الیکٹرانکس اور اطلاعات تکنالوجی کی وزارت
بھارت کی سب سے بڑی سیمی کنڈکٹر نمائش 17 سے 19 ستمبر 2026 تک نئی دہلی کے یشوبھومی میں منعقد ہوگی
سیمی کون انڈیا 2026 — سلیکون سے نظام تک: ایکو نظام کی تشکیل
प्रविष्टि तिथि:
18 AUG 2026 3:47PM by PIB Delhi
سیمی کون انڈیا کے پانچویں ایڈیشن کا باضابطہ افتتاح وزیر اعظم جناب نریندر مودی 17 ستمبر 2026 کو نئی دہلی کے یشوبھومی (انڈیا انٹرنیشنل کنونشن اینڈ ایکسپو سینٹر) میں کریں گے۔

ہندوستان کے سیمی کنڈکٹر کے سفر میں ایک اور اہم سنگِ میل کی حیثیت سے سیمی کون انڈیا 2026 عالمی سیمی کنڈکٹر ایکو نظام سے وابستہ اہم فریقوں، حکومت اور صنعت کے رہنماؤں، صنعت کے ماہرین، تعلیمی شعبے سے وابستہ افراد، سرکاری افسران اور طلبہ کو ایک مشترکہ پلیٹ فارم پر یکجا کرے گا۔
سیمی کون انڈیا پروگرام کے تحت انڈیا سیمی کنڈکٹر مشن (آئی ایس ایم) کے ذریعے ہندوستان کا سیمی کنڈکٹر کا سفر تیزی سے آگے بڑھ رہا ہے۔ ملک میں ایک مضبوط اور پائیدار سیمی کنڈکٹر ایکو نظام کی تشکیل کے مقصد سے سیمی کون 1.0 کے تحت 12 منصوبوں کو منظوری دی گئی ہے۔ مزید برآں، مرکزی کابینہ نے اگلے مرحلے یعنی سیمی کون 2.0 کو بھی منظوری دے دی ہے، جس کا مقصد ہندوستان میں مضبوط اور پائیدار سیمی کنڈکٹر ایکو نظام کی ترقی کو مزید تیز کرنا ہے۔

سیمی کنڈکٹرز کو بنیادی اہمیت کی حامل صنعت تسلیم کرتے ہوئے حکومت تحقیق، اختراع اور ڈیزائن کے شعبوں کی بھی معاونت کر رہی ہے۔ اس مقصد کے لیے 332 سے زائد تعلیمی اداروں اور 105 اسٹارٹ اَپس کو جدید ترین ڈیزائن آلات فراہم کیے جا رہے ہیں۔ اس کے علاوہ ڈیزائن سے منسلک ترغیبی اسکیم (ڈی ایل آئی) کے تحت 24 اسٹارٹ اَپس کو منظوری دی گئی ہے، جس سے ہندوستانی اختراع کاروں کو اہم اور کلیدی شعبوں میں کام کرنے کے مواقع میسر آ رہے ہیں۔ یہ اقدامات ملک میں ایک مضبوط اور جامع سیمی کنڈکٹر ایکو نظام کی تشکیل میں معاون ثابت ہو رہے ہیں، جو آتم نربھر بھارت کے وژن سے ہم آہنگ ہے۔
ہندوستان کے سیمی کنڈکٹر شعبے میں ترقی کی رفتار کو مزید تیز کرتے ہوئے، انڈیا سیمی کنڈکٹر مشن (آئی ایس ایم)، وزارتِ الیکٹرانکس و انفارمیشن ٹیکنالوجی (میتی) اور عالمی سیمی کنڈکٹر صنعت کی نمائندہ تنظیم سیمی نے آج نئی دہلی میں منعقدہ ایک پریس کونفرنس میں سیمی کون انڈیا 2026 کے پروگرام کا اعلان کیا۔
