پیٹرولیم اور قدرتی گیس کی وزارت
ایم سی2پلس کل گوہاٹی میں این آر ایل مرکز پر مخصوص مشترکہ کام کی جگہ اور اختراعی مرکز کا آغاز کرے گا
نئی سہولت میں 50 سے زائد ورک اسٹیشن، 16 کیبن، سرمایہ کاروں اور تکنیکی مشیروں کے لیے الگ کمرے ہوں گے، جس سے شمال مشرقی خطے میں اسٹارٹ اَپ کے ماحولیاتی نظام کو فروغ ملے گا
پوسٹ کرنے کی تاریخ:
09 SEP 2026 2:02PM by PIB Delhi
ایم سی 2 پلس کل گوہاٹی میں این آر ایل مرکز کی چھٹی منزل پر ایک کلی طور پر وقف مرکز اور مشترکہ کام کی جگہ کا آغاز کرے گا۔ یہ اقدام بھارت کے اسٹارٹ اَپ اور اختراعی نظام کو مضبوط بنانے کی اس کی کوششوں میں ایک اہم قدم ہے، جس میں خاص طور پر شمال مشرقی خطے پر توجہ مرکوز کی گئی ہے۔
گوہاٹی کے مرکزی علاقے میں واقع یہ نئی سہولت اسٹارٹ اَپس، کاروباری افراد اور اختراع کاروں کے لیے ایک پُرجوش، باہمی تعاون پر مبنی اور پیشہ ورانہ سہولیات سے آراستہ ماحول کے طور پر قائم کی گئی ہے۔ ابھرتے ہوئے کاروباری منصوبوں کی بدلتی ہوئی ضروریات کو مدنظر رکھتے ہوئے اسے اس طرح ڈیزائن کیا گیا ہے کہ جدید ترین بنیادی ڈھانچے، پیشہ ورانہ معاونت، تکنیکی مہارت، سرمایہ کاروں تک رسائی اور صنعتی روابط کی سہولت ایک ہی چھت تلے دستیاب ہو۔
اس سہولت میں 50 سے زائد کلی طور پر وقف ورک اسٹیشن، 16 کیبن، سرمایہ کاروں کے ساتھ ملاقات کے لیے 4 کمرے اور تکنیکی مشیروں کے لیے 2 کمرے موجود ہیں۔ اس کے علاوہ 2 میٹنگ روم، مکمل سہولیات سے آراستہ کیفے ٹیریا اور مشترکہ استعمال کے لیے مختلف جگہیں بھی فراہم کی گئی ہیں۔ بنیادی ڈھانچے کو ملک بھر میں قائم معروف اسٹارٹ اَپ اور اختراعی مراکز کے معیار کو مدنظر رکھتے ہوئے بہترین سہولیات کے طور پر ڈیزائن اور تیار کیا گیا ہے، تاکہ اسٹارٹ اَپس کو کام کرنے، باہمی تعاون اور ترقی کے لیے ایک پیشہ ورانہ اور جدید ماحول میسر آ سکے۔
سرمایہ کاروں کے لیے مخصوص کمروں میں بانیوں کو اپنے کاروباری خیالات پیش کرنے، ممکنہ سرمایہ کاروں سے رابطہ قائم کرنے اور مالی اعانت و تزویراتی شراکت داری کے مواقع تلاش کرنے کے لیے مناسب جگہ فراہم کی جائے گی۔ جبکہ تکنیکی مشیروں کے کمروں میں ماہرین کے ساتھ براہِ راست اور مرکوز تبادلۂ خیال کی سہولت ہوگی، جس سے اسٹارٹ اَپس کو ٹیکنالوجی کی ترقی، مصنوعات کو مزید بہتر بنانے اور تکنیکی مسائل کے حل کے سلسلے میں رہنمائی حاصل کرنے میں مدد ملے گی۔
اس سہولت کی اہمیت صرف اس کے بنیادی ڈھانچے تک محدود نہیں ہے۔ ایم سی 2 پلس اسٹارٹ اَپس کو ایک جامع معاونتی نظام تک رسائی فراہم کرے گا، جس میں متعلقہ شعبوں کے ماہرین، تکنیکی مشیر، قانونی مشیر اور مالیات و آڈٹ کے خصوصی مشیر شامل ہوں گے۔ اس کے ذریعے کاروباری افراد ٹیکنالوجی اور مصنوعات کی تیاری، دانشورانہ ملکیت، معاہدوں اور ضابطہ جاتی تقاضوں، مالی منصوبہ بندی، حسابات، آڈٹ کی تیاری، تعمیل اور کاروباری ڈھانچے کی تشکیل جیسے اہم شعبوں میں پیشہ ورانہ رہنمائی حاصل کر سکیں گے۔
باضابطہ کام کی جگہوں کے علاوہ، باہمی غیر رسمی میل جول اور روابط کو فروغ دینے کے لیے مکمل سہولیات سے آراستہ کیفے ٹیریا اور کیفے پینٹری بھی تیار کی گئی ہیں۔ یہاں کاروباری افراد وقفہ لینے، خیالات کا تبادلہ کرنے اور نئے روابط قائم کرنے کے لیے ایک سازگار ماحول حاصل کر سکیں گے، جو آگے چل کر بامعنی باہمی تعاون میں تبدیل ہو سکتے ہیں۔
اس اقدام کا مقصد ایسا ماحول فراہم کرنا ہے جہاں اسٹارٹ اَپس کو محض کام کرنے کی جگہ ہی نہیں بلکہ ایک ایسا پلیٹ فارم بھی میسر آئے جہاں وہ اپنے سفر کے مختلف مراحل میں درکار بنیادی ڈھانچے، مہارت، رہنمائی، پیشہ ورانہ مشاورت اور ضروری روابط حاصل کر سکیں۔
گوہاٹی کے این آر ایل مرکز میں ایم سی 2پلس نوڈ کا قیام گوہاٹی اور شمال مشرقی خطے میں اسٹارٹ اَپ اور اختراعی نظام کو مضبوط بنانے کی سمت ایک اہم قدم ہے۔ اس کا مقصد کاروباری افراد، ماہرین، سرمایہ کاروں اور صنعتی شعبے سے وابستہ اہم فریقوں کو ایک پلیٹ فارم پر لانا ہے، تاکہ ایسا ماحول تشکیل دیا جا سکے جہاں خیالات ابتدائی تصور سے آگے بڑھ کر تیاری، توثیق اور بڑے پیمانے پر توسیع کے مرحلے تک پہنچ سکیں۔
اس کا باضابطہ افتتاح کل، 10 ستمبر 2026 کو این آر ایل مرکز، گوہاٹی میں ہوگا۔
****
ش ح۔ا خ۔ خ م
U N-3200
(ریلیز آئی ڈی: 2308256)
وزیٹر کاؤنٹر : 9