ریلوے کی وزارت
ریلوے بورڈ کے چیئرمین نے آئی آر سی ٹی سی وار روم کا جائزہ لیا، کیٹرنگ خدمات کے معیار میں بہتری کے لیے مسافروں کی رائے اور کچن کی نگرانی کا نظام مضبوط بنانے کی ہدایت
حقیقی وقت میں کچن کی نگرانی، مؤثر معائنہ، خامیوں پر فوری کارروائی اور ریل مدد کی شکایات کی مزید قریب سے نگرانی پر زور
प्रविष्टि तिथि:
24 AUG 2026 6:46PM by PIB Delhi
ریلوے بورڈ (وزارت ریلوے) کے چیئرمین اور چیف ایگزیکٹو آفیسر (سی ای او) ستیش کمار نے گزشتہ روز آئی آر سی ٹی سی کے دفتر میں قائم وار روم کے کام کاج کا جائزہ لیا۔ اس موقع پر مسافروں کی آراء، کچن کی نگرانی اور کیٹرنگ خدمات کے معیار کو یقینی بنانے کے نظام کو مزید مضبوط بنانے پر توجہ مرکوز کی گئی۔

جائزے کے دوران ریلوے بورڈ کے چیئرمین (سی آر بی) نے نگرانی اور مسافروں کی آراء سے متعلق سرگرمیوں کے لیے مخصوص ٹیم کے ارکان سے بات چیت کی۔ انہوں نے موجودہ نظام کو مزید مضبوط بنانے پر زور دیا تاکہ نگرانی کا عمل زیادہ مؤثر، ٹیکنالوجی پر مبنی اور نتائج پر مرکوز بنایا جاسکے۔
ستییش کمار نے ہدایت دی کہ ریل مدد کے انٹرفیس کو مزید خودکار بنایا جائے، تاکہ مسافر صرف ایک کلک کے ذریعے آسان اور سہل انداز میں متعلقہ نظام سے رابطہ کرسکیں۔ ریل مدد کی شکایات کی مزید قریب سے نگرانی کرنے پر بھی زور دیا گیا۔ جہاں ضرورت ہو، مسافروں سے براہ راست بات چیت کرکے ان کے مسائل کو بہتر طور پر سمجھنے اور مؤثر انداز میں حل کرنے کی ہدایت دی گئی۔

جانچ کرنے والی ایجینسیوں کی ذمے داری کو مزید مضبوط بنانے کے لیے ریلوے بورڈ کے چیئرمین نے ہدایت دی کہ ہر معائنہ کرنے والی ایجنسی معائنے کے دوران سامنے آنے والی خامیوں اور اپنی کارکردگی کی تفصیلات باقاعدگی سے درج کرے، تاکہ اس کے کام کی مسلسل نگرانی اور جائزہ لیا جاسکے۔
کچن کی حقیقی وقت میں نگرانی مضبوط بنانے پر زور
جائزے کے دوران ریلوے کیٹرنگ کچن کی کیمرہ کے ذریعے نگرانی کو مزید وسیع کرنے پر بھی توجہ دی گئی۔ فی الحال کچن کی سرگرمیوں کی نگرانی کے لیے چار کیمرہ فیڈ دستیاب ہیں۔ ریلوے بورڈ کے چیئرمین نے ہدایت دی کہ خام مال ذخیرہ کرنے والے مقامات پر مزید کیمرے نصب کیے جائیں اور پی ٹی زیڈ (پین ٹِلٹ زوم) کیمرہ بھی لگایا جائے، تاکہ کچن کی سرگرمیوں پر وسیع اور مؤثر نظر رکھی جاسکے۔
کیمرہ پر مبنی نگرانی کے نظام سے کچن کی حالت اور کام کاج کا بھی جائزہ لیا جارہا ہے۔ جہاں خراب صورتحال پائی جائے وہاں متعلقہ نوٹس جاری کرکے اصلاحی کارروائی کی جائے گی۔ جائزے کے دوران جنوبی وسطی ریلوے کے اننت پور میں واقع ایک کچن کی حالت کو معائنے اور ویڈیو نگرانی کی بنیاد پر بہتر بنانے کی ضرورت محسوس کی گئی۔
روٹی اور پراٹھا بنانے کے عمل پر بھی خصوصی توجہ دی گئی۔ ریلوے بورڈ کے چیئرمین نے ہدایت دی کہ روٹی اور پراٹھا تیار کرنے کے پورے عمل کا جامع جائزہ لیا جائے، خامیوں کی نشاندہی کی جائے اور معیار میں یکسانیت یقینی بنائی جائے۔
تھرڈ پارٹی معائنوں اور سخت کارروائی پر زور
ستیش کمار نے کیٹرنگ کے معیار کو برقرار رکھنے میں تھرڈ پارٹی معائنہ ایجنسیوں کے کردار کا بھی جائزہ لیا۔ کئی مقامات پر تھرڈ پارٹی معائنوں کا نظام موجود ہے، تاہم اس بات پر زور دیا گیا کہ معائنے مؤثر، بامعنی اور نتائج پر مبنی ہوں۔ جن ایجنسیوں کی کارکردگی مسلسل غیر مؤثر پائی جائے، ان کے خلاف مناسب کارروائی پر غور کیا جائے، جس میں ضرورت کے مطابق انہیں فہرست سے خارج کرنا بھی شامل ہے، تاکہ معائنے کا نظام مطلوبہ معیار کی یقین دہانی کراسکے۔
مصنوعی ذہانت پر مبنی نگرانی اور خامیوں کی نشاندہی کرنے والے نظام کے استعمال پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔ ریلوے بورڈ کے چیئرمین نے ہدایت دی کہ چوہوں، کاکروچ اور دیگر خامیوں سے متعلق اے آئی الرٹس صرف نشاندہی تک محدود نہ رہیں بلکہ ان کے بعد مناسب انتباہی نوٹس اور سخت تادیبی کارروائی بھی کی جائے، تاکہ سامنے آنے والی خامیوں کا بروقت تدارک ہوسکے۔
جائزے میں ریلوے کیٹرنگ خدمات کے معیار کو مسلسل بہتر بنانے کے لیے مؤثر معائنے، ٹیکنالوجی پر مبنی مضبوط نگرانی اور فوری فالو اَپ کارروائی کی ضرورت پر زور دیا گیا۔ ان اقدامات کا مقصد مسافروں کا اعتماد بڑھانا، کھانے کے معیار اور حفظانِ صحت کے معیار کو بہتر بنانا اور ہندوستانی ریلوے میں مسافروں کی ضرورت کے مطابق زیادہ جوابدہ کیٹرنگ نظام یقینی بنانا ہے۔
************
ش ح ۔ م د ۔ م ص
(U : 2534 )
(रिलीज़ आईडी: 2302898)
आगंतुक पटल : 10