سیمی کون انڈیا 2026: سیمی کون انڈیا کونفرنس اور نمائش کا پانچواں ایڈیشن ’’سلیکون سے نظام تک: ایکو نظام کی تشکیل‘‘ کے موضوع کے تحت 17 سے 19 ستمبر 2026 تک یشوبھومی (آئی آئی سی سی)، دوارکا، نئی دہلی میں منعقد ہوگا۔ اس کا مشترکہ اہتمام انڈیا سیمی کنڈکٹر مشن اور سیمی کے ذریعے کیا جائے گا۔
یہ تقریب حکومتِ ہند کی ترقی پسند پالیسیوں اور اسکیموں پر اعتماد کو مزید مستحکم کرتی ہے اور قومی و بین الاقوامی صنعت کے رہنماؤں، سرمایہ کاروں، پالیسی سازوں اور دیگر متعلقہ فریقوں کے درمیان ایک مضبوط، لچکدار اور پائیدار سیمی کنڈکٹر ایکو نظام کی ترقی کے لیے ہندوستان کے عزم کو اجاگر کرتی ہے۔

تین روزہ اس تقریب میں کلیدی خطبات، پینل مباحثوں، ماہرین کے ساتھ خصوصی غیر رسمی گفتگو، بین الاقوامی ممالک کے گول میز کانفرنسز اور دیگر متنوع معلوماتی سرگرمیوں کا انعقاد ہوگا۔ اس کے ذریعے مکالمے اور باہمی تعاون کے لیے ایک ایسا پلیٹ فارم فراہم کیا جائے گا، جو سیمی کنڈکٹر کے شعبے میں اختراع اور ترقی کی رفتار کو مزید تیز کرنے میں معاون ہوگا۔
کونفرنس میں سیمی کنڈکٹر اور الیکٹرانکس کے پورے ایکو نظام سے متعلق مختلف موضوعات کا احاطہ کیا جائے گا، جن میں شامل ہیں:
- مختلف موضوعاتی نشستیں اور اجلاس
- مینوفیکچرنگ اور ٹیکنالوجی
- مصنوعی ذہانت اور ڈیجیٹل تبدیلی
- سپلائی چین
- کیمیکلز، گیسز اور خام مواد
- پالیسی اور حکومتی پروگرام
- پائیداری اور ماحولیاتی، سماجی اور انتظامی امور
- مصنوعات کی تیاری اور ڈیزائن
- اسٹارٹ اَپس اور اختراع
- افرادی قوت کی صلاحیت سازی اور ہنرمندی
- ہندوستانی برانڈز اور مارکیٹ کی ترقی
- قیادت اور حکمتِ عملی سے متعلق خصوصی فورمز
- 6 بین الاقوامی ممالک کے گول میز اجلاس
- خواتین کو بااختیار بنانے اور قیادت کے لیے خصوصی اجلاس
- افرادی قوت کی ترقی سے متعلق اجلاس’’مل کر مضبوط بنیں: ہندوستان میں ای ایس ڈی ایم کی ترقی کے لیے صنعتی انجمنوں کا باہمی تعاون‘‘ کے موضوع پر خصوصی اجلاس بھی منعقد ہوگا۔
مزید برآں، سیمی کون انڈیا 2026 کی نمائش میں مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والے شرکا اور متعدد پروگرام شامل ہوں گے، جن کی نمایاں خصوصیات درج ذیل ہیں:
- عالمی سیمی کنڈکٹر اور الیکٹرانکس کے مکمل ایکو نظام کی نمائندگی کرنے والے 500 سے زائد نمائش کنندگان
- 240 سے زائد بین الاقوامی کمپنیوں کی شرکت
- عالمی سطح پر معروف 150 سے زائد مقررین
- 40 سے زائد ممالک کے وفود
