راجیہ سبھا سکریٹیریٹ
سیشلز کی قومی اسمبلی کی اسپیکرکے ہمراہ آنےوالے پارلیمانی وفد سے نائب صدرجمہوریہ ہند کی ملاقات
پوسٹ کرنے کی تاریخ:
03 SEP 2026 3:03PM by PIB Delhi
نائب صدرجمہوریہ ہند جناب سی پی رادھاکرشنن نے آج نئی دہلی کے پارلیمنٹ ہاؤس میں جمہوریہ سیشلز کے پارلیمانی وفد سے ملاقات کی۔ وفد کی قیادت سیشلز کی قومی اسمبلی کی اسپیکر محترمہ ازاریل ارنیستا نے کی۔
اسپیکر اور وفد کے اراکین کا خیرمقدم کرتے ہوئے نائب صدرجمہوریہ نے سیشلز کی آزادی کی 50ویں سالگرہ کے موقع پر وہاں کی حکومت اور عوام کو اپنی جانب سے پُرخلوص مبارک باد پیش کی۔ انہوں نے محترمہ ازاریل ارنیستا کو سیشلز کی قومی اسمبلی کی پہلی خاتون اسپیکر منتخب ہونے پر بھی مبارک باد دی اور جنوری 2026 میں نئی دہلی میں منعقدہ دولتِ مشترکہ کے اسپیکروں اور پریزائیڈنگ افسران کی 28ویں کانفرنس میں ان کی شرکت کا تذکرہ کیا۔
دونوں ممالک کے درمیان قریبی اور دیرینہ تعلقات کا ذکر کرتے ہوئے نائب صدر نے کہا کہ سیشلز ان کے لیےخصوصی مقام رکھتا ہے۔ انہوں نے اکتوبر 2025 میں صدرِ سیشلز عالی جناب ڈاکٹر پیٹرک ہرمینی کی حلف برداری کی تقریب میں شرکت کے لیے اپنے دورۂ سیشلز کو محبت سے یاد کیا، جو نائب صدر جمہوریہ ہند کی حیثیت سے ان کا پہلا غیر ملکی دورہ تھا۔ انہوں نے صدر ڈاکٹر پیٹرک ہرمینی اور نائب صدر سیباسٹین پیلے سے اپنی ملاقاتوں کو بھی یاد کیا اور سیشلز کے عوام کی جانب سے گرم جوشی اور مہمان نوازی کوقابل تحسین قرار دیا۔
دوطرفہ تعلقات میں 2026 کی اہمیت کو اجاگر کرتے ہوئے نائب صدر نے کہا کہ اس سال دونوں ممالک کے درمیان دو اعلیٰ سطحی سرکاری دورے ہوئے ہیں۔ ہندوستان کے وزیرِ اعظم نے جون 2026 میں سیشلز کے 50ویں قومی دن کی تقریبات میں شرکت کی، جبکہ صدر ڈاکٹر پیٹرک ہرمینی نے فروری 2026 میں ہندوستان کا سرکاری دورہ کیا۔ انہوں نے مزید بتایا کہ نائب صدر سیباسٹین پیلے نے فروری 2026 میں اے آئی امپیکٹ سمٹ میں شرکت کے لیے ہندوستان کا دورہ کیا تھا۔ نائب صدر نے اس بات پر بھی زور دیا کہ اس سال دونوں ممالک سفارتی تعلقات کے 50 سال مکمل ہونے کا جشن منا رہے ہیں ۔انہوں نے اعتماد ظاہر کیا کہ سیشلز کے پارلیمانی وفد کا موجودہ دورہ دونوں ممالک کے درمیان بڑھتی ہوئی شراکت داری کو مزید رفتار فراہم کرے گا۔
نائب صدر جمہوریہ نے فروری 2026 میں ہندوستان کی جانب سے سیشلز کے لیے 175 ملین امریکی ڈالر کے خصوصی اقتصادی پیکیج کے اعلان کا بھی ذکر کیا، جس سے دونوں ممالک کے درمیان ترقی اور سلامتی کے شعبے میں شراکت داری نئی بلندیوں تک پہنچے گی۔
نائب صدر نے راجیہ سبھا سکریٹریٹ کی جانب سے جدید کاری اور ڈیجیٹلائزیشن کے لیے کیے جا نے والے اقدامات سے بھی وفد کو باخبر کیا۔ انہوں نے پارلیمانی امور میں بڑھتی ہوئی ڈیجیٹلائزیشن، کام کاج کو متعدد زبانوں میں بیک وقت ترجمہ کرنے، پارلیمانی کارروائی کو کاغذ سے پاک اور زیادہ مؤثر بنانے کی کوششوں، سائبر سکیورٹی کے شعبے میں باقاعدگی سے استعداد سازی کے پروگراموں اور پارلیمانی دستاویزات کے ڈیجیٹل ریکارڈ محفوظ کرنے کے اقدامات کا ذکر کیا۔ انہوں نے سیشلز کی قومی اسمبلی کے ساتھ ہندوستان کے تجربات اور معلومات کا تبادلہ کرنے پر آمادگی ظاہر کی اور سیشلز کی ضروریات اور ترجیحات کے مطابق مطالعاتی دوروں اور خصوصی نوعیت کے استعداد سازی کے پروگرام منعقد کرنے کی پیشکش کی۔
عوامی سطح پر روابط کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے نائب صدرجمہوریہ نے سیشلز میں مقیم ہندوستانی نژاد افراد، بالخصوص گجراتی اور تمل برادریوں کی خدمات کا اعتراف کیا ۔انہوں نے کہا کہ یہ دونوں ممالک کے درمیان دوستی کے ایک پائیدار پل کا کردار ادا کر رہی ہیں۔
نائب صدر نے بتایا کہ سیشلز کی قومی اسمبلی کی اسپیکر باقاعدگی سے یوگا کرتی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ یوگا ہندوستان اور سیشلز کے درمیان عوامی سطح پر قریبی تعلقات کی مضبوط علامت ہے۔ انہوں نے آنے والے برسوں میں دونوں پارلیمانی اداروں کے درمیان مسلسل رابطے اور مزید قریبی تعاون کی خواہش ظاہر کی۔ انہوں نے اسپیکر اور وفد کے اراکین کے لیے ہندوستان میں خوشگوار اور نتیجہ خیز دورے کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔

_20260903150429_9678ff.jpeg)
***
ش ح۔م ش ع - ف ر
U-no-2982
(ریلیز آئی ڈی: 2306331)
وزیٹر کاؤنٹر : 17