نائب صدر جمہوریہ ہند کا سکریٹریٹ
azadi ka amrit mahotsav

نائب صدر جناب سی پی رادھا کرشنن نے موئرنگ میں آئی این اے میوزیم اور سینک اسکول امپھال کا دورہ کیا


شمال مشرقی خطہ ہندوستان کا اٹوٹ اور خوبصورت حصہ ہے؛ یہاں کے لوگوں کی محنت اور ان کی خدمات قابلِ ستائش ہیں: نائب صدر

ایک بھارت، شریشٹھ بھارت کے جذبے کو مضبوط بنانے میں سینک اسکولوں کا خصوصی کردار ہے: نائب صدر

سینک اسکول امپھال کے کیڈٹس سے نائب صدر نے زور دے کر کہا کہ وکست بھارت کی تعمیر میں اپنا کردار ادا کرنے کے لیے ہر روز اپنے فرائض انجام دیں

نائب صدر نے کیڈٹس پر زور دیا کہ وہ حب الوطنی اور دیانت داری جیسی لازوال اقدار کو ٹیکنالوجی سے آگاہی اور بدلتے حالات کے مطابق خود کو ڈھالنے کی صلاحیت کے ساتھ مربوط کریں

پوسٹ کرنے کی تاریخ: 08 SEP 2026 4:30PM by PIB Delhi

نائب صدر جناب سی پی رادھا کرشنن نے آج منی پور کے موئرنگ میں واقع آئی این اے میوزیم کا دورہ کیا اور انڈین نیشنل آرمی (آئی این اے) کی بہادری اور قربانیوں کو خراجِ عقیدت پیش کیا۔ انہوں نے اس تاریخی مقام کا دورہ کیا جہاں آئی این اے نے پہلی بار ہندوستانی سرزمین پر ترنگا لہرایا تھا اور آئی این اے وار میوزیم کی گیلری کا معائنہ کیا۔ انہوں نے نیتا جی سبھاش چندر بوس کو بھی گلہائے عقیدت نذرکئے۔

بعد ازاں نائب صدر نے سینک اسکول امپھال کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے جنگی یادگار پر گلہائے عقیدت نذرکرکے خراجِ عقیدت پیش کیا۔ اس موقع پر کیڈٹس نے انہیں گارڈ آف آنر پیش کیا۔

اسکول میں اپنے موئرنگ کے دورے کا ذکر کرتے ہوئے نائب صدر نے ہندوستان کی جدوجہدِ آزادی میں انڈین نیشنل آرمی کے تاریخی کردار کو یاد کیا۔ انہوں نے کہا کہ ملک کے مختلف حصوں سے تعلق رکھنے والے کئی مجاہدینِ آزادی، جن میں تمل ناڈو کے بھی متعدد افراد شامل تھے، آئی این اے میں شامل ہوئے اور ملک کے لیے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کیا۔

انہوں نے انڈمان اور نکوبار جزائر کے اپنے حالیہ دورے کو بھی یاد کیا، جہاں نیتا جی سبھاش چندر بوس نے ہندوستانی ترنگا لہرایا تھا۔ انہوں نے کہا کہ یہ تاریخی مقامات نئی نسل کو ہندوستان کے مجاہدینِ آزادی کی جرأت، حب الوطنی اور قربانیوں کی یاد دلاتے ہیں۔

نائب صدر نے زور دے کر کہا کہ کسی ادارے کی حقیقی میراث صرف اس کی عمارتوں یا ریکارڈ سے نہیں بلکہ اس کے طلبہ اور سابق طلبہ کے کردار سے ظاہر ہوتی ہے۔ انہوں نے کیڈٹس پر زور دیا کہ وہ بالخصوص نظم و ضبط، حوصلے اور قیادت کی صلاحیتیں پیدا کریں۔

جناب سی پی رادھا کرشنن نے کہا، ’’اگر آپ میں صلاحیت کچھ کم بھی ہو تو نظم و ضبط کے ساتھ آپ نمایاں مقام حاصل کر سکتے ہیں۔‘‘ انہوں نے زور دیا کہ نظم و ضبط بہترین کارکردگی کی بنیاد فراہم کرتا ہے۔ حوصلے کے بارے میں انہوں نے کہا کہ حقیقی بہادری کا مطلب یہ بھی ہے کہ جب کسی شخص کو بلاوجہ نقصان پہنچایا جا رہا ہو تو اس کے حق میں آواز اٹھائی جائے۔ قیادت کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ ایک حقیقی قائد ذمہ داری قبول کرتا ہے، اپنے عمل سے مثال قائم کرتا ہے، دوسروں کی بات سنتا ہے اور درست فیصلہ کرنے کے لیے اخلاقی جرأت کا مظاہرہ کرتا ہے۔

