وزارت دفاع
وزیر دفاع نے این سی سی کی آل انڈیا گرلز ہائی الٹی ٹیوڈ لانگ ٹریک مہم‘اپراجیتا-پرانگ لا 2026’ کو جھنڈی دکھا کر روانہ کیا
تینوں مسلح افواج کی خاتون افسران کی قیادت میں 28 گرل کیڈٹس 30 روزہ مہم کے دوران بھارت کے دشوار ترین بلند پہاڑی راستوں میں سے ایک پر 250 کلومیٹر کا سفر طے کریں گی
یہ مہم ملک کی ‘ناری شکتی’ کی ہمت ، عزم اور بڑھتی ہوئی صلاحیتوں کا ایک طاقتور ثبوت ہے: جناب راج ناتھ سنگھ
प्रविष्टि तिथि:
18 AUG 2026 12:55PM by PIB Delhi
وزیر دفاع جناب راج ناتھ سنگھ نے 18 اگست 2026 کو نئی دہلی میں ایک تقریب کے دوران نیشنل کیڈٹ کور (این سی سی) کی فلیگ شپ ایڈونچر سرگرمی آل انڈیا گرلز ہائی الٹی ٹیوڈ لانگ ٹریک‘اپراجیتا-پرانگ لا 2026’کو جھنڈی دکھا کر روانہ کیا ۔ یہ ٹریک 5,578 میٹر (18,300 فٹ) بلند پرانگ لا درّے سے گزرے گی، جو ہماچل پردیش کی اسپیتی وادی کو لداخ کے چانگ تھانگ خطے سے ملاتا ہے۔ اسے ملک کے دشوار ترین بلند پہاڑی ٹریکنگ راستوں میں سے ایک سمجھا جاتا ہے۔

ٹیم کی قیادت تینوں افواج کی نمائندگی کرنے والی تین خواتین افسران کریں گی ۔ 28 گرل کیڈٹس اس مہم میں حصہ لے رہی ہیں ، جن کی اوسط عمر 19 سال ہے ،جبکہ سب سے کم عمر شریک طالبہ کی عمر صرف ساڑھے 16 سال ہے۔ اپنے خطاب میں وزیر دفاع نے اس طرح کی مشکل اونچائی کی مہم میں نوجوان لڑکیوں کی شرکت کو ملک کی خواتین کی ہمت ، عزم اور بڑھتی ہوئی صلاحیتوں کا ایک طاقتور ثبوت قرار دیا ۔
افسران، طبی عملے، انسٹرکٹرز اور معاون عملے کے ہمراہ مہم کی ٹیم ہمالیہ کے انتہائی دور افتادہ اور دشوار گزار علاقوں سے گزرتے ہوئے 30 دن میں تقریباً 250 کلومیٹر کا سفر طے کرے گی۔ مہم کا راستہ کیبر، ڈملا، تھلتک، بونگروجین، پرانگ لا درّہ، ڈاک کارزونگ، نوربو سمدو، کیانگ ڈوم اور کورزوک سے ہوکر گزرے گا، جہاں بلند پہاڑی صحراؤں، گلیشیئرز، برف پوش میدانوں اور دریائی وادیوں کا سامنا ہوگا۔

محفوظ اور کامیاب ٹریک کے لیے ٹیم کو نیک خواہشات پیش کرتے ہوئے جناب راج ناتھ سنگھ نے کہا کہ اس طرح کی مہمات نوجوانوں میں قائدانہ خصوصیات ، ذہنی لچک ، نظم و ضبط اور خود اعتمادی کو فروغ دینے میں اہم کردار ادا کرتی ہیں ۔ انہوں نے منتخب کیڈٹس کو ان کی جسمانی اور ذہنی تیاری کے لیے سراہا اور اس بات پر زور دیا کہ یہ ٹریک ان کے لیے لچک ، اعتماد اور خود کی دریافت میں زندگی کا سبق ہوگا ۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ ‘‘کیڈٹس پرانگ لا سے نہ صرف یادگار تجربات بلکہ اپنی اندرونی طاقت کی گہری تفہیم کے ساتھ واپس آئیں گے’’ ۔

وزیر دفاع نے مہم کے دوران ٹیم کے ارکان کو ‘حفاظت’، ‘ماحولیات’اور ‘مقامی برادریوں کے ساتھ روابط’ کو اپنی ترجیحات میں سرفہرست رکھنے کی تلقین کی۔ انہوں نے کیڈٹس سے کہا،‘انسٹرکٹرز کی ہدایات پر سختی سے عمل کریں، غیر ضروری خطرات مول لینے سے گریز کریں اور ہمالیائی ماحولیات کے تحفظ کے لیے صفر فضلہ پالیسی اپنائیں۔ مقامی برادریوں کے ساتھ احترام کے ساتھ میل جول رکھیں، ان کی ثقافت اور روایات کو سمجھیں اور ان کے تجربات سے سیکھیں۔ یہ مہم آپ کی زندگی کا ایک یادگار سنگِ میل ثابت ہوگی اور آپ کو زندگی کے ہر مرحلے پر ‘اپراجیتا’ یعنی ناقابلِ شکست رہنے کی ترغیب دے گی۔
زمین، پانی اور فضا سے متعلق مہماتی سرگرمیوں میں این سی سی کیڈٹس کی بڑھتی ہوئی کامیابیوں کو اجاگر کرتے ہوئے جناب راج ناتھ سنگھ نے خاتون کیڈٹس کو صفِ اوّل میں رہ کر قیادت کرنے اور ‘ناری شکتی’ کے جذبے کا مظاہرہ کرنے پر سراہا۔ ملک بھر کی این سی سی ڈائریکٹوریٹس سے کیڈٹس کی شرکت کا ذکر کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ مختلف زبانوں، ثقافتوں اور پس منظر سے تعلق رکھنے والے یہ کیڈٹس ایک مشترکہ مقصد کے لیے متحد ہوکر ‘ایک بھارت، شریشٹھ بھارت’ کے جذبے کی بہترین عکاسی کرتے ہیں۔

اس موقع پر این سی سی کے ڈائریکٹر جنرل لیفٹیننٹ جنرل وریندر وتس اور این سی سی اور وزارت دفاع کے دیگر سینئر افسران موجود تھے ۔ یہ مہم دو مراحل میں چلائی جا رہی ہے ۔ بھابھا-پن ویلی سیکٹر میں تیاری اورماحول کے موافق ڈھلنے کیلئے ٹریک شروع کیا گیا ، جس کے بعد این سی سی گرل کیڈٹس کی حتمی ٹیم کو میرٹ کی بنیاد پر منتخب کیا گیا ۔ اس مہم کا تصور این سی سی گرل کیڈٹس کے درمیان ناری شکتی ، قیادت ، خود اعتمادی ، ٹیم ورک ، برداشت اور قومی یکجہتی کو فروغ دینے کے لیے کیا گیا ہے ۔
***
ش ح ۔ک ا۔م ش
U. No.2265
(रिलीज़ आईडी: 2300785)
आगंतुक पटल : 12