- 15,000 مربع میٹر سے زائد رقبے پر مشتمل نمائش
- 6 کنٹری پویلین
- 10 ریاستی حکومتوں کے پویلین
- اسٹارٹ اَپ پویلین اور اختراعی نمائش
- اسٹارٹ اَپ پچ مقابلہ
- طلبہ کا ہیکاتھون
- افرادی قوت کی ترقی کا پویلین
وزارتِ الیکٹرانکس و انفارمیشن ٹیکنالوجی (میتی) کے سکریٹری جناب ایس کرشنن نے کہا کہ’’حکومتِ ہند نے اپنی ترقی پسند پالیسیوں اور وسیع تعاون کے ذریعے سیمی کنڈکٹر شعبے کی اہمیت اور افادیت کے بارے میں واضح عزم کا اظہار کیا ہے۔ سیمی کون انڈیا کونفرنس اور نمائش میں ہر سال شرکت کا رجحان نمایاں طور پر بڑھ رہا ہے۔ اس سال یہ تقریب دو وجوہات کی بنا پر خاص طور پر اہم ہے۔ پہلی وجہ یہ ہے کہ یہ تقریب سیمی کون انڈیا پروگرام کی عملی کامیابی کے پس منظر میں منعقد ہو رہی ہے، جہاں سیمی کون 1.0 کے تحت منظور کیے گئے 12 سیمی کنڈکٹر منصوبوں میں سے 3 نے کمرشیل پیداوار شروع کر دی ہے۔ دوسری وجہ اگلے مرحلے یعنی سیمی کون 2.0 کا اعلان ہے، جس کے 6 اہم ستون ہیں اور جو ایک مضبوط اور پائیدار سیمی کنڈکٹر ایکو نظام کی تعمیر کے لیے ہندوستان کے عزم کو مزید مستحکم کرتا ہے۔‘‘
سیمی کے صدر اور چیف ایگزیکٹو آفیسر جناب اجیت منوچا نے کہا کہ ’’سیمی گزشتہ پانچ دہائیوں سے زائد عرصے سے دنیا بھر میں سیمی کنڈکٹر مراکز کے فروغ میں معاون رہی ہے اور رفتار، عزم، باصلاحیت افرادی قوت اور طویل مدتی وژن کے امتزاج کے باعث ہندوستان ترقی کے لیے بہترین پوزیشن میں ہے۔ سیمی کون انڈیا 2026 کے ذریعے سیمی اپنے عالمی نیٹ ورک کی اجتماعی طاقت کو ہندوستان کے سفر میں شامل کر رہا ہے۔ ہندوستان کے لیے موقع صرف عالمی سپلائی چین کا حصہ بننے تک محدود نہیں، بلکہ اس کا ایک لازمی حصہ بننا ہے۔ سیمی کون انڈیا 2026 اسی عزم کو تیز کرنے کے لیے منعقد کیا جا رہا ہے۔‘‘
وزارتِ الیکٹرانکس و انفارمیشن ٹیکنالوجی (میتی) کے ایڈیشنل سکریٹری اور انڈیا سیمی کنڈکٹر مشن (آئی ایس ایم) کے چیف ایگزیکٹو آفیسر جناب امیتیش کمار سنہا نے کہا کہ ’’سیمی کون انڈیا 2026 دنیا بھر کے مختلف ممالک اور کمپنیوں کے نمائندوں، ہندوستان میں مینوفیکچرنگ یونٹس قائم کرنے کے لیے منظور شدہ ہندوستانی کمپنیوں اور ملک میں مواقع تلاش کرنے والی کمپنیوں کو ایک مشترکہ پلیٹ فارم پر لانے کا موقع فراہم کرتا ہے۔ اس کے علاوہ مرکزی اور ریاستی حکومتوں کے رہنماؤں اور پالیسی سازوں کے ساتھ ان سپلائی چین شراکت داروں کو بھی یکجا کیا جائے گا، جو ہندوستان میں سیمی کنڈکٹر ڈیزائن اور مینوفیکچرنگ کے فروغ میں معاونت کے خواہاں ہیں۔ عالمی سطح پر سیمی کنڈکٹرز کی ضرورت تقریباً 1 ٹریلین ڈالر سے بڑھ کر 2 ٹریلین ڈالر تک پہنچنے کی توقع ہے، جبکہ ہندوستان میں بھی سیمی کنڈکٹرز کی ضرورت تقریباً 100 ارب ڈالر سے بڑھ کر 200 ارب ڈالر تک پہنچنے کی توقع ہے۔ کونفرنس میں سیمی کنڈکٹر اور الیکٹرانکس کے ایکو نظام سے متعلق مختلف موضوعات کا احاطہ کیا جائے گا، جن میں ’خواتین کو بااختیار بنانے اور قیادت‘ کے موضوع پر خصوصی اجلاس بھی شامل ہے۔‘‘
سیمی انڈیا اور آئی ای ایس اے کے صدر جناب اشوک چندک نے کہا کہ ’’سیمی کون انڈیا 2026 کا موضوع ’سلیکون سے نظام تک — ایکو نظام کی تشکیل‘ ہندوستان کی ایک جامع اور عالمی سطح پر مسابقتی سیمی کنڈکٹر ویلیو چین تشکیل دینے کی جانب پیش رفت کی عکاسی کرتا ہے۔ اس سال کی تقریب میں عالمی اور ہندوستانی کمپنیوں کی جانب سے نمایاں دلچسپی اس اعتماد کا ثبوت ہے جو صنعت کے رہنما ہندوستان کے سیمی کنڈکٹر سفر پر رکھتے ہیں۔ سیمی کون انڈیا اب ایسا سالانہ پلیٹ فارم بن چکا ہے جہاں صنعت کے رہنما، پالیسی ساز، محققین، اسٹارٹ اَپس اور سرمایہ کار ایک ساتھ جمع ہوتے ہیں، باہمی تعاون کی نئی راہیں ہموار ہوتی ہیں، شراکت داریاں قائم ہوتی ہیں اور ہندوستان میں سیمی کنڈکٹر شعبے کی ترقی کے اگلے مرحلے کو تیز رفتاری ملتی ہے۔ اس سال ’ریت سے سلیکون اور سلیکون سے نظام تک‘ ویلیو چین کے نئے تجربے کا آغاز اس بات کا مظہر ہے کہ ہندوستان اپنی ساکھ قائم کرنے کے مرحلے سے آگے بڑھ کر اپنی صلاحیتوں کا عملی مظاہرہ کر رہا ہے اور پورے سیمی کنڈکٹر ایکو نظام میں ملک کی بڑھتی ہوئی قوتوں کو نمایاں کر رہا ہے۔‘‘
یہ تقریب خیالات، باہمی تعاون اور اختراع کے غیر معمولی امتزاج کے لیے ایک اہم پلیٹ فارم فراہم کرے گی، جہاں مستقبل کے پیچیدہ چیلنجوں سے نمٹنے کے مواقع پیدا ہوں گے اور سیمی کنڈکٹر کے پورے ایکو نظام میں مزید وسیع تعاون کو فروغ ملے گا۔
ممتاز سرکاری افسران کے علاوہ، اس سال کی تقریب میں دنیا کی معروف کمپنیوں کے صنعت کے سرکردہ رہنما بھی شرکت کریں گے، جن میں اے ایس ایم ایل، اپلائیڈ میٹیریلز، ٹیراڈائن، انفینیون، ایبارا، جے ایبل، آئی بی ایم ریسرچ، این ایکس پی، ٹاٹا الیکٹرانکس، مائیکرون، مرکس کے جی اے اے، ریپیڈس، لیم ریسرچ، سی جی پاور، یونو منڈا، ایڈوان ٹیسٹ، اِنَکس ایئر پروڈکٹس، سیمی، ہوریبا ایس ٹی ای سی، اسکرین، ایورسپن ٹیکنالوجیز، بریور سائنس، پولر سیمی کنڈکٹر، ٹوکیو الیکٹرون، ایمرجنس اے آئی اور دیگر شامل ہیں۔
