نائب صدر جمہوریہ ہند کا سکریٹریٹ
نائب صدر جمہوریہ سی پی رادھا کرشنن نے شیلانگ میں عوامی استقبالیہ میں شرکت کی؛ 1,000 کروڑ روپے سے زائد مالیت کے منصوبوں کا سنگِ بنیاد رکھا
2047 تک وِکست بھارت کے خواب کو شرمندۂ تعبیر کرنے کے لیے ہر ریاست، گاؤں اور شہرکا ’وِکست‘ بننا ضروری ہے: نائب صدر جمہوریہ
نائب صدر جمہوریہ نے لوک سبھا کے سابق ساتھی اور آنجہانی پی اے سنگما کو عظیم رہنما اور پارلیمنٹیرین کے طور پر یاد کیا
پوسٹ کرنے کی تاریخ:
07 SEP 2026 7:25PM by PIB Delhi
نائب صدرجمہوریہ ہند جناب سی پی رادھا کرشنن نے آج شیلانگ کے سوسو تھام آڈیٹوریم میں میگھالیہ کے عوام اور حکومت کی جانب سے ان کے اعزاز میں منعقدہ عوامی استقبالیہ میں شرکت کی۔ انہوں نے پرتپاک استقبال کے لیے اظہارِ تشکر کرتے ہوئے کہا کہ وہ ریاست کی ترقی کے سفر میں میگھالیہ کے عوام کے ساتھ ہمیشہ کھڑے رہیں گے۔
نائب صدر جمہوریہ نے میگھالیہ کے مالا مال ثقافتی ورثے، قدرتی حسن اور اس کے منفرد سماجی اداروں، بشمول اس کے مادری نسب پر مبنی ورثے، کو اجاگر کیا۔ انہوں نے کہا کہ ریاست کے متحرک زمینی سطح کے ادارے بھارت کے تنوع اور جمہوری روایات کی عکاسی کرتے ہیں۔ لوک سبھا کے اپنے سابق ساتھی، آنجہانی جناب پی اے سنگما کو یاد کرتے ہوئے انہوں نے انہیں ایک عظیم رہنما اور ممتاز مقرر قرار دیا، جنہوں نے پارلیمانی جمہوریت میں نمایاں کردار ادا کیا۔
جناب سی پی رادھا کرشنن نے کہا کہ حقیقی سیکولرازم کا مطلب ایک دوسرے کے خیالات اور عقائد کا احترام کرنا ہے۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ عوام کو باہمی احترام اور ہم آہنگی کے ساتھ مل جل کر رہنا چاہیے۔ انہوں نے اس بات پر بھی زور دیا کہ ترقی جامع ہونی چاہیے اور معاشرے کے کسی بھی طبقے کو پیچھے نہیں چھوڑا جانا چاہیے۔
رابطے اور آمد و رفت کی سہولیات کی اہمیت کو اجاگر کرتے ہوئے نائب صدر جمہوریہ نے کہا کہ دور دراز کے گاؤں کو قصبوں اور شہروں سے جوڑنے کے لیے ہر ممکن کوشش کی جا رہی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ گزشتہ ایک دہائی کے دوران پی ایم جی ایس وائی کے تحت شمال مشرقی خطے میں 46,000 کلومیٹر سے زیادہ دیہی سڑکیں تعمیر کی گئی ہیں، جن پر 47,000 کروڑ روپے سے زائد خرچ ہوئے ہیں۔ انہوں نے جل جیون مشن 2.0 کے تحت میگھالیہ کی اصلاحات سے منسلک ایم او یو کو بھی سراہا۔
نائب صدر جمہوریہ نے 1,010.95 کروڑ روپے کی مجموعی مالیت کے 5 منصوبوں کا سنگِ بنیاد رکھا۔ ان میں اربن چیلنج فنڈ کے تحت نیو شیلانگ واٹر سپلائی اسکیم، فیز II، حصہ A (850.58 کروڑ روپے)، نیسڈس کے تحت سڑک رابطے کے 2 منصوبے، شیلانگ سول ہسپتال میں 30 بستروں پر مشتمل آیوش سہولت اور پی ایم-ڈیوائن کے تحت ماوکھانو میں 132/33 کے وی سب اسٹیشن شامل ہیں۔
انہوں نے نونگ اسٹوئن میں زچگی اور بچوں کے ہسپتال کا بھی افتتاح کیا، جسے نیشنل ہیلتھ مشن کے تحت 31.05 کروڑ روپے کی لاگت سے مکمل کیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ مجموعی طور پر تقریباً 1,042 کروڑ روپے مالیت کے یہ منصوبے میگھالیہ میں پانی کی فراہمی، رابطے، صحت کی دیکھ بھال اور بجلی کے بنیادی ڈھانچے کو مضبوط بنائیں گے۔
نائب صدر جمہوریہ نے بنیادی ڈھانچے اور سیاحت کے شعبے میں ریاستی حکومت کی جانب سے کیے گئے اقدامات، بشمول ہوم اسٹے پروگرام، سی ایم-ایلیویٹ اور گرین میگھالیہ، کو سراہا۔ انہوں نے وزیرِ اعلیٰ جناب کونراڈ کے سنگما، ان کی وزارتی کونسل اور میگھالیہ کے عوام کو ریاست کی پیش رفت پر مبارک باد دی۔
2047 تک وِکست بھارت کے وژن پر گفتگو کرتے ہوئے جناب سی پی رادھا کرشنن نے اس بات پر زور دیا کہ ترقی جامع ہونی چاہیے اور معاشرے کے کسی بھی طبقے کو پیچھے نہیں چھوڑا جانا چاہیے، جبکہ میگھالیہ کے مالا مال ماحول، ثقافت اور روایات کا تحفظ بھی یقینی بنایا جائے۔ ریاست کے لونگ -روٹ برجز اور سوہرا اور موسن رام کے قدرتی مناظر کا حوالہ دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ میگھالیہ فطرت کے ساتھ ہم آہنگ ہو کر زندگی گزارنے کے حوالے سے قابل قدر درس دیتاہے۔
وزیر اعلیٰ جناب کونراڈ کے سنگما ، نائب وزرائے اعلیٰ جناب پریسٹون ٹائنسانگ اور جناب سنیاوبھالانگ دھر، وزیر جناب سنبور شولائی، چیف سکریٹری ڈاکٹر شکیل پی احمد اور دیگر معززین اس موقع پر موجود تھے۔
***
ش ح۔ ف ا۔ م ر
U-NO. 3131
(ریلیز آئی ڈی: 2307661)
وزیٹر کاؤنٹر : 9