وزارت دفاع
بھارتی بحریہ دوسرے دیسی ساخت کے غوطہ خوری معاون بحری جہاز ’نِپُن‘ کو بحری بیڑے میں شامل کرنے کے لیے تیار
پوسٹ کرنے کی تاریخ:
25 AUG 2026 3:53PM by PIB Delhi
بھارتی بحریہ 31 اگست 2026 کو ممبئی کے نیول ڈاک یارڈ میں نِستار کلاس کے دوسرے غوطہ خوری معاون بحری جہاز (ڈی ایس وی) ’نِپُن‘ کو بحری بیڑے میں شامل کرنے جا رہی ہے۔ اس خصوصی بحری جہاز کی شمولیت سے بحریہ کی گہرے سمندر میں غوطہ خوری اور زیرِ آب معاونت کی صلاحیتوں میں اہم اضافہ ہوگا اور اس جہاز کے تعمیراتی مرحلے سے فعال آپریشنل سروس تک کے سفر کے ایک نئے باب کا آغاز ہوگا۔
وشاکھاپٹنم کی ہندوستان شپ یارڈ لمیٹڈ (ایچ ایس ایل) کی جانب سے دیسی طور پر ڈیزائن اور تعمیر کیا گیا ’نِپُن‘ دفاعی جہاز سازی میں خود انحصاری کے حصول کی جانب بھارت کی کوششوں میں ایک اہم سنگِ میل کی حیثیت رکھتا ہے۔ وسیع پیمانے پر آلات کی تنصیب اور آزمائشی مراحل کی تکمیل کے بعد یہ جہاز 30 جولائی 2026 کو بھارتی بحریہ کے حوالے کیا گیا تھا۔
’نِپُن‘ ایک خصوصی مقصد کے تحت تیار کیا گیا بحری پلیٹ فارم ہے، جسے غوطہ خوری اور زیرِ آب کارروائیوں کی وسیع اقسام میں معاونت کے لیے ڈیزائن کیا گیا ہے۔ یہ جہاز جدید غوطہ خوری نظاموں اور زیرِ آب مداخلت کی صلاحیتوں سے لیس ہے، جو سمندر میں مشکل حالات میں کام کرنے والے غوطہ خوروں کو مسلسل معاونت فراہم کرنے کے قابل بناتے ہیں۔ یہ بھارتی بحریہ کی آبدوزوں کو بچانے کی کارروائیوں میں معاونت کی صلاحیت میں بھی اضافہ کرے گا۔
اس جہاز میں جہاز رانی، پلیٹ فارم مینجمنٹ اور مقررہ مقام پر درست طور پر برقرار رہنے کے لیے جدید نظام نصب کیے گئے ہیں۔ اس کے علاوہ غوطہ خوری، زیرِ آب مداخلت اور طبی معاونت کے لیے خصوصی سہولیات بھی فراہم کی گئی ہیں۔ یہ صلاحیتیں ’نِپُن‘ کو سطحِ آب کے نیچے پیچیدہ کارروائیوں کے لیے ایک مربوط پلیٹ فارم کے طور پر کام کرنے کے قابل بناتی ہیں۔
’نِپُن‘ کی آئندہ بحری بیڑے میں شمولیت سے بھارت کے سمندری مفادات کے علاقوں میں خصوصی غوطہ خوری اور زیرِ آب مشن انجام دینے کی بھارتی بحریہ کی صلاحیت مزید مضبوط ہوگی۔ اس دیسی ساخت کے پلیٹ فارم کی شمولیت ملک کے جہاز سازی کے ماحولیاتی نظام کی بڑھتی ہوئی صلاحیت کی بھی عکاسی کرتی ہے، جو بحریہ کی آپریشنل ضروریات کی تکمیل کے لیے جدید ٹیکنالوجی سے لیس اور خصوصی نوعیت کے بحری جہاز تیار کرنے کی صلاحیت رکھتا ہے۔
(2)_20260825155424_60d173.jpeg)
(2)_20260825155439_469b3c.jpeg)
******
ش ح۔ ت ف ۔ ا ک م
U.NO. 2570
(ریلیز آئی ڈی: 2303162)
وزیٹر کاؤنٹر : 15