وزارت خزانہ
azadi ka amrit mahotsav

خزانہ اورکارپوریٹ امور کی مرکزی وزیر محترمہ نرملا سیتارمن 25 اگست سے 2 ستمبر 2026 تک کینیڈا اور امریکہ کے سرکاری دورے پر روانہ ہوں گی


مرکزی وزیر خزانہ محترمہ سیتارمن اور کینیڈا کے خزانہ و قومی محصول  کے وزیر عالی جناب فرانسوا-فلپ شیمپین دونوں ممالک کے درمیان ہونے والے پہلے اقتصادی و مالیاتی مذاکرات میں شرکت کریں گے

وزیر خزانہ محترمہ سیتارمن کینیڈا اور امریکہ کے دورے کے دوران سرکردہ سرمایہ کاروں، کاروباری اداروں اور مالیاتی شعبے کے نمائندوں کے ساتھ گول میز مذاکروں میں شرکت کریں گی، اس کے علاوہ نجی شعبے کے نمائندوں کے ساتھ اعلیٰ سطح کی دو طرفہ ملاقات بھی کریں گی

مرکزی وزیر خزانہ امریکی صدارت میں ہونے والے جی20 وزرائے خزانہ اور مرکزی بینکوں کے گورنروں کے اجلاس میں بھارتی وفد کی قیادت کریں گی

مرکزی وزیر خزانہ عوامی سطح کے روابط اور اقتصادی تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کے لئے ٹورنٹو اور شکاگو میں مقیم بھارتی برادری کے افراد سے بھی ملاقات کریں گی

प्रविष्टि तिथि: 24 AUG 2026 3:40PM by PIB Delhi

مرکزی وزیر خزانہ و کارپوریٹ امور محترمہ نرملا سیتارمن 25 اگست سے 2 ستمبر 2026 تک کینیڈا اور امریکہ کا سرکاری دورہ کریں گی، جس کا مقصد دوطرفہ اقتصادی اور مالیاتی شراکت داری کو مضبوط بنانا، سرمایہ کاری کے روابط کو مزید گہرا کرنا اور عالمی معیشت سے متعلق مشترکہ ترجیحات پر تعاون کو آگے بڑھانا ہے۔

کینیڈا کے ٹورنٹو میں اپنے دورے کے دوران محترمہ سیتارمن کینیڈا کے وزیر خزانہ و قومی محصول عالی جناب فرانسوا-فلپ شیمپین کے ساتھ دونوں ممالک کے درمیان ہونے والے پہلے اقتصادی و مالیاتی مذاکرات میں شرکت کریں گی۔ یہ مذاکرات دونوں فریق کو معاشی صورتِ حال، مالیاتی شعبے میں تعاون، دوطرفہ سرمایہ کاری کے مواقع اور مشترکہ بین الاقوامی ترجیحات پر تبادلۂ خیال کے لیے ایک اہم پلیٹ فارم فراہم کریں گے اور بھارت-کینیڈا کی تجدید شدہ شراکت داری کے اقتصادی و مالیاتی ستون کو مزید مضبوط بنانے میں معاون ثابت ہوں گے۔

حالیہ مہینوں میں ہونے والے دوطرفہ مذاکرات میں توانائی، اہم معدنیات، ٹیکنالوجی، اختراع اور مضبوط و مستحکم رسدی سلسلوں سمیت مختلف شعبوں میں تعاون کے مواقع پر بھی توجہ مرکوز کی گئی ہے۔ اس کے ساتھ ساتھ جامع اقتصادی شراکت داری معاہدے کی جانب جاری پیش رفت پر بھی بات چیت ہو رہی ہے۔

محترمہ سیتارمن سرکردہ چیف ایگزیکٹو افسران، صدور اور اعلیٰ عہدیداروں کے ساتھ سرمایہ کاری سے متعلق گول میز اجلاس میں شرکت کریں گی، جن میں توانائی، مصنوعی ذہانت اور اہم معدنیات کے شعبوں سے وابستہ نمائندے بھی شامل ہوں گے۔ اس ملاقات کا مقصد بھارت اور کینیڈا کے درمیان کاروباری سطح پر روابط کو فروغ دینا، سرمایہ کاری کے مواقع کی نشاندہی کرنا اور طویل مدتی تجارتی شراکت داری کو فروغ دینا ہے، جس میں گفٹ سٹی-آئی ایف ایس سی میں سرمایہ کاری کے مواقع بھی شامل ہیں۔

