وزارت دفاع
azadi ka amrit mahotsav

بھارتی فضائیہ کی سارنگ ہیلی کاپٹر ٹیم العالمین بین الاقوامی ایئر شو میں شرکت کے لیے مصر پہنچ گئی

پوسٹ کرنے کی تاریخ: 06 SEP 2026 12:59PM by PIB Delhi

بھارتی فضائیہ کی سارنگ ہیلی کاپٹر ڈسپلے ٹیم مصر پہنچ گئی ہے، جہاں وہ  العالمین بین الاقوامی ایئر شو کے دوسرے ایڈیشن میں شرکت کرے گی۔ یہ ایئر شو 08 سے 10 ستمبر 2026 تک العالمین بین الاقوامی ہوائی اڈے پر منعقد ہوگا۔

بھارتی فضائیہ کی سارنگ ٹیم دنیا کی واحد پانچ ہیلی کاپٹروں پر مشتمل ڈسپلے ٹیم ہے۔ یہ ٹیم نہایت احتیاط سے ترتیب دیے گئے فضائی مظاہروں کے سلسلے کے ذریعے اپنی غیر معمولی درستگی، پیشہ ورانہ مہارت اور پرواز کی صلاحیتوں کا مظاہرہ کرے گی۔ یہ شرکت بھارتی فضائیہ کی بین الاقوامی سرگرمیوں میں ایک اور اہم سنگِ میل ہے، جو بھارت اور مصر کے درمیان بڑھتے ہوئے دفاعی اور سفارتی تعلقات کی عکاسی کرتی ہے۔

مقامی طور پر ڈیزائن اور تیار کیے گئے ایڈوانسڈ لائٹ ہیلی کاپٹر (اے ایل ایچ) دھرو کو اڑانے والی سارنگ ٹیم مشکل فارمیشن مشقوں، قریب سے پرواز اور ہم آہنگ فضائی سلسلوں کے لیے معروف ہے۔ اس مظاہرے میں نہ صرف اس کے پائلٹوں کی غیر معمولی مہارت اور نظم و ضبط نمایاں ہوگا بلکہ بھارت کی مقامی ایرو اسپیس صنعت کی صلاحیتوں کا بھی مظاہرہ ہوگا۔

سارنگ ٹیم اپنی مشہور ’’ڈولفن لیپ‘‘ مہارت کا مظاہرہ کرے گی اور ساتھ ہی ایک نئی مہارت ’’اسپاٹ اسٹال ٹرن‘‘ بھی پیش کرے گی۔ ٹیم کی شرکت سے دنیا بھر کے شائقین اور ہوا بازی کے دلدادہ افراد کو اے ایل ایچ دھرو کی ہمہ جہت صلاحیت اور پھرتی کا مشاہدہ کرنے کا موقع ملے گا، جبکہ بھارتی فضائیہ کے جرأت مندانہ جذبے کا بھی مظاہرہ ہوگا۔

العالمین بین الاقوامی ایئر شو میں دنیا بھر کی سرکردہ فضائی افواج کے ساتھ ساتھ ایرو اسپیس، دفاع اور خلائی شعبوں سے وابستہ ماہرین بھی شرکت کررہے ہیں۔ مصری فضاؤں میں سارنگ کا فضائی مظاہرہ اس تقریب میں ایک منفرد رنگ بھرے گا اور دنیا بھر کی دیگر بین الاقوامی ٹیموں کے ساتھ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے میں بھی معاون ہوگا۔

 

******

ش ح۔ ف ا۔ م ر

U-NO. 3075


(ریلیز آئی ڈی: 2307136) وزیٹر کاؤنٹر : 8