وزارات ثقافت
وزیرِ اعظم جناب نریندر مودی کی سالگرہ کے موقع پر وزارتِ ثقافت کی جانب سے پرانا قلعہ میں ’آشیرواد کا دیہ‘ پروگرام کا انعقاد
وزیرِ اعظم کی قیادت میں ملک کے عوام کا اعتماد مضبوط ہوا ہے اور عوامی شراکت سے ترقی کو آگے بڑھانے کی کوششیں کی گئی ہیں: جناب گجیندر سنگھ شیخاوت
پوسٹ کرنے کی تاریخ:
18 SEP 2026 10:29AM by PIB Delhi
وزیرِ اعظم جناب نریندر مودی کی سالگرہ کے موقع پر وزارتِ ثقافت نے 17 ستمبر 2026 کو نئی دہلی کے پرانا قلعہ میں ’آشیرواد کا دیہ‘ پروگرام کا انعقاد کیا۔مرکزی وزیر ثقافت و سیاحت جناب گجیندر سنگھ شیخاوت نے ’سیوا سنکلپ ابھیان‘ کے تحت منعقد ہونے والے اس پروگرام کا افتتاح ’آشیرواد کا دیہ‘ روشن کرکے کیا۔ اس موقع پر ’بھارت ماتا کی جے‘ کے نعروں کے ساتھ پروگرام کا آغاز کیا گیا۔

اپنے خطاب میں مرکزی وزیر جناب گجیندر سنگھ شیخاوت نے کہا کہ ’آشیرواد کا دیہ‘ محض ایک چراغ نہیں بلکہ عوام کی خواہشوں، خدمت، تشکر اور ’وکست بھارت‘ کے عزم کی قوت کی علامت ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہندوستان ثقافت میں دیہ دوسروں کی زندگیوں میں روشنی پھیلانے کے لیے خود جلنے، تاریکی کو دور کرنے اور عوامی فلاح کی راہ ہموار کرنے کا پیغام دیتا ہے۔ اسی جذبے کے تحت یہ دیہ ملک کی خدمت کے لیے اجتماعی عزم کی علامت بھی ہے۔
مرکزی وزیر نے وزیرِ اعظم جناب نریندر مودی کو سالگرہ کی مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ ان کی عوامی زندگی قومی مفاد اور عوامی خدمت کے لیے وقف رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ بچپن سے لے کر آج تک، انہیں جس بھی ذمہ داری میں کام کرنے کا موقع ملا، انہوں نے پوری لگن اور خدمت کے جذبے کے ساتھ، ملک کو مقدم رکھتے ہوئے فرائض انجام دیے۔ انہوں نے مزید کہا کہ گجرات کے وزیرِ اعلیٰ کا منصب سنبھالنے سے لے کر ملک کے وزیرِ اعظم کی حیثیت سے قیادت کرنے تک، قومی خدمت، عوامی فلاح اور ترقی کے لیے ان کا عزم مسلسل برقرار رہا ہے۔
جناب شیخاوت نے وزیرِ اعظم کے ساتھ اپنے کام کے تجربے کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ وزیرِ اعظم کے ساتھ کام کرنے کا موقع ملنا ان کی عوامی زندگی کا ایک قابلِ اعزاز تجربہ رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ انہوں نے جناب نریندر مودی کو صرف وزیرِ اعظم کی حیثیت سے نہیں بلکہ ایک وقف کارکن، سادھو، مخلص اور منتظم کے طور پر بھی دیکھا ہے۔ ان کے مطابق وزیرِ اعظم اپنے طرزِ عمل، کام کرنے کے انداز اور رہنمائی کے ذریعے ہر سطح پر لوگوں کو تحریک دیتے ہیں اور عوامی عہدے کو وقار یا منصب کی علامت نہیں بلکہ ذمہ داری اور خدمت کا ذریعہ سمجھتے ہیں۔