ایک اور کاروباری گول میز اجلاس میں مرکزی وزیر خزانہ کینیڈا اور بھارت کے درمیان تعاون، طویل مدتی سرمایہ کاری اور مالیاتی شعبے کی ترقی کے امکانات پر سرکردہ کاروباری شخصیات کے ساتھ تبادلۂ خیال کریں گی۔ بھارتی سرکاری شعبے کے بینکوں کے سینئر منیجنگ ڈائریکٹرز اور چیف ایگزیکٹو افسران بھی اس اجلاس میں شرکت کریں گے، جس سے مالیاتی شعبے میں مزید تعاون اور سرمایہ کاری کے روابط کے امکانات تلاش کرنے کا موقع ملے گا۔

ٹورنٹو کا کینیڈین کلب، کینیڈا-انڈیا بزنس کونسل کے اشتراک سے محترمہ سیتارمن اور عالی جناب شیمپین کے درمیان دونوں ممالک کے مشترکہ اقتصادی مفادات کو آگے بڑھانے کے موضوع پر خصوصی غیر رسمی گفتگو کا اہتمام کرے گا۔ اس گفتگو میں کینیڈا اور بھارت کے تجدید شدہ دوطرفہ تعلقات، سرمایہ کاری کے ماحول، ملکی اقتصادی ترجیحات اور بھارت-کینیڈا اقتصادی و مالیاتی تعلقات کے ارتقا اور مستقبل کی سمت پر تبادلۂ خیال کیا جائے گا۔

محترمہ سیتارمن کینیڈا میں قائم کمپنیوں کے چیف ایگزیکٹو افسران اور اعلیٰ انتظامی عہدیداروں کے ساتھ بالمشافہ ملاقاتیں بھی کریں گی۔ ان ملاقات میں سرمایہ کاری کے مواقع، بھارت کی اقتصادی ترقی کے امکانات اور بھارت میں کینیڈین کاروباری اداروں کی موجودگی کو وسعت دینے کے امکانات پر توجہ مرکوز کی جائے گی۔

مرکزی وزیر خزانہ ٹورنٹو میں مقیم بھارتی برادری کے ساتھ ایک خصوصی ملاقات میں بھی شرکت کریں گی، جس سے بھارتی برادری کے ساتھ رابطہ قائم کرنے اور بھارت و کینیڈا کے درمیان عوامی سطح کے روابط اور اقتصادی تعلقات کو مضبوط بنانے میں اس کے اہم کردار کو تسلیم کرنے کا موقع ملے گا۔

اگلے مرحلے کے تحت امریکہ کے دورے کے دوران محترمہ سیتارمن 28 اگست سے 2 ستمبر 2026 تک شکاگو، ایش وِل اور نیویارک کا دورہ کریں گی۔

شکاگو میں محترمہ سیتارمن سرکردہ سرمایہ کاروں کے ساتھ گول میز کانفرنس میں شرکت کریں گی اور نجی شعبے کے معروف چیف ایگزیکٹو افسران، صدور اور اعلیٰ نمائندوں سے ملاقات کریں گی۔ شکاگو میں منتخب کمپنیوں کے چیف ایگزیکٹو افسران اور اعلیٰ انتظامی عہدیداروں کے ساتھ دوطرفہ بالمشافہ ملاقاتیں بھی ہوں گی۔ ان مذاکرات میں بھارت میں سرمایہ کاری کے مواقع، معاشی منظرنامے اور بھارت و امریکہ کے درمیان کاروباری اور سرمایہ کاری کی شراکت داری کو مضبوط بنانے کے شعبوں پر توجہ مرکوز کی جائے گی۔

