وزیراعظم کا دفتر
azadi ka amrit mahotsav

وزیراعظم جناب نریندر مودی کا پیرس میں بی اے پی ایس سوامی نارائن ہندو مندر کی افتتاحی تقریب سے خطاب


یہ انتہائی خوشی کی بات ہے کہ پیرس میں بی اے پی ایس سوامی نارائن ہندو مندر کا افتتاح ہو رہا ہے: وزیر اعظم

یہ مندر یقینی طور پر فرانس کے تنوع کو مزید مالا مال کرے گا اور ہمارے ثقافتی تعلقات کو نئی توانائی بخشے گا: وزیر اعظم

ہند-فرانس اسٹریٹجک شراکت داری منفرد اہمیت کی حامل ہے، کیونکہ یہ قدیم ثقافتی اور سیاسی روابط کی مضبوط بنیاد پر قائم ہے: وزیر اعظم

پوسٹ کرنے کی تاریخ: 06 SEP 2026 11:59PM by PIB Delhi

وزیر اعظم جناب نریندر مودی نے پیرس میں بی اے پی ایس سوامی نارائن ہندو مندر کے افتتاح کے موقع پر ویڈیو کانفرنس کے ذریعے منعقدہ تقریب سے خطاب کیا۔ فرانسیسی دارالحکومت میں منعقد ہونے والی اس تاریخی تقریب کی اہمیت  کواجاگر کرتے ہوئے وزیر اعظم نے اسے دونوں ممالک کے باہمی تعلقات کے لیے ایک اہم سنگ میل قرار دیا۔ جناب مودی نے کہاکہ یہ عظیم الشان سوامی نارائن مندر ہندوستان اور فرانس کے درمیان ثقافتی تعلقات میں ایک نئے سنگ میل کی حیثیت رکھتا ہے۔

معزز سنتوں اور سناتن روایت کے عظیم پیشواؤں کے آشیرواد کا ذکر کرتے ہوئے وزیر اعظم نے تقریب کے ماحول کو آفاقی اخوت اور بھائی چارے کا حقیقی مظہر قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ یہ اجتماع قدیم فلسفوں اور نظریات کو عالمی سطح پر اجاگر کرتا ہے۔ جناب مودی نے کہاکہ آج یہ پلیٹ فارم ’وسودھیو کٹمبکم‘ یعنی پوری دنیا ایک خاندان ہے، کے جذبے کے اظہار کا ایک متحرک مرکز بن گیا ہے۔

معزز سنتوں اور روحانی پیشواؤں کی محبت و شفقت کے لیے گہری تشکر کا اظہار کرتے ہوئے وزیر اعظم نے ایسے مبارک اور بابرکت مواقع سے اپنے دیرینہ اور خوش بختانہ تعلق کا ذکر کیا۔ جناب مودی نے کہاکہ یہ میرے لیے خوش بختی کی بات ہے کہ مجھے مسلسل ایسے مبارک اور بابرکت مواقع سے وابستہ ہونے کا موقع ملتا رہتا ہے۔

وزیر اعظم نے ڈیجٹل ذرائع سے لوگوں سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اگرچہ وہ ذاتی طور پر وہاں موجود نہیں ہیں، تاہم جاری تقریبات سے وہ جذباتی طور پر گہری وابستگی محسوس کر رہے ہیں۔ جناب مودی نے کہا کہ دل اور جذبات سے میں خود کو آپ لوگوں کے درمیان ہی محسوس کر رہا ہوں۔

پرم پوجیہ پرمکھ سوامی جی مہاراج کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے وزیراعظم نے ہندوستان کی قدیم ثقافتی اور روحانی عظمت کو دوبارہ زندہ کرنے کے لیے شروع کی گئی دوراندیش مہم کو یاد کیا۔ انہوں نے بتایا کہ یہ عالمی مشن گزشتہ برسوں کے دوران کس طرح بے پناہ رفتار حاصل کر چکا ہے۔ جناب مودی نے کہاکہ آج اس نشاۃِ ثانیہ کی روشنی یورپ سمیت پوری دنیا میں پھیل رہی ہے۔

سن2024 کے اوائل میں افتتاح کیے گئے عظیم الشان ابوظہبی مندر سے لے کر موجودہ شاندار مندر کی تعمیر تک کے سفر کا ذکر کرتے ہوئے وزیر اعظم نے روحانی رہنماؤں کی غیر متزلزل لگن اور دوراندیش کوششوں کو سراہا۔ جناب مودی نے کہاکہ تعمیر کا یہ سلسلہ سنتوں کے پختہ عزم کا ثبوت ہے۔