سیمی کون انڈیا 2026 کے لیے آنے والے افراد کا رجسٹریشن اب شروع ہو گیا ہے
ابھی رجسٹریشن کریں: https://portal.semiconindia.org/register
سیمی کان انڈیا کے بارے میں
سیمی کون انڈیا، ہندوستان کی ممتاز سیمی کنڈکٹر کانفرنس اور نمائش ہے، جس کا مشترکہ اہتمام انڈیا سیمی کنڈکٹر مشن (آئی ایس ایم)، وزارتِ الیکٹرانکس و انفارمیشن ٹیکنالوجی (میتی)، حکومتِ ہند اور سیمی کے ذریعے کیا جاتا ہے۔ یہ ملک کا ایک اہم پلیٹ فارم ہے، جہاں عالمی سیمی کنڈکٹر اور الیکٹرانکس کے ایکو نظام سے وابستہ افراد اور اداروں کو باہمی تعاون، اختراع، مینوفیکچرنگ، سرمایہ کاری اور ہنرمندی کی ترقی کو فروغ دینے کے لیے ایک جگہ جمع کیا جاتا ہے۔ اس کے ساتھ ہی یہ ہندوستان کو سیمی کنڈکٹر اور الیکٹرانکس کی مینوفیکچرنگ کے لیے ایک قابلِ اعتماد عالمی مرکز بنانے کے وژن کی حمایت کرتا ہے۔
سیمی کے بارے میں
سیمی عالمی صنعت کی نمائندہ تنظیم ہے، جو دنیا بھر میں سیمی کنڈکٹر اور الیکٹرانکس کے ڈیزائن اور مینوفیکچرنگ کی سپلائی چین سے وابستہ 4,000 سے زائد کمپنیوں اور 15 لاکھ سے زیادہ پیشہ ور افراد کو ایک دوسرے سے جوڑتی ہے۔ یہ تنظیم وکالت، افرادی قوت کی ترقی، پائیداری، سپلائی چین مینجمنٹ اور دیگر پروگراموں کے ذریعے صنعت کو درپیش اہم چیلنجوں کے حل کے لیے اپنے اراکین کے درمیان تعاون کو تیز کرتی ہے۔ سیمی کان کی نمائشیں اور تقریبات، ٹیکنالوجی سے متعلق کمیونٹیز، معیارات اور مارکیٹ سے متعلق معلومات، ڈیزائن، آلات، مشینری، خام مال، خدمات اور سافٹ ویئر کے شعبوں میں اس کے اراکین کے کاروباری فروغ اور اختراع کو آگے بڑھانے میں معاون ہیں، جس سے زیادہ ذہین، تیز رفتار اور محفوظ الیکٹرانکس کی تیاری ممکن ہوتی ہے۔
انڈیا سیمی کنڈکٹر مشن کے بارے میں
انڈیا سیمی کنڈکٹر مشن (آئی ایس ایم) کا مقصد ایک مضبوط سیمی کنڈکٹر اور ڈسپلے ایکو نظام قائم کرنا اور ہندوستان کو الیکٹرانکس کی مینوفیکچرنگ اور ڈیزائن کے لیے ایک عالمی مرکز کے طور پر مستحکم کرنا ہے۔ اس کے ساتھ یہ سیمی کنڈکٹر اور ڈسپلے سے متعلق اسکیموں کے مؤثر اور بلارکاوٹ نفاذ کے لیے نوڈل ایجنسی کے طور پر بھی کام کرتا ہے۔
***********
ش ح۔م ع ۔ ا ک م
U No. 2277
(रिलीज़ आईडी: 2300876)
आगंतुक पटल : 17