بندرگاہوں، جہاز رانی اور آبی راستوں کی وزارت
azadi ka amrit mahotsav

جناب سربانند سونووال نے قومی بحری ورثہ کمپلیکس سوسائٹی کی گورننگ کونسل کے دوسرے اجلاس کی صدارت کی، لوتھل میں پیش رفت کا جائزہ لیا


مرحلہ 1 اے میں 82 فیصد سے زائد تعمیراتی کام مکمل، ہندوستان کے بحری ورثے کے منصوبے کے لیے 13 ممالک نے مفاہمت ناموں پر دستخط کیے

این ایم ایچ سی لوتھل کے لیے عالمی تعاون کو 35 سے زائد ممالک تک وسعت دینے کی  کوششیں جاری

پوسٹ کرنے کی تاریخ: 11 SEP 2026 8:08PM by PIB Delhi

بندرگاہوں، جہاز رانی اور آبی گزرگاہوں کے مرکزی وزیر  جناب سربانند سونووال نے قومی بحری ورثہ کمپلیکس (این ایم ایچ سی) سوسائٹی کی گورننگ کونسل کے دوسرے اجلاس کی صدارت کی۔ اجلاس میں گجرات کے لوتھل میں زیر تعمیر اس اہم منصوبے کی پیش رفت کا جائزہ لیا گیا، جس کا مقصد پانچ ہزار سال سے زیادہ پرانے ہندوستانی بحری ورثے کو محفوظ کرنا اور دنیا کے سامنے پیش کرنا ہے۔

جناب  سونووال نے این ایم ایچ سی کو حکومت ہند کی جانب سے شروع کیے گئے سب سے اہم ثقافتی اور بحری منصوبوں میں سے ایک قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس کا مقصد لوتھل کو بحری ورثے، علم، تعلیم اور سیاحت کے عالمی مرکز کے طور پر ترقی دینا ہے۔ انہوں نے کہا کہ جون 2025 میں گورننگ کونسل کے پہلے اجلاس میں منصوبے کے لیے واضح وژن اور سمت طے کی گئی تھی۔

مرکزی وزیر نے بتایا کہ سوسائٹی نے انکم ٹیکس چھوٹ، کارپوریٹ سماجی ذمہ داری (سی ایس آر) اور درپن رجسٹریشن سمیت اہم قانونی رجسٹریشن مکمل کرلیے ہیں، جس سے مستقبل میں وسائل حاصل کرنے کے لیے ادارہ جاتی ڈھانچہ مضبوط ہوا ہے۔ منصوبے کو عالمی سطح پر بھی مثبت ردعمل ملا ہے۔ پرتگال، متحدہ عرب امارات، ویتنام، تھائی لینڈ، نیدرلینڈز، ڈنمارک، عمان، اسرائیل، جرمنی، جمہوریہ کوریا، اٹلی، نیوزی لینڈ اور سنگاپور سمیت 13 ممالک نے تعاون کے لیے مفاہمت کی یادداشتوں پر دستخط کیے ہیں، جبکہ مزید کئی ممالک کے ساتھ بات چیت جاری ہے اور 35 سے زائد شراکت داریوں کا منصوبہ ہے۔

جناب  سونووال نے کہا کہ ان شراکت داریوں کے ذریعے نوادرات، نقل نمونے، بحری جہازوں کے ماڈل، تحقیقی تعاون اور ثقافتی تبادلے کو فروغ مل رہا ہے، جس سے این ایم ایچ سی بحری سفارت کاری کا ایک مؤثر ذریعہ بن رہا ہے۔

اجلاس میں بتایا گیا کہ منصوبے کے مرحلہ 1 اے کا تقریباً 82 فیصد کام مکمل ہوچکا ہے۔ وزیرموصوف نے عمل درآمد کرنے والی ایجنسیوں کو ہدایت دی کہ 31 اکتوبر 2026 کی نظرثانی شدہ تکمیل کی مدت کو یقینی بنانے کے لیے سخت نگرانی برقرار رکھی جائے۔ انہوں نے گیلری 4 اور 6، لوتھل ٹاؤن اور آبی تھیمنگ سمیت باقی کام جلد مکمل کرنے پر زور دیا۔ تنصیب کے لیے 1,492 نوادرات بھی تیار ہیں اور وزیرموصوف نے نمائشوں کو لوگوں کے لیے بروقت شروع کرنے کی خاطر ضروری منظوریوں میں تیزی لانے کی ہدایت کی۔