محترمہ سیتارمن شکاگو یونیورسٹی کے پولسکی مرکز برائے کاروباری سرگرمی اور اختراع کا بھی دورہ کریں گی، جہاں وہ کاروباری سرگرمی، اختراع، ٹیکنالوجی کو تجارتی شکل دینے اور بھارت کے تیزی سے وسعت پاتے ہوئے اسٹارٹ اَپ اور اختراعی نظام کے ساتھ روابط مضبوط بنانے کے حوالے سے خیالات کا تبادلہ کریں گی۔

مرکزی وزیر خزانہ اپنے دورے کے دوران شکاگو میں مقیم بھارتی برادری سے بھی ملاقات کریں گی۔

نارتھ کیرولینا کے ایش وِل میں محترمہ سیتارمن جی20 کی امریکی صدارت کے تحت ہونے والے جی20 وزرائے خزانہ اور مرکزی بینکوں کے گورنروں کے اجلاس میں بھارتی وفد کی قیادت کریں گی۔ یہ اجلاس 31 اگست اور یکم ستمبر کو منعقد ہوگا، جس میں جی20 کے رکن ممالک کے وزرائے خزانہ، مرکزی بینکوں کے گورنر اور اعلیٰ اقتصادی عہدیدار اہم عالمی اقتصادی اور مالیاتی امور پر غور و خوض کریں گے۔ اس اجلاس سے قبل 29 اور 30 اگست کو جی20 کے وزرائے خزانہ اور مرکزی بینکوں کے نائبین کا اجلاس منعقد ہوگا۔

جی20 کے مالیاتی شعبے میں بھارت کی شرکت عالمی اقتصادی ترقی اور استحکام، بین الاقوامی مالیاتی تعاون اور ترقی پذیر و ترقی یافتہ معیشتوں سے متعلق دیگر اہم امور پر ہونے والی بات چیت میں اپنا مؤثر کردار ادا کرنے کے لیے ایک اہم پلیٹ فارم فراہم کرتی ہے۔ اس شرکت کے ذریعے بھارت کو عصرِ حاضر کے عالمی اقتصادی چیلنجز سے متعلق اپنے مؤقف کو آگے بڑھانے اور جی20 کے شراکت دار ممالک کے ساتھ تعاون کو مزید مضبوط بنانے کا موقع بھی ملے گا۔

نیویارک میں محترمہ سیتارمن نیویارک میں قائم معروف کمپنیوں کے چیف ایگزیکٹو افسران اور اعلیٰ نمائندوں کے ساتھ سرمایہ کاروں کے گول میز اجلاس میں شرکت کریں گی۔ وہ مالیاتی شعبے کے سینئر عہدیداروں اور چیف ایگزیکٹو افسران کے ساتھ بالمشافہ ملاقات بھی کریں گی، جن میں سرمایہ کاری کے مواقع، بھارت کے اقتصادی و مالیاتی منظرنامے اور بھارت و امریکہ کے درمیان مالیاتی و ادارہ جاتی روابط کو مضبوط بنانے کے امکانات پر تبادلۂ خیال کیا جائے گا۔

نیویارک کے دورے کے دوران نیس ڈیک، جو عالمی سطح پر الیکٹرانک بازار کے قیام میں پیش پیش اور دنیا کے معروف ٹیکنالوجی پر مبنی مالیاتی منڈی کے پلیٹ فارموں میں سے ایک ہے، محترمہ سیتارمن کوبیل رِنگنگ  کی خصوصی تقریب میں مدعو کرے گا۔ اس دورے سے ٹیکنالوجی پر مبنی مالیاتی منڈیوں میں ہونے والی پیش رفت اور ٹیکنالوجی و سرمایہ بازاروں کے درمیان بدلتے ہوئے تعلقات کو سمجھنے کا موقع ملے گا۔

***

ش ح۔ ک ا۔ ع د

U.NO.2523


(रिलीज़ आईडी: 2302770) आगंतुक पटल : 7
इस विज्ञप्ति को इन भाषाओं में पढ़ें: English , हिन्दी , Bengali , Bengali-TR , Gujarati , Kannada