محنت اور روزگار کی وزارت
azadi ka amrit mahotsav

ممبئی میں تعمیرات اور دیگر تعمیرات سے وابستہ مزدوروں (بی او سی ڈبلیو) سے متعلق دو روزہ قومی کانفرنس کل سے شروع ہوگی


ریاستیں اور مرکز کے زیر انتظام علاقے تعمیرات اور دیگر تعمیرات سے وابستہ مزدوروں کے لیے ڈیجیٹل اور ٹیکنالوجی پر مبنی اقدامات کے نفاذ میں تیزی لائیں گے

نو ریاستیں/مرکز کے زیر انتظام علاقے ریاستی بی او سی ڈبلیو ڈیجیٹل لیبر چوک کا آغاز کریں گے؛ مدھیہ پردیش اور مغربی بنگال آن لائن بی او سی ڈبلیو سیس وصولی پورٹل شروع کریں گے

بہار اور مغربی بنگال میں لیبر چوک-اور-سہولت مراکز کا افتتاح کیا جائے گا

پوسٹ کرنے کی تاریخ: 10 SEP 2026 3:43PM by PIB Delhi

حکومت ہند کی محنت و روزگار کی وزارت،   مہاراشٹرا حکومت کے اشتراک سے 11 اور 12 ستمبر 2026 کو ممبئی میں تعمیرات اور دیگر تعمیرات سے وابستہ مزدوروں (بی او سی ڈبلیو) سے متعلق قومی کانفرنس کا انعقاد کر رہی ہے۔ اس کانفرنس کی صدارت امور محنت و روزگار اور نوجوانوں کے امور و کھیل کے مرکزی وزیر ڈاکٹر منسکھ منڈاویہ کریں گے۔

کانفرنس میں محنت و روزگار اور بہت چھوٹی، چھوٹی و درمیانہ درجے کی صنعتوں کی مرکزی وزیر مملکت محترمہ شوبھا کرندلاجے، ریاستوں/مرکز کے زیر انتظام علاقوں کے محنت کے وزرا اور سینئر افسران، بی او سی ڈبلیو بہبود بورڈز کے چیئرمین اور سکریٹریز، نیز مرکزی اور ریاستی حکومتوں کے سینئر افسران شرکت کریں گے۔

کانفرنس میں نومبر 2025 میں نئی دہلی میں منعقدہ قومی محنت کانفرنس میں شروع کیے گئے تین اہم اقدامات پر پیش رفت کا بھی جائزہ لیا جائے گا۔ ان میں ریاستی بی او سی ڈبلیو ڈیجیٹل لیبر چوک، لیبر چوک-کم-سہولت مراکز اور آن لائن بی او سی ڈبلیو سیس وصولی پورٹل شامل ہیں۔ ان اقدامات کا مقصد روزگار کی سہولت کو مستحکم کرنا، کارکنوں کی ضروریات پر مرکوز زیادہ باوقار اور قابل رسائی خدمات فراہم کرنا، اور سیس کی وصولی اور نگرانی میں شفافیت اور کارکردگی کو بہتر بنانا ہے۔

ریاستوں  اور مرکز کے زیر انتظام علاقوں کے ذریعہ  ڈیجیٹل لیبر چوک کا فروغ

ریاستی بی او سی ڈبلیو ڈیجیٹل لیبر چوک کے نفاذ کے تحت مہاراشٹر، تلنگانہ، دہلی، مدھیہ پردیش، جھارکھنڈ، بہار، مغربی بنگال، آندھرا پردیش اور اوڈیشہ کانفرنس کے دوران اپنی اپنی ڈیجیٹل لیبر چوک کی پہل کا آغاز کریں گے۔

ان ریاستوں اور مرکز کے زیر انتظام علاقوں کی جانب سے شروع کی جانے والی اس پہل سے تعمیراتی مزدوروں کو روزگار سے متعلق خدمات تک بہتر رسائی حاصل ہوگی۔

آن لائن بی او سی ڈبلیو سیس وصولی پورٹل

ریاستیں تعمیراتی مزدوروں کے سیس کی وصولی اور نگرانی میں شفافیت اور کارکردگی بہتر بنانے کے لیے ڈیجیٹل طریقے بھی اپنا رہی ہیں۔ مدھیہ پردیش اور مغربی بنگال آئندہ قومی کانفرنس میں آن لائن بی او سی ڈبلیو سیس وصولی پورٹل کا افتتاح کریں گے۔

اس اقدام کا مقصد سیس کی وصولی اور نگرانی کے عمل کو آسان اور منظم بنانا ہے، ساتھ ہی بی او سی ڈبلیو کے نظام کے تحت ڈیجیٹل طریقہ کار کو مزید مضبوط کرنا ہے۔

لیبر چوک اور سہولت مراکز

بہار اور مغربی بنگال کی لیبر چوک اور سہولت مراکز (ایل سی ایف سی) کی پہل کا آغاز ممبئی میں ہونے والی بی او سی ڈبلیو کانفرنس میں کیا جائے گا۔

ان مراکز کا مقصد تعمیراتی مزدوروں کے لیے روزگار اور فلاحی خدمات تک رسائی آسان بنانا اور انہیں ضروری مدد فراہم کرنا ہے۔

ریاست وار پیش رفت سے ظاہر ہوتا ہے کہ ریاستیں اور مرکز کے زیر انتظام علاقے قومی لیبر کانفرنس میں شروع کی گئی پہل کو زمینی سطح پر نافذ کرنے کے لیے کوششیں کر رہے ہیں۔ ان ریاستوں کے تجربات سے ایک دوسرے سے سیکھنے، کامیاب طریقوں کو اپنانے اور ایسے طریقہ کار کی نشاندہی کرنے کے مواقع ملیں گے جنہیں دیگر ریاستوں اور مرکز کے زیر انتظام علاقوں میں بھی اختیار اور نافذ کیا جا سکتا ہے۔

دو روزہ کانفرنس کا مقصد مرکزی حکومت، ریاستوں، مرکز کے زیر انتظام علاقوں اور بی او سی ڈبلیو فلاحی بورڈوں کے درمیان بہتر تال میل قائم کرنا، عمل درآمد میں موجود خامیوں کی نشاندہی کرنا اور ترجیحی اقدامات طے کرنا ہے، تاکہ تعمیراتی مزدوروں کو سماجی تحفظ، فلاحی سہولیات اور روزگار کے مواقع زیادہ مؤثر اور آسان طریقے سے فراہم کیے جا سکیں۔

*******

 

 (ش ح۔ع و۔ ن ع)

U- 3266

 


(ریلیز آئی ڈی: 2308776) وزیٹر کاؤنٹر : 8