا ہے، جو ریاست کے بھرپور ثقافتی ورثے، روایتی فنون و دستکاری، تعمیراتی وراثت، ٹیکسٹائل اور عہدِ حاضر کی کام یابیوں کا غماز ہے۔ یہ مجموعہ گجرات کی ثقافتی شناخت کی مخصوص نمائندگیوں کو یکجا کرتا ہے، جس میں اس کی لازوال روایات کے ساتھ ساتھ جدید بھارت میں اس کے تعاون کو بھی اجاگر کیا گیا ہے۔
گجرات کی بھرپور ثقافتی وراثت اور عہدِ حاضر کا بھارت
گجرات کے مجموعے میں ایسے تحائف شامل ہیں جو ریاست کے تعمیراتی ورثے، روایتی ٹیکسٹائل آرٹس، مقامی مصوری کی روایات، کھیلوں کی کام یابیوں اور تکنیکی ترقی کی نمائندگی کرتے ہیں۔

وڈ نگر کے سترہویں صدی کے ہاٹکیشور مہادیو مندر کے تحفے کی ایک تعمیراتی نمائندگی، جس میں اس کی مخصوص آرائش و زیبائش اور رامائن و مہابھارت سے ماخوذ عناصر شامل ہیں۔

گجرات کے ٹیبل ٹینس کھلاڑی مانو ٹھکر کی طرف سے پیش کردہ کھیلوں کی ایک یادگار، جنھوں نے کامن ویلتھ گیمز اور ایشیائی چیمپئن شپ سمیت بین الاقوامی مقابلوں میں بھارت کی نمائندگی کی ہے۔

ایک روایتی ’ماتا-نی-پچھیڑی‘ - شجرِ حیات کی ٹیکسٹائل پینٹنگ، جو دانش، قوت، خوشحالی اور تمام جانداروں کے باہمی ربط کی عکاسی کرتی ہے۔

وسطی گجرات کی راتھوا، بھیل اور بھیلالہ برادریوں سے وابستہ فریم شدہ پتھورا پینٹنگ، جس میں گھوڑے، دیوی دیوتا اور پتھورا آرٹ سے وابستہ ثقافتی اور عقائد کے نظام کی نمائندگی کرنے والے نقوش شامل ہیں۔

مودھیرا کے سورج مندر کے کندہ شدہ شیشے کے ساتھ بھارت کی پہلی سولر ٹائل، جو گجرات کے ورثے اور شمسی توانائی میں بھارت کی پیش رفت کو یکجا کرتی ہے۔
اس نیلامی میں گجرات کے ثقافتی ورثے اور ترقی کی نمائندگی کرنے والی دیگر یادگاری اشیا بھی شامل ہیں، جن میں امبا جی مندر، سومناتھ مندر اور دوارکا دھیش جی کی شبیہیں؛ ایک روایتی بھوجوڑی شال اور لپن آرٹ؛ ایمز راجکوٹ کا ایک ماڈل؛ اڈالج کی باؤلی کا لکڑی کا تہوں والا فنِ تعمیر کا یادگاری نمونہ؛ اور ٹاٹا الیکٹرانکس کی یادگاری سیمی کنڈکٹر تختی بعنوان ”چرخہ ٹو چپس“ شامل ہیں۔
وزیرِ اعظم کی یادگاری اشیا کی ای-نیلامی کا آٹھواں ایڈیشن 17 ستمبر 2026 سے شروع ہوا، جس میں پورے بھارت سے کل 1,498 یادگاری اشیا پیش کی گئی ہیں، جو ملک کی متنوع فنی روایات، روایتی دستکاری، ثقافتی اطوار، روحانی روایات اور کھیلوں کی کام یابیوں کی نمائندگی کرتی ہیں۔
یہ نیلامی وزارتِ ثقافت کے ذریعے نیشنل گیلری آف ماڈرن آرٹ (این جی ایم اے)، نئی دہلی کے توسط سے منعقد کی جاتی ہے۔ یہ پہل شہریوں، جمع کرنے والوں، اداروں اور فن کے شائقین کو وزیرِ اعظم کو مختلف مواقع پر پیش کیے گئے منفرد یادگاری نشانات حاصل کرنے کا موقع فراہم کرتی ہے۔
پی ایم یادگاری نشانات کی ای-نیلامی سے حاصل ہونے والی رقم نمامی گنگے پروگرام کی حمایت کرے گی، جو دریائے گنگا اور اس کے ایکو سسٹم کے تحفظ، احیا اور حفاظت کے لیے وقف ایک قومی مشن ہے۔ یہ پہل بھارت کے ثقافتی ورثے کو ایک اہم قومی ماحولیاتی مشن سے جوڑتی ہے۔
وزیرِ اعظم کے یادگاری تحائف کی ای-نیلامی، جو جنوری 2019 میں شروع ہوئی تھی، نے اپنے گذشتہ ایڈیشنوں کے ذریعے نمامی گنگے پروجیکٹ کے لیے 50 کروڑ روپے سے زیادہ کی رقم جمع کی ہے۔
وزیرِ اعظم کے یادگاری تحائف کی ای-نیلامی 2026 سرکاری پورٹل https://pmmementos.gov.in/#/ کے ذریعے آن لائن منعقد کی جا رہی ہے۔
***
(ش ح - ع ا)
U.No. 3878
(ریلیز آئی ڈی: 2313192)
وزیٹر کاؤنٹر : 7