قومی یکجہتی کی اہمیت اجاگر کرتے ہوئے جناب سی پی رادھا کرشنن نے کہا کہ ہندوستان کی زبانوں، روایات اور خطوں کا تنوع ایک مشترکہ قومی شناخت کے ذریعے متحد ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایک بھارت، شریشٹھ بھارت کے جذبے کو مضبوط بنانے میں سینک اسکولوں کا خصوصی کردار ہے، کیونکہ مختلف پس منظر سے تعلق رکھنے والے طلبہ یہاں ایک ساتھ تعلیم حاصل کرتے، تربیت پاتے، کھانا کھاتے اور کھیلتے ہیں۔

ٹیکنالوجی میں تیزی سے آنے والی تبدیلیوں کا ذکر کرتے ہوئے انہوں نے کیڈٹس پر زور دیا کہ وہ نظم و ضبط، دیانت داری اور حب الوطنی جیسی لازوال اقدار کو برقرار رکھتے ہوئے خود کو حالات کے مطابق ڈھالنے، جدت طرازی اور ٹیکنالوجی سے باخبر رہنے کی صلاحیت بھی پیدا کریں۔ انہوں نے مصنوعی ذہانت، خلائی ٹیکنالوجی، حیاتیاتی ٹیکنالوجی، سائبر سکیورٹی اور روبوٹکس جیسے ابھرتے ہوئے شعبوں کا ذکر کیا، جو نوجوان نسل کے لیے نئے مواقع فراہم کر رہے ہیں۔

کیڈٹس سے بات چیت کے دوران نائب صدر نے شمال مشرقی خطے کو ہندوستان کا اٹوٹ اور خوبصورت حصہ قرار دیا اور یہاں کے لوگوں کی محنت اور خدمات کو سراہا۔ انہوں نے طلبہ کو تلقین کی کہ وہ تبدیلی کے ساتھ خود کو ہم آہنگ کرتے ہوئے اپنی نیک فطرت اور اچھی اقدار کو برقرار رکھیں۔ انہوں نے کہا کہ دنیا میں تبدیلی ہی واحد مستقل حقیقت ہے۔

انڈمان اور نکوبار جزائر میں سیلولر جیل کے اپنے دورے سے متعلق ایک سوال کا جواب دیتے ہوئے جناب سی. پی. رادھا کرشنن نے طلبہ کو ترغیب دی کہ وہ اس تاریخی مقام کا دورہ کریں تاکہ ہندوستان کے مجاہدینِ آزادی کی جانب سے برداشت کی گئی صعوبتوں کو سمجھ سکیں۔ انہوں نے کہا کہ ایسا دورہ حب الوطنی کے جذبے کو بیدار کرتا ہے اور نئی نسل کو جدوجہدِ آزادی کے دوران دی گئی قربانیوں کی یاد دلاتا ہے۔

ترقی یافتہ ہندوستان کی تعمیر میں طلبہ کے کردار کے بارے میں نائب صدر نے کہا کہ ہر طالب علم اپنی ذمہ داری پوری صلاحیت کے ساتھ روزانہ انجام دے کر اپنا تعاون کرسکتا ہے۔ انہوں نے زور دیا کہ ہر روز اپنی بہترین کارکردگی پیش کرنے کی اجتماعی کوشش ہی وکست بھارت کے خواب کو حقیقت میں بدلنے میں معاون ثابت ہوگی۔

نائب صدر کے ہمراہ منی پور کے گورنر جناب اجے کمار بھلا، وزیر اعلیٰ جناب وائی کھیم چند سنگھ، وزارتِ دفاع کی ایڈیشنل سکریٹری محترمہ دیپتی موہل چاولہ، میجر جنرل شبھنکر باسو، وی ایس ایم، انسپیکٹنگ افسر، سینک اسکولز سوسائٹی، وزارتِ دفاع، بریگیڈیئر امیت چٹرجی اور سینک اسکول امپھال کے پرنسپل کرنل اے. راجیو سمیت دیگر معزز شخصیات بھی موجود تھیں۔

******

( ش ح ۔ ا ع خ ۔ م ا )

Urdu.No-3160


(ریلیز آئی ڈی: 2307899) وزیٹر کاؤنٹر : 16