نائب صدر جمہوریہ ہند کا سکریٹریٹ
نائب صدر جمہوریہ جناب سی پی رادھاکرشنن نے گوردھن داس سیکسریا کالج آف یوگا اینڈ کلچرل سنتھیسس کی پلاٹینم جوبلی تقریبات سے خطاب کیا
”اچھی میراث کبھی ختم نہیں ہوتی، بلکہ نسلوں کو متاثر کرتی رہتی ہے“: نائب صدر نے کیولیہ دھام کی پائیدار میراث کو سراہا
”یوگا کسی ایک نسل کے لیے نہیں، بلکہ آنے والی ہر نسل کے لیے ہے“: نائب صدر
”یوگا ذہن اور جسم کے درمیان خلیج کو پُر کرنےمیں مدد کرتا ہے“: نائب صدر
”معلومات کی بھرمار کے دور میں یوگا ہمیں رکنے، توجہ مرکوز کرنے اور اپنے آپ سے دوبارہ جڑنے میں مدد دیتا ہے“: نائب صدر
پوسٹ کرنے کی تاریخ:
18 SEP 2026 4:42PM by PIB Delhi
نائب صدر جمہوریہ جناب سی پی رادھاکرشنن نے آج مہاراشٹر کے لوناولا میں کیولیہ دھام میں گوردھن داس سیکسریا کالج آف یوگا اینڈ کلچرل سنتھیسس کی پلاٹینم جوبلی تقریبات سے خطاب کیا۔
انہوں نے یوگا کی تعلیم، تحقیق اور ثقافتی ہم آہنگی کے لیے 75 سال کی وقف خدمت مکمل کرنے پر کالج کو مبارکباد دی۔ انہوں نے کہا کہ یہ موقع اس لیے بھی خاص اہمیت رکھتا ہے کہ کیولیہ دھام نے بھی یوگا کے لیے وقف خدمت کے 100 سال مکمل کر لیے ہیں۔
نائب صدر نے 1924 میں کیولیہ دھام کی بنیاد رکھنے والے سوامی کوولیا نند کی خدمات کو یاد کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے ایسے وقت میں یوگا کے سائنسی مطالعے کی بنیاد رکھی جب اسے بڑے پیمانے پر ایک صوفیانہ عمل کے طور پر دیکھا جاتا تھا۔ انہوں نے زور دیا کہ ماضی کی میراث کو محفوظ رکھنے کے ساتھ ساتھ اسے آنے والی نسلوں تک پہنچایا جانا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ ”یوگا کسی ایک نسل کے لیے نہیں، بلکہ آنے والی ہر نسل کے لیے ہے۔“
جناب سی پی رادھاکرشنن نے یوگا کی عالمی سطح پر بڑھتی ہوئی مقبولیت کو اجاگر کرتے ہوئے وزیر اعظم جناب نریندر مودی کی جانب سے یوگا کے پیغام کو بین الاقوامی سطح تک پہنچانے کے لیے مسلسل کی جانے والی کوششوں کا ذکر کیا۔ انہوں نے کہا کہ آج مختلف ممالک، ثقافتوں اور معاشروں میں یوگا کیا جا رہا ہے۔
نائب صدر نے کہا کہ تکنیکی ترقی اور ڈیجیٹل رابطے نے زندگی کو تیزی سے مصروف اور برق رفتار بنا دیا ہے، ایسے میں یوگا ہمیں رکنے، توجہ مرکوز کرنے، غور و فکر کرنے اور خود سے دوبارہ جڑنے کا موقع فراہم کرتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ یوگا ذہن اور جسم کے درمیان فاصلے کو کم کرنے اور جسمانی و ذہنی صحت و تندرستی کو فروغ دینے میں مدد کرتا ہے۔
نوجوان طلبہ سے خطاب کرتے ہوئے جناب سی پی رادھاکرشنن نے کہا کہ ہندوستان کے نوجوانوں میں بے پناہ توانائی، صلاحیت اور امنگ موجود ہے، جو نظم و ضبط اور شعور کے ساتھ مل کر اپنی پوری صلاحیت حاصل کرتی ہے۔ پتنجلی کے ’چِت وِرتی نِرودھ‘ کے تصور کا حوالہ دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ مسلسل اطلاعات اور معلومات کی بھرمار کے دور میں ذہن کو پرسکون رکھنے اور توجہ مرکوز کرنے کی صلاحیت خاص طور پر اہم ہے۔
نائب صدر نے کہا کہ نیک نیتی اور معاشرے کی فلاح و بہبود کے لیے مخلصانہ عزم کے ساتھ کی جانے والی کوئی بھی کوشش دیرپا میراث چھوڑ سکتی ہے۔ اچھی میراث کبھی ختم نہیں ہوتی، بلکہ آنے والی نسلوں کو متاثر کرتی اور انہیں فائدہ پہنچاتی رہتی ہے۔ کیولیہ دھام کا ایک صدی پر محیط سفر اس پائیدار حقیقت کا جیتا جاگتا ثبوت ہے۔
نائب صدر نے کالج کے ٹرسٹیوں، پرنسپل، اساتذہ، طلبہ اور سابق طلبہ کو مبارکباد دی اور سوامی کوولیا نند کے وژن اور سیٹھ مکھن لال سیکسریا کی خدمات کو خراج عقیدت پیش کیا۔
اس موقع پر نائب صدر نے جناب او پی تیواری کی کتاب ”یوگا ایکسپلینڈ – لرن فرام دی ماسٹر“ کا بھی اجرا کیا۔ انہوں نے کیمپس کا دورہ کیا اور طلبہ سے بات چیت کی اور انہیں یوگا کے ذریعے نظم و ضبط، یکسوئی اور خود آگہی کی اقدار اپنانے کی ترغیب دی۔
اس موقع پر مہاراشٹر کے گورنر جناب جِشنو دیو ورما، سابق مرکزی وزیر اور کیولیہ دھام گلوبل کے چیئرمین جناب سریش پربھو، کیولیہ دھام گلوبل کے سی ای او جناب سوبودھ تیواری، چیف سرپرست جناب راکیش سیکسریا، اساتذہ، طلبہ، سابق طلبہ اور دیگر معززین موجود تھے۔
***
ش ح۔ش ت ۔ م الف
U. No- 3802
(ریلیز آئی ڈی: 2312170)
وزیٹر کاؤنٹر : 6