نوجوانوں کے امور اور کھیل کود کی وزارت
’’فٹ انڈیا سنڈیز آن سائیکل‘‘ کا 89واں پروگرام، وزیرِ اعظم مودی کی ’’ترقی یافتہ بھارت کے لیے نشے سے پاک نوجوان‘‘ کی اپیل کو فروغ دینے کے لیے
ڈاکٹر منسکھ منڈاویہ سورت میں سائیکل چلانے کی اس مہم کی قیادت کریں گے؛ گجرات کے نائب وزیرِ اعلیٰ ہرش سنگھوی بھی شرکت کریں گے۔ پدم شری اور اولمپین اچنتا شرتھ کمل اور ارجن ایوارڈ یافتہ سریتا مور سمیت متعدد معروف کھلاڑی اس مہم میں شریک ہوں گے
پوسٹ کرنے کی تاریخ:
04 SEP 2026 4:25PM by PIB Delhi
فٹ انڈیا سنڈیز آن سائیکل کے 89ویں پروگرام کا انعقاد 6 ستمبر کو سورت میں کیا جائے گا۔ اس پروگرام کا موضوع ’’ترقی یافتہ بھارت کے لیے نشے سے پاک نوجوان‘‘ ہے۔ اس کا مقصد صحت مند اور منشیات سے پاک نوجوان نسل کی حوصلہ افزائی کے لیے جسمانی تندرستی، کھیلوں اور اجتماعی شرکت کو فروغ دینا ہے۔
مرکزی وزیر برائے امورِ نوجوانان و کھیل ڈاکٹر منسکھ منڈاویہ سائیکل چلانے کی اس مہم کی قیادت کریں گے، جبکہ گجرات کے نائب وزیرِ اعلیٰ جناب ہرش سنگھوی بھی اس میں شرکت کریں گے۔
ڈاکٹر منڈاویہ نے کہا: ’’وزیرِ اعظم نریندر مودی کی ’ترقی یافتہ بھارت کے لیے نشے سے پاک نوجوان‘ کی اپیل کو آگے بڑھاتے ہوئے، فٹ انڈیا سنڈیز آن سائیکل کا یہ پروگرام ہمارے نوجوانوں کو منشیات سے دور رہنے اور صحت مند و فعال طرزِ زندگی اپنانے کی ترغیب دینے کے لیے وقف ہے۔ سنڈیز آن سائیکل اور دیگر جسمانی تندرستی کی سرگرمیوں کے ذریعے فٹ انڈیا ایسی نسل کی تشکیل میں مدد کر رہا ہے جو صحت مند، پُراعتماد اور نظم و ضبط کی پابند ہو اور ترقی یافتہ بھارت کی تعمیر کے لیے پُرعزم ہو۔‘‘
یومِ آزادی کے موقع پر لال قلعے کی فصیل سے قوم سے خطاب کرتے ہوئے وزیرِ اعظم نریندر مودی نے منشیات کے استعمال کو ملک اور اس کے نوجوانوں کے لیے ایک بڑے بحران کے طور پر اجاگر کیا تھا۔
89واں پروگرام ’’ترقی یافتہ بھارت کے لیے نشے سے پاک نوجوان‘‘ عزم مہم کے تحت ملک گیر 100 ہفتوں کی عوامی شراکت مہم سے بھی ہم آہنگ ہے۔ اس مہم کا مقصد کھیلوں، جسمانی تندرستی، بیداری اور اجتماعی شرکت کے ذریعے منشیات کے استعمال کے خلاف ایک مستقل تحریک کو فروغ دینا ہے۔
سورت میں سائیکل چلانے کا پروگرام صبح 6:00 بجے منگادھ چوک میں واقع سردار پٹیل کے مجسمے سے شروع ہوگا، منی بازار اور ورچھا مین روڈ سے گزرتا ہوا سارتھانا چڑیا گھر پر اختتام پذیر ہوگا۔
اس مہم میں پدم شری اعزاز یافتہ اولمپین اچنتا شرتھ کمل، ارجن ایوارڈ یافتہ سریتا مور، پہلوان شیوانی پوار اور دولتِ مشترکہ کھیلوں کے تمغہ یافتہ راہل مان سمیت ممتاز کھلاڑی بھی شرکت کریں گے۔
******
ش ح۔ ش ا ر۔ ول
Uno-3032
(ریلیز آئی ڈی: 2306727)
وزیٹر کاؤنٹر : 8