بھارتی چناؤ کمیشن
azadi ka amrit mahotsav

چیف الیکشن کمشنر جناب گیانیش کمار نے باخبر جمہوری شرکت کو مضبوط کرنے کے لیے اکیڈمیا سے اپیل کی

प्रविष्टि तिथि: 17 AUG 2026 7:41PM by PIB Delhi
  1. بھارت کے الیکشن کمیشن (ای سی آئی) نے آج گیان بھون، پٹنہ میں منعقدہ انتخابی خواندگی کلب اور ای سی آئی نیٹپر ایک کانفرنس کے دوران انتخابی خواندگی کلب (ای ایل سی 2.0) کا اِفتتاح کیا۔ چیف الیکشن کمشنر جناب گیانیش کمار نے کانفرنس سے خطاب کیا اور کہا کہ تعلیمی ادارے انتخابی عمل پر اعتماد کو مضبوط کرنے، انتخابی خواندگی کو مستحکم کرنے اور باخبر جمہوری شرکت کو فروغ دینے میں اہم کردار ادا کر سکتے ہیں۔
  2. چیف الیکشن کمشنر گیانیش کمار نے اپنے افتتاحی خطاب میں بیان کیا کہ بھارت میں انتخابات کس طرح بھارت کے آئین، قانون اور الیکشن کمیشن کی طرف سے جاری کردہ ہدایات کے مطابق سختی سے منعقد کیے جاتے ہیں اور تمام مراحل پر سیاسی جماعتوں، امیدواروں یا ان کے نمائندوں کے ہمہ وقت آڈٹ کے تحت شفاف طریقے سے منعقد ہوتے ہیں۔ انھوں نے طلبہ اور نوجوان ووٹروں کو بھارت کے انتخابی نظام، جمہوری اقدار، انتخابی رجسٹریشن، پولنگ اور گنتی کے عمل، اور بھارت کے الیکشن کمیشن کے کردار اور کام سے واقف کرانے کی ضرورت پر زور دیا۔
  3. نوجوان شہریوں کو شامل کرنے کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے، چیف الیکشن کمشنر جناب گیانیش کمار نے بیان کیا کہ انتخابی عمل میں ان کا اعتماد اور باخبر شرکت جمہوریت کے مستقبل میں ایک سرمایہ کاری ہے۔
  4. اس موقع پر انتخابی خواندگی کلب کے نئے لوگو کی بھی نقاب کشائی کی گئی۔ نئی ٹیگ لائن، جمہوریت سیکھیں، جمہوریت کی قیادت کریں، نوجوان اور پہلی بار ووٹ ڈالنے والے ووٹروں کو نہ صرف جمہوریت کو سمجھنے بلکہ اس کی ترقی میں بامعنی شرکت کرنے اور اپنا حصہ ڈالنے کی ترغیب دینے کے مقصد کو تقویت دیتی ہے۔
  5. اس سے قبل پروگرام میں، چیف الیکشن کمشنر جناب گیانیش کمار نے راجگیر انٹرنیشنل کنونشن سینٹر، نالندہ میں بوتھ لیول افسران (بی ایل او) کے ساتھ ایک میٹنگ منعقد کی۔ 16-17 اگست 2026 کو بہار کے اپنے دو روزہ دورے کے دوران، چیف الیکشن کمشنر نے مدھوبنی، ویشالی اور نالندہ میں فیلڈ وزٹ بھی کیے۔
  6. ای ایل سی 2.0 انتخابی خواندگی کلبوں کو اسکولوں، کالجوں اور یونیورسٹیوں میں منظم، مرئی اور ڈیجیٹل طور پر فعال پلیٹ فارمز کے طور پر دوبارہ تصور کرتا ہے۔ اس پہل کا مقصد نوجوان شہریوں میں انتخابی خواندگی اور ان کے خاندانوں، تعلیمی اداروں اور برادریوں میں انتخابی بیداری کو فروغ دینے کے لیے مسلسل، سال بھر کی سرگرمیاں انجام دینا ہے۔
  7. ای ایل سی 2.0 وسیع ای سی آئی نیٹ ڈیجیٹل پلیٹ فارم کا فائدہ اٹھائے گا جو ایک بٹن کے کلک پر رول سے پول تک انتخابات سے متعلق تمام خدمات فراہم کرتا ہے۔ ای سی آئی نیٹ پر ایک وقف ای ایل سی پورٹل کا استعمال کرتے ہوئے ای ایل سی کا ایک ہم وار پین-بھارت نیٹ ورک تیار کیا جائے گا۔
  8. یہ پہل بھارت کے وسیع تعلیمی ایکو سسٹم کے پیش نظر اہمیت اختیار کرتی ہے، جس میں تقریباً 15 لاکھ اسکول شامل ہیں جن میں تقریباً 25 کروڑ طلبہ اور ایک کروڑ سے زیادہ اساتذہ ہیں۔ اعلیٰ تعلیم کے شعبے میں تقریباً 1,500 یونیورسٹیاں اور تقریباً 70,000 تعلیمی ادارے شامل ہیں، جن میں تخمینہ 4.33 کروڑ طلبہ کا اندراج ہے۔
  9. اس وسیع ادارہ جاتی نیٹ ورک کے ذریعے، ای ایل سی 2.0 حقائق پر مبنی اور تجرباتی انتخابی تعلیم کو فروغ دینے، بھارت کے انتخابی نظام کی شفافیت، سالمیت اور اعتبار کے بارے میں بیداری بڑھانے، اور نوجوان شہریوں کو باخبر جمہوری شرکت کے سفیر بننے کی ترغیب دینے کی کوشش کرتا ہے۔
  10. ای ایل سی انتخابی عمل کے مختلف مراحل، بشمول انتخابی رجسٹریشن، پولنگ اور گنتی، کے ساتھ ساتھ ای سی آئی نیٹ ایپ اور بھارت کے الیکشن کمیشن کی دیگر اہم پہلوں کے بارے میں معلومات پھیلانے کے لیے بھی پلیٹ فارم کے طور پر کام کریں گے۔

***

(ش ح - ع ا)

U.No. 2194


(रिलीज़ आईडी: 2300647) आगंतुक पटल : 9
इस विज्ञप्ति को इन भाषाओं में पढ़ें: English , हिन्दी , Marathi , Gujarati , Tamil