نائب صدر جمہوریہ ہند کا سکریٹریٹ
نائب صدر جمہوریہ جناب سی پی رادھا کرشنن نے 38ویں پونے فیسٹیول کا افتتاح کیا
ملک کو اپنی تاریخ اور اپنے ہیروز کی قربانیوں کو کبھی فراموش نہیں کرنا چاہیے : نائب صدر جمہوریہ
نائب صدر جمہوریہ نے چھترپتی شیواجی مہاراج، لوک مانیہ تلک، مہاتما پھولے، ساوتری بائی پھولے اور ڈاکٹر بی آر امبیڈکر کی وراثت کو یاد کیا
’’ہندو دھرم اور تہذیبی ورثے کے تحفظ میں چھترپتی شیواجی مہاراج کی خدمات کو یاد رکھنا چاہیے‘‘: نائب صدر جمہوریہ
نائب صدر جمہوریہ نے بانی سریش کلماڈی پونے فیسٹیول لائف ٹائم اچیومنٹ ایوارڈ جناب موہن جوشی کو پیش کیا
’’ترقی ورثے کے تحفظ کے ساتھ ساتھ ہونی چاہیے‘‘: نائب صدر جمہوریہ نے وزیر اعظم کے ’’وکاس بھی، وراثت بھی‘‘ کے وژن کا اعادہ کیا
پوسٹ کرنے کی تاریخ:
18 SEP 2026 8:02PM by PIB Delhi
نائب صدر جمہوریہ جناب سی پی رادھا کرشنن نے آج پونے کے شری گنیش کلا کریڑا رنگ منچ میں 38ویں پونے فیسٹیول کا افتتاح کیا۔
اس موقع پر مہاراشٹر کے گورنر جناب جیشنو دیو ورما، نائب وزیر اعلیٰ محترمہ سونیترا پوار، اعلیٰ اور تکنیکی تعلیم کے وزیر جناب چندرکانت پاٹل، ثقافتی امور کے وزیر جناب آشیش شیلار، رکن پارلیمنٹ محترمہ ہیما مالنی، رکن پارلیمنٹ ڈاکٹر میدھا کلکرنی اور سابق مرکزی وزیر داخلہ جناب سشیل کمار شندے سمیت دیگر شخصیات موجود تھیں۔
نائب صدر جمہوریہ نے کہا کہ قوم کو اپنی تاریخ اور اپنے ہیروز کی عظیم قربانیوں کو کبھی فراموش نہیں کرنا چاہیے۔ چھترپتی شیواجی مہاراج کی دیرپا وراثت کا ذکر کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ہندو دھرم اور ہندوستان کے تہذیبی ورثے کے تحفظ میں ان کی خدمات کو ہمیشہ یاد رکھا جانا چاہیے۔ انہوں نے مہاراشٹر اور تمل ناڈو کے درمیان گہرے تاریخی اور ثقافتی رشتوں کو بھی اجاگر کیا اور کہا کہ مراٹھا رہنماؤں کی وجہ سے تمل ادبی تخلیقات تھنجاوور کی سرسوتی محل لائبریری میں محفوظ رہیں۔
انہوں نے لوک مانیہ تلک، مہاتما جیوتی با پھولے، کرانتی جیوتی ساوتری بائی پھولے اور بابا صاحب بی آر امبیڈکر کو بھی خراج عقیدت پیش کیا۔
پونے کے بڑھتے ہوئے عالمی تشخص کی ستائش کرتے ہوئے نائب صدر جمہوریہ نے افتتاحی اجلاس میں بین الاقوامی طلبہ کی کارکردگی کو خصوصی طور پر سراہا۔ انہوں نے کہا کہ تقریباً 20 ممالک کے طلبہ نے روایتی گنیش پوجا پروگرام میں حصہ لیا، جو ’’وَسودھیو کٹمبکم‘‘ کے جذبے کا خوبصورت مظہر ہے۔
نائب صدر جمہوریہ نے کہا کہ پونے نے تعلیم، صنعت، کھیل، انفارمیشن ٹیکنالوجی، آٹوموبائل مینوفیکچرنگ، سیاحت اور باغبانی کے ایک بڑے مرکز کی حیثیت حاصل کرلی ہے، جبکہ اس نے اپنی ثقافتی شناخت بھی برقرار رکھی ہے۔ انہوں نے پونے کو ’’فیسٹیولز کا شہر‘‘ بنانے میں پونے فیسٹیول کے اہم کردار کا ذکر کرتے ہوئے اس کے بانی آنجہانی جناب سریش کلماڈی کے وژن کو سراہا۔
نوجوان اور ابھرتے ہوئے فن کاروں پر فیسٹیول کی توجہ کو سراہتے ہوئے نائب صدر جمہوریہ نے ’’اُگتے تارے‘‘ اور ’’اندر دھنُش‘‘ جیسے پروگراموں کا ذکر کیا۔ انہوں نے ’’مہیلا مہوتسو‘‘ کی بھی تعریف کی، جس نے خواتین فن کاروں کو اپنی صلاحیت اور تخلیقی صلاحیتوں کے اظہار کے لیے ایک پلیٹ فارم فراہم کیا ہے۔
ہندوستان کے تہذیبی ورثے سے جڑے رہنے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے جناب سی پی رادھا کرشنن نے کہا کہ ترقی ورثے کے تحفظ کے ساتھ ساتھ ہونی چاہیے۔ وزیر اعظم جناب نریندر مودی کے ’’وکاس بھی، وراثت بھی‘‘ کے وژن کا حوالہ دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ جدیدیت اور تکنیکی ترقی کے لیے روایات اور ثقافتی اقدار کی قربانی دینا ضروری نہیں ہے۔
نائب صدر جمہوریہ نے کہا کہ ’وکست بھارت‘ کا وژن صرف اقتصادی ترقی اور بنیادی ڈھانچے تک محدود نہیں ہے بلکہ اس میں تہذیبی ورثے سے جڑے ایک جامع اور مساوی معاشرے کی تعمیر بھی شامل ہے۔ انہوں نے کہا کہ پونے فیسٹیول جیسے پروگرام ثقافتی تبادلے، سیاحت، مقامی صلاحیتوں اور قومی یکجہتی کو فروغ دے سکتے ہیں۔
اپنے خطاب کے اختتام پر جناب سی پی رادھا کرشنن نے بھگوان گنیش سے ملک میں مسلسل اتحاد، ہم آہنگی اور خدمت کے لیے دعا کی اور امید ظاہر کی کہ پونے فیسٹیول ہندوستان کی مشترکہ ثقافت کا جشن منانے، نوجوان صلاحیتوں کی حوصلہ افزائی، خواتین کو بااختیار بنانے، سیاحت کو فروغ دینے اور قومی یکجہتی کو مضبوط بنانے کا سلسلہ جاری رکھے گا۔
نائب صدر جمہوریہ نے تجربہ کار اداکار جناب موہن جوشی کو ’بانی سریش کلمادی پونے فیسٹیول لائف ٹائم اچیومنٹ ایوارڈ‘ بھی پیش کیا۔ یہ ایوارڈ ہندوستانی سنیما اور پرفارمنگ آرٹس کے شعبے میں ان کی نمایاں خدمات کے اعتراف میں دیا گیا۔
************
ش ح ۔ م د ۔ م ص
(U :3765 )
(ریلیز آئی ڈی: 2312263)
وزیٹر کاؤنٹر : 6