وزیراعظم نے پرم پوجیہ مہنت سوامی مہاراج کو گہری عقیدت پیش کرتے ہوئے بی اے پی ایس تنظیم اور اس کے لاکھوں پیروکاروں کو دلی مبارکباد پیش کی۔ جناب مودی نے کہاکہ میں اس مبارک کام کے لیے  اظہارتشکر پیش کرتا ہوں۔

مندر کی عالمی سطح پر پران پرتِشٹھا کے ذریعےہندوستان کے قدیم فلسفے کو بھی دنیا تک پہنچانے کا ذکر کرتے ہوئے وزیر اعظم نے اس بنیادی نظریے کا حوالہ دیا جو گہری انسانی یکجہتی کا پیغام دیتا ہے۔ انہوں نے زور دے کر کہا کہ یہ بنیادی اقدار روحانی تقریبات کے ساتھ ساتھ فطری طور پر آگے بڑھتی ہیں۔ جناب مودی نے کہاکہ ہندوستان کا نظریہ یہ ہے کہ ہمارے خیالات ایک ہوں اور ہمارے دل آپس میں جڑے ہوں۔‘‘

وسیع تر سماجی اثرات کی جانب اشارہ کرتے ہوئے وزیراعظم نے زور دیا کہ یہ شاندار عمارت مقامی ثقافتی منظرنامے کو مالا مال  کرنے کے ساتھ دوطرفہ تعلقات کو مزید مضبوط بنائے گی۔ جناب مودی نے کہاکہ یہ مندر یقینی طور پر فرانس کے تنوع کو پروان چڑھائے گا اور ہمارے ثقافتی تعلقات کو نئی توانائی بخشے گا۔‘‘

حالیہ برسوں میں سفارتی تعلقات کے تیزی سے فروغ کی عکاسی کرتے ہوئے وزیراعظم نے صدر ایمانوئل میکرون کے ساتھ مل کر کی جانے والی مشترکہ اور دوراندیش کوششوں کو اجاگر کیا۔ جناب مودی نے کہاکہ دونوں ممالک مل کر ایک خصوصی عالمی اسٹریٹجک شراکت داری قائم کر رہے ہیں۔

مصنوعی ذہانت، دفاع، خلاء اور موسمیاتی اقدامات سمیت دوطرفہ تعاون کے وسیع دائرۂ کار کا ذکر کرتے ہوئے، وزیراعظم نے 2026 میں منائے جانے والے ہند-فرانس اختراع کے سال (2026 انڈیا-فرانس ایئر آف انوویشن)کی جانب اشارہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ یہ مشترکہ کوششیں بے مثال تکنیکی ترقی  کے دروازے کھول رہی ہیں۔ جناب مودی نے کہاکہ ہم نئی رفتار اور نئی توانائی کے ساتھ مل کر آگے بڑھ رہے ہیں۔

وزیراعظم نے اس جدید اتحاد کی انفرادیت کو اجاگر کرتے ہوئے کہا کہ اس کی موجودہ مضبوطی کی بنیاد دونوں ممالک کے درمیان قائم دیرینہ تاریخی تعلقات ہیں۔ جناب مودی نے کہاکہ یہ اسٹریٹجک شراکت داری اس لیے خصوصی ہے ،کیونکہ یہ ہمارے قدیم ثقافتی اور سیاسی روابط کی مضبوط بنیاد پر قائم ہے۔

فرانسیسی سرزمین پر ہندوستانی فوجیوں کی بہادری کو یاد کرتے ہوئےوزیراعظم نے فرانسیسی دانشوروں کے اس اہم کردار کو بھی سراہا، جس کے ذریعے ہندوستان کی ایک کلاسیکی زبان کو عالمی سطح پر فروغ ملا۔ جناب مودی نے کہاکہ انہوں نے سنسکرت کو مقبول بنانے میں بے حد اہم کردار ادا کیا ہے۔

ادبی اور روحانی تبادلوں کا ذکر کرتے ہوئے وزیراعظم نے رومین رولان کی ہندوستانی صوفیوں اور روحانی شخصیات پر تحریروں اور ’دی مدر‘ کے پڈوچیری کے تبدیلی آمیز سفر کو باہمی تحریک کے مؤثر ذرائع قرار دیا۔ انہوں نے تسلیم کیا کہ ان فکری کاوشوں نے دونوں ممالک کے متلاشیان حق و حقیقت کو گہری ترغیب دی ہے۔ جناب مودی نے کہاکہ ان روحانی روابط نے گزشتہ برسوں کے دوران ہمارے معاشروں کو ایک دوسرے کے بہت قریب لایا ہے۔