مرکزی وزیر نے کہا کہ وزیرِ اعظم کے طرزِ حکمرانی کی بنیاد نتائج پر مبنی گورننس پرقائم ہے۔ ان کے مطابق سرکاری اسکیموں کا جائزہ صرف طریقۂ کار یا اعداد و شمار کی بنیاد پر نہیں بلکہ معاشرے پر ان کے حقیقی اثرات اور آخری فرد تک پہنچنے والے فائدے کی بنیاد پر لیا جاتا ہے۔ مرکزی وزیر نے مزید کہا کہ وزیرِ اعظم کا واضح مؤقف ہے کہ محض فائل کو آگے بڑھانا کام کی تکمیل نہیں، بلکہ اس کے نتیجے میں عوامی فلاح کے لیے حاصل ہونے والے نتائج ہی اچھی حکمرانی کا اصل پیمانہ ہیں۔

جناب گجیندر سنگھ شیخاوت نے کہا کہ 2014 کے بعد ہندوستان نے ترقی اور بہتر حکمرانی کے نئے سفر کا تجربہ کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ وزیرِ اعظم کی قیادت میں ملک میں عوام کے اعتماد کو مضبوط کیا گیا ہے اور عوامی شراکت سے ترقی کو آگے بڑھانے کی کوششیں کی گئی ہیں۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ وزیرِ اعظم کاخیال ہے کہ ’وراثت اور ترقی‘ ایک دوسرے کے متضاد نہیں بلکہ باہم معاون ہیں اور ’وکست بھارت‘ کی تعمیر میں دونوں کا یکساں کردار ہے۔
اسی تناظر میں مرکزی وزیر نے کہا کہ وزارتِ ثقافت وزیرِ اعظم کی رہنمائی میں ’وکاس بھی، وِراثت بھی‘ کے عزم کے ساتھ کام کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہندوستان کی کلاسیکی، لوک اور روایتی ثقافتی روایات ہمارے تہذیبی شعور کی انمول وراثت ہیں اور ان کا تحفظ، فروغ اور نئی نسل تک منتقلی وزارت کی ترجیحات میں شامل ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ اپنی وراثت سے تحریک حاصل کرنے والا معاشرہ ہی ’وکست بھارت‘ کے ہدف کی جانب اعتماد اور فخر کے ساتھ آگے بڑھ سکتا ہے۔
اپنے خطاب میں جناب گجیندر سنگھ شیخاوت نے حال ہی میں منعقد ہونے والی برکس سربراہی کانفرنس کا بھی ذکر کرتے ہوئے کہا کہ عالمی سطح پر ہندوستان کا کردار اور دنیا کا بھارت پر بڑھتا ہوا اعتماد ملک کی فیصلہ کن قیادت اور قومی مفاد کے تئیں اس کے عزم کی عکاسی کرتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ مشکل حالات اور مشکلات کے باوجود ہندوستان نے قومی مفاد کو اولین ترجیح دیتے ہوئے عالمی برادری کے سامنے اپنا مؤثر کردار قائم کیا ہے۔
تقریب میں سنگیت ناٹک اکادمی، کتھک کیندر، نیشنل اسکول آف ڈرامہ، للت کلا اکادمی اور زونل کلچرل سینٹر کے فنکاروں اور طلبہ نے بھارتی کلاسیکی اور ثقافتی روایات پر مبنی فن کی نمائش کی ۔ پروگرام کے بعد مرکزی وزیر نے فنکاروں، طلبہ، نیشنل کلچر فنڈ، ’اڈیپٹ اے ہیریٹیج‘ پہل اور دیگر متعلقہ فریقوں کے نمائندوں سے ملاقات کی اور ہندوستانی ثقافتی ورثے کے تحفظ اور فروغ میں ان کی خدمات کی ستائش کی۔
پروگرام’آشیرواد کا دیہ‘ کا اختتام اجتماعی طور پرشمع روشن کرنے کے ساتھ ہوا۔ اس موقع پر خدمت، ثقافت، ملک کی تعمیر اور امرت کال میں ’وکست بھارت 2047‘ کے عزم کا اعادہ کیا گیا۔
********
(ش ح ۔م ش ع ۔ت ا )
U. No.3763
(ریلیز آئی ڈی: 2311856)
وزیٹر کاؤنٹر : 4