وزیراعظم کا دفتر
azadi ka amrit mahotsav

وزیر اعظم کی برکس سربراہی اجلاس کے موقع پر روسی صدر سے ملاقات

پوسٹ کرنے کی تاریخ: 11 SEP 2026 5:28PM by PIB Delhi

وزیر اعظم جناب نریندر مودی نے آج نئی دہلی میں منعقدہ 18ویں برکس سربراہی اجلاس کے موقع پر روسی فیڈریشن کے صدر عالی جناب ولادیمیر پوتن سے ملاقات کی۔ رواں سال دونوں رہنماؤں کی یہ دوسری ملاقات تھی۔ اس سے قبل دونوں رہنماؤں کی ملاقات 31 اگست 2026 کو بشکیک میں 26ویں شنگھائی تعاون تنظیم (ایس سی او )سربراہی اجلاس کے موقع پر ہوئی تھی۔

دونوں رہنماؤں نے سیاسی، اقتصادی، دفاع، توانائی، خلائی شعبے، ہنرمند افرادی قوت کی نقل و حرکت اور عوامی سطح کے باہمی روابط سمیت دوطرفہ تعاون میں ہونے والی پیش رفت کا جائزہ لیا۔ دونوں نے روس کی بین الاقوامی صنعتی نمائش ’’اِنّوپروم انڈیا‘‘ کا خیرمقدم کیا، جو پہلی مرتبہ ہندوستان میں 9 سے 11 ستمبر 2026 تک منعقد ہوئی۔ انہوں نے تجارت اور صنعتی روابط کو مزید وسعت دینے میں اس کی اہمیت پر زور دیا۔ دونوں رہنماؤں نے اِنّوپروم انڈیا نمائش کا بھی دورہ کیا اور شرکاء سے تبادلۂ خیال کیا۔

دونوں رہنماؤں نے کثیرجہتی سطح پر ہندوستان اور روس کے باہمی روابط، خصوصاً 2026 میں ہندوستان کی صدارت میں برکس کے تحت تعاون پر بھی تبادلۂ خیال کیا۔ انہوں نے باہمی دلچسپی کے اہم علاقائی اور عالمی امور پر بھی اپنے نقطۂ نظر کا تبادلہ کیا، جن میں مغربی ایشیا اور بحیرۂ اسود کے خطے کے تنازعات شامل ہیں، جن کے باعث بحری تجارت اور ہندوستانی ملاحوں کی سلامتی و تحفظ  پراثر پڑا  ہے۔ وزیر اعظم نے ایک بار پھر اس بات پر زور دیا کہ تنازعات کے حل کا راستہ مذاکرات اور سفارت کاری ہی ہے اور ہندوستان امن کی کوششوں میں تعاون کے لیے تیار ہے۔

دونوں رہنماؤں نے اس بات پر اتفاق کیا کہ دونوں ممالک کے درمیان خصوصی اور مراعات یافتہ اسٹریٹجک شراکت داری کو مزید مضبوط بنانے کے لیے باہمی رابطے جاری رکھے جائیں گے۔ یہ شراکت داری مسلسل نمایاں ترقی کر رہی ہے اور جغرافیائی سیاسی غیر یقینی صورتِ حال کے باوجود اس نے مضبوط  پائیداری کا مظاہرہ کیا ہے۔

صدر پوتن نے وزیراعظم کو 24ویں ہند-روس سالانہ سربراہی اجلاس میں شرکت کے لیے روس کا دورہ کرنے کی دعوت دی، جسے وزیراعظم نے قبول کر لیا۔ سربراہی اجلاس کی تاریخ کا فیصلہ دونوں ممالک کی باہمی سہولت کے مطابق سفارتی ذرائع سے کیا جائے گا۔

*****

ش ح۔ م م۔ ش ب ن

U.No. 3322


(ریلیز آئی ڈی: 2309255) وزیٹر کاؤنٹر : 14