یقین وعقیدے سے جڑے تاریخی سنگ میلوں پر نظر ڈالتے ہوئے وزیراعظم نے کئی دہائیاں قبل فرانس میں ایک ممتاز روحانی رہنما کی آمدکا ذکر کیا۔ جناب مودی نے کہاکہ اسکون (ISKCON) کے ذریعے شریلا پربھوپاد سوامی نے روحانی تعلقات کے ایک نئے باب کا آغاز کیا۔

ایفل ٹاور کے قریب یوگا کی وسیع پیمانے پر پذیرائی اور اس نئے مندر کے درمیان مماثلت بیان کرتے ہوئے وزیراعظم نے ان دونوں کو عوامی سطح پر باہمی رابطے کے مؤثر ذرائع قرار دیا۔ جناب مودی نے کہاکہ اس عظیم الشان اور الٰہی مندر کے ذریعے ہمارے ثقافتی تعلقات میں ایک نیا باب شامل ہو رہا ہے۔

روحانی پس منظر کو معاشی اصطلاحات سے جوڑتے ہوئے وزیر اعظم نے مندر کی تعمیر کو جدید دور میں دونوں ممالک کے درمیان مشترکہ کاروباری منصوبوں کے امکانات سے دلچسپ انداز میں تشبیہ دی۔ جناب مودی نے کہاکہ سوامی نارائن مندر نے مشترکہ منصوبوں کے امکانات میں ایک بالکل نئی جہت کا اضافہ کیا ہے۔

مندر کے طرز تعمیر میں قدیم اور جدید فنون کے حسین امتزاج کی وضاحت کرتے ہوئے وزیر اعظم نے بتایا کہ کس طرح ہندوستان کے قدیم سنگ تراشی کے ہنر کو جدید فرانسیسی انجینئرنگ کے ساتھ اس خوبصورتی سے ہم آہنگ کیا گیا کہ یہ شاندار عمارت وجود میں آئی۔ انہوں نے ہندوستان سے بھیجے گئے پتھروں پر کی گئی نفیس اور باریک کاریگری کو بھی اجاگر کیا۔ جناب مودی نے کہاکہ یہ مندر حقیقی معنوں میں ’ہندوستان میں تیار‘ اور ’فرانس میں تعمیر‘ کیا گیا ہے۔‘‘

مستقبل کے حوالے سے دوراندیش تصور پیش کرتے ہوئے وزیر اعظم نے اس مشترکہ تعمیراتی شاہکار کی دیرپا وراثت پر مکمل اعتماد کا اظہار کیا۔ جناب مودی نے کہاکہ آنے والی صدیوں تک یہ ہندوستان اور فرانس کے درمیان تعاون اور امکانات کی علامت کے طور پر قائم رہے گا۔

ان اداروں میں روحانی عمل اور سماجی بہبود کے دوہرے مقصد کو اجاگر کرتے ہوئے وزیراعظم نے اس مقام پر مستقبل میں شروع ہونے والے انسانی خدمت کے منصوبوں کے حوالے سے امید کا اظہار کیا۔ جناب مودی نے کہاکہ سوامی نارائن مندر ہمیشہ سے عبادت کے ساتھ ساتھ خدمت کا ذریعہ بھی رہے ہیں۔

مرکز کے علاقائی اثرات کا ذکر کرتے ہوئے وزیر اعظم نے توقع ظاہر کی کہ ہندوستانی ورثے کی گونجتی ہوئی اقدار پورے براعظم کے لوگوں کی زندگیوں کو سنواریں گی۔ انہوں نے یقین ظاہر کیا کہ یہ تعلیمات پیرس سے کہیں آگے تک اپنا اثر چھوڑیں گی۔ جناب مودی نے کہاکہ یہاں سے ابھرنے والی ہندوستانی ثقافت کی آوازیں پورے یورپ کے لوگوں کے لیے باعث فائدہ ثابت ہوں گی۔ انہوں نے مزید کہاکہ مستقبل میں جب بھی مجھے وقت ملے گا، میں اس مندر میں درشن کے لیے آنے کی کوشش کروں گا۔

اپنے خطاب کا اختتام مبارکباد کے ساتھ کرتے ہوئے وزیر اعظم نے مندر کے افتتاح کی خوشی  میں شامل تمام شرکا، ان کے اہل خانہ، عقیدت مندوں اور پوری ہندوستانی برادری کے لیے اپنی نیک خواہشات پیش کیں۔

 

 

***

ش ح۔م ع ن۔ش ب ن

U-3094


(ریلیز آئی ڈی: 2307306) وزیٹر کاؤنٹر : 4