سائنس اور ٹیکنالوجی کی وزارت
azadi ka amrit mahotsav

سی ایس آئی آر- نیشنل ایرو اسپیس لیبارٹریز نے دیسی ساخت کے مائیکرو اور چھوٹے گیس ٹربائن انجن پیش کیے، جس سے بھارت کی بغیر پائلٹ دفاعی صلاحیتوں کو فروغ ملے گا

پوسٹ کرنے کی تاریخ: 25 AUG 2026 2:51PM by PIB Delhi

جدید فضائی محرک ٹیکنالوجی کے شعبے میں خود انحصاری کی جانب ایک اہم قدم اٹھاتے ہوئے، سی ایس آئی آر۔ نیشنل ایرو اسپیس لیبارٹریز (سی ایس آئی آر۔ این اے ایل) نے آج نئی دہلی میں سی ایس آئی آر ہیڈکوارٹرز کے ایس ایس بی آڈیٹوریم میں دیسی ساخت کے تین مائیکرو اور چھوٹے گیس ٹربائن انجن پیش کیے۔ ان میں 5 کلوگرام تھرسٹ والا این جے۔05، 50 کلوگرام تھرسٹ والا این جے۔50 اور 100 کلوگرام تھرسٹ والا این جے۔100 شامل ہیں۔ ملکی دفاعی ٹیکنالوجی کی اہم ضروریات کو پورا کرنے کے لیے تیار کیے گئے یہ مختصر حجم کے محرک نظام حکمتِ عملی پر مبنی بغیر پائلٹ فضائی طیاروں (یو اے وی)، ڈرون شکن طیاروں اور چھوٹے میزائل نظام سمیت مختلف شعبوں میں استعمال کے لیے تیار کیے گئے ہیں۔

اس موقع پر بھارت کی دفاعی اور سائنسی برادری کی اعلیٰ قیادت نے شرکت کی۔ چیف آف انٹیگریٹڈ ڈیفنس اسٹاف برائے چیئرمین چیفس آف اسٹاف کمیٹی (سی آئی ایس سی)، ایئر مارشل تیجندر سنگھ، پی وی ایس ایم، اے وی ایس ایم، وی ایم نے مہمانِ خصوصی کی حیثیت سے تقریب کو رونق بخشی۔

بائیں سے دائیں: ڈاکٹر (محترمہ) این کلیسیلوی، ڈائریکٹر جنرل (سی ایس آئی آر) اور سکریٹری (ڈی ایس آئی آر)، ایئر مارشل تیجندر سنگھ، پی وی ایس ایم، وی ایس ایم، وی ایم (مہمانِ خصوصی اور سی آئی ایس سی) اور ڈاکٹر ابھیے اے پاشلکر، ڈائریکٹر (سی ایس آئی آر۔ این اے ایل)، نئی دہلی کے ایس ایس بی آڈیٹوریم میں دیسی ساخت کے مائیکرو اور چھوٹے گیس ٹربائن انجنوں کی رونمائی کے موقع پر۔

شرکا کا خیرمقدم کرتے ہوئے سی ایس آئی آر۔ این اے ایل کے ڈائریکٹر ڈاکٹر ابھیے اے پاشلکر نے ملک میں تیزی سے فروغ پانے والے ڈرون ماحولیاتی نظام کے لیے ایک کثیر مرحلہ جاتی انٹیگریٹر کے طور پر لیبارٹری کے بڑھتے ہوئے کردار کو اجاگر کیا۔ انہوں نے کہا کہ بھارتی صنعت، جس میں تیزی سے وسعت پاتا ہوا فضائی شعبے کا اسٹارٹ اَپ نظام بھی شامل ہے، ان جدید انجنوں کو بڑے پیمانے پر تیار کرنے کی بھرپور صلاحیت رکھتی ہے تاکہ بھارتی دفاعی شعبے کی ضروریات پوری کی جا سکیں۔

سی ایس آئی آر۔ این اے ایل کی سائنسی ٹیم نے، جس کی قیادت جناب آر. پرتھاپانائیکا کر رہے تھے، گیس ٹربائن انجنوں کی تیاری کے حوالے سے تفصیلی تکنیکی پریزنٹیشن دیں۔پریزنٹیشن میں انتہائی بلند آر پی ایم والی ٹربو مشینری اور زیادہ درجۂ حرارت کی احتراقی ٹیکنالوجیز میں ہونے والی پیش رفت کو اجاگر کیا گیا، جن کی بدولت یہ دیسی ساخت کے محرک نظام تیار کیے جا سکے ہیں۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے سی ایس آئی آر کی ڈائریکٹر جنرل اور ڈی ایس آئی آر کی سکریٹری ڈاکٹر این کلیسیلوی نے منصوبے کی ٹیم کی مشترکہ کوششوں کو سراہا۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ اس نوعیت کے انتہائی خصوصی اور اہم ذیلی نظاموں کی دیسی طور پر تیاری، فضائی انجینئرنگ کے شعبے میں آتم نربھر بھارت کے فروغ کی جانب ایک اہم سنگِ میل ہے۔

محرک نظاموں کی رونمائی کرتے ہوئے ایئر مارشل تیجندر سنگھ نے ملک کے اندر جدید گیس ٹربائن انجن ٹیکنالوجی تیار کرنے کی تزویراتی اہمیت پر زور دیا۔ انہوں نے کہا کہ ایسی اہم ٹیکنالوجیز میں دیسی صلاحیتوں کا فروغ قومی سلامتی کو مزید مستحکم کرنے کے ساتھ ساتھ مسلح افواج میں تکنیکی خود انحصاری کو بھی تقویت دے گا۔

این جے۔05، این جے۔50 اور این جے۔100 کی کامیاب تیاری، چھوٹے حجم کے گیس ٹربائن محرک نظاموں کے ڈیزائن، ترقی اور تیاری کے لیے ایک دیسی ماحولیاتی نظام تشکیل دینے کی جانب ایک اہم قدم ہے۔ ملک میں ابھرتی ہوئی پیداواری صلاحیتوں کے ساتھ مل کر ان ٹیکنالوجیز سے بھارت میں تیزی سے فروغ پانے والے بغیر پائلٹ فضائی گاڑیوں، ڈرونز اور دفاعی فضائی شعبے کے ماحولیاتی نظام کو نمایاں طور پر تقویت ملنے کی توقع ہے۔

******

 

ش ح۔ ت ف ۔ ا ک م

U.NO.2566


(ریلیز آئی ڈی: 2303105) وزیٹر کاؤنٹر : 12
یہ ریلیز پڑھیں: English , हिन्दी , Kannada