کونسل نے مرحلہ 1 بی اور مرحلہ 2 کے منصوبوں کا بھی جائزہ لیا، جن میں مزید گیلریاں، 5 ڈی ڈوم تھیٹر، کوسٹل اسٹیٹس پویلین، لائٹ ہاؤس میوزیم، میری ٹائم ریسرچ انسٹی ٹیوٹ، میوزیوٹل اور ایکو ریزورٹ شامل ہیں۔ لائٹ ہاؤس میوزیم ڈائریکٹوریٹ جنرل آف لائٹ ہاؤسز اینڈ لائٹ شپز کے تعاون سے تیار کیا جائے گا، جبکہ میری ٹائم ریسرچ انسٹی ٹیوٹ انڈین میری ٹائم یونیورسٹی کے ساتھ مل کر قائم کیا جائے گا۔ سونووال نے کہا کہ مجوزہ لائٹ ہاؤس میوزیم دنیا کا سب سے بلند لائٹ ہاؤس میوزیم بننے کی صلاحیت رکھتا ہے۔

گورننگ کونسل نے بیرونی بنیادی ڈھانچے کی پیش رفت کا بھی جائزہ لیا۔ دھولیرا ایکسپریس وے مکمل ہوچکا ہے، ہائی اسپیڈ ریل کوریڈور کا منصوبہ حتمی شکل اختیار کرچکا ہے، جبکہ لوتھل میں آرکیالوجیکل سروے آف انڈیا کی جانب سے جاری کھدائی کا تقریباً 70 فیصد کام مکمل ہوگیا ہے۔ گجرات حکومت رابطہ، بجلی، پانی اور زائرین کی سہولیات کے لیے مسلسل تعاون فراہم کر رہی ہے۔ اجلاس میں این ایم ایچ سی کے مجوزہ ضوابط کو بھی منظوری دی گئی، جس سے سوسائٹی کے مکمل طور پر فعال ادارے میں منتقلی کے لیے انتظامی ڈھانچہ فراہم ہوگا۔

جناب سونووال نے منصوبے کی پیش رفت کا سہرا وزیراعظم جناب نریندر مودی کے وژن کے سر باندھتے ہوئے کہا کہ ان کی قیادت میں ہندوستان کے بحری ورثے کو قومی پالیسی میں مرکزی مقام حاصل ہوا ہے۔ انہوں نے کہا، ’’ہم لوتھل میں صرف ایک میوزیم تعمیر نہیں کر رہے، بلکہ ہندوستان کی پانچ ہزار سالہ بحری تہذیب کو دوبارہ زندہ کرکے دنیا کے سامنے پیش کر رہے ہیں۔‘‘

مرکزی وزیر نے این ایم ایچ سی ٹیم، آئی پی آر سی ایل، گجرات حکومت، ہندوستانی بحریہ، انڈین میری ٹائم یونیورسٹی، بڑی بندرگاہوں اور متعلقہ وزارتوں کی خدمات کو سراہا۔ انہوں نے اعتماد ظاہر کیا کہ اجتماعی کوشش، مربوط کارروائی اور گورننگ کونسل کی مسلسل رہنمائی سے قومی بحری ورثہ کمپلیکس ہندوستان کے بحری ورثے اور مستقبل کے عزائم کی عکاسی کرنے والی عالمی شناخت بن کر ابھرے گا۔

 

 

************

ش ح ۔   م  د ۔  م  ص

(U :  3331)


(ریلیز آئی ڈی: 2309330) وزیٹر کاؤنٹر : 7
یہ ریلیز پڑھیں: English , हिन्दी , Gujarati