ماحولیات، جنگلات اور موسمیاتی تبدیلی کی وزارت
ہندوستان نئی دہلی کے بھارت منڈپم میں برکس ماحولیاتی ورکنگ گروپ کے اجلاسوں کی میزبانی کرے گا (17 تا 18 اگست 2026)
برکس کے رکن ممالک مشترکہ ماحولیاتی ترجیحات پر غور و خوض کریں گے اور مضبوط، پائیدار و لچک دار مستقبل کے لیے باہمی تعاون کو مزید مستحکم کریں گے
प्रविष्टि तिथि:
16 AUG 2026 9:11AM by PIB Delhi
بھارت 18 اگست 2026 کو نئی دہلی میں برکس وزرائے ماحولیات کے 12ویں اجلاس کی میزبانی کرے گا۔ اس سے قبل 17 اگست 2026 کو ماحولیاتی ورکنگ گروپ اور موسمیاتی تبدیلی و پائیدار ترقی سے متعلق رابطہ گروپ کے اعلیٰ افسران کا اجلاس منعقد ہوگا۔
یہ اجلاس بھارت کی 2026 کی برکس صدارت کے مرکزی موضوع ’’لچک، جدت، تعاون اور پائیداری کے لیے تعمیر‘‘ کے تحت منعقد کیے جائیں گے۔
برکس وزرائے ماحولیات کے اجلاس کی صدارت مرکزی وزیرِ ماحولیات، جنگلات اور موسمیاتی تبدیلی جناب بھوپیندر یادو کریں گے۔ یہ اجلاس رکن ممالک کے وزرا، اعلیٰ افسران، پالیسی سازوں اور ماہرین کو بامعنی تبادلۂ خیال، اتفاقِ رائے پیدا کرنے اور ماحولیاتی تعاون کو مزید مضبوط بنانے کے لیے ایک مؤثر پلیٹ فارم فراہم کرے گا۔
اجلاس کے پہلے روز اعلیٰ افسران کا اجلاس منعقد ہوگا، جس میں افتتاحی نشست کے علاوہ برکس ماحولیاتی ورکنگ گروپ اور موسمیاتی تبدیلی و پائیدار ترقی سے متعلق رابطہ گروپ کی ترجیحات پر غور و خوض کیا جائے گا۔
دوسرے روز وزارتی سطح پر اختتامی دستاویز پر غور و خوض کیا جائے گا، جس کے ساتھ موضوعاتی مباحث بھی ہوں گے۔ ان مباحث میں برکس کے رکن ممالک کی ماحولیاتی تعاون اور پائیدار ترقی کے لیے اجتماعی عزم کو اجاگر کیا جائے گا۔
برکس کی صدارت کے دوران بھارت نے برکس ماحولیاتی ورکنگ گروپ کے تحت خصوصی توجہ کے لیے چار ترجیحی شعبوں کی نشاندہی کی ہے۔
ترجیح اول: پائیدار طرزِ زندگی کا فروغ: اس ترجیح میں شعوری طور پر وسائل کے استعمال اور اجتماعی طور طریقوں کے ذریعے پائیدار طرزِ زندگی کو فروغ دے کر ماحولیاتی عہد کو مضبوط بنانے پر زور دیا گیا ہے۔ اس کے ساتھ ساتھ رکن ممالک کے درمیان تعاون کو فروغ دینا، معلومات کا تبادلہ کرنا، مؤثر طریقۂ کار اور کامیاب تجربات کا اشتراک کرنا اور اختراعی طریقۂ کار وضع کرنا بھی اس کا حصہ ہے۔
ترجیح دوم: شجرکاری، جنگلات میں آتش زدگی کا انتظام اور آفات سے نمٹنے کی صلاحیت: اس ترجیح کا مقصد منظم انداز میں معلومات کے تبادلے اور صلاحیت سازی کو جدید اعداد و شمار جمع کرنے اور نگرانی کے نظام کے ساتھ مربوط کرکے اراضی کی بحالی کو مضبوط بنانا ہے۔ اس کے تحت مشترکہ چیلنجوں سے نمٹنے کے لیے منظرنامہ پر مبنی مربوط سبزکاری کے طریقۂ کار کو فروغ دیا جائے گا۔ اس ترجیح میں جنگلات میں آتش زدگی کے انتظام، اس کی روک تھام، پیشگی تیاری، بروقت نشاندہی اور فوری کارروائی پر بھی خصوصی زور دیا گیا ہے۔
ترجیح سوم: چکر دار معیشت: اس ترجیح کے تحت پیداوار کنندگان کی توسیعی ذمہ داری سے متعلق مضبوط پالیسی ڈھانچے اور ضابطہ جاتی طریقۂ کار وضع کرکے فضلے کے مؤثر انتظام کے طریقوں کو فروغ دیا جائے گا۔ اس کا مقصد رکن ممالک میں رائج بہترین طریقوں کو نمایاں کرنا ہے تاکہ مساوات اور وسائل کے مؤثر استعمال کو یقینی بنایا جاسکے۔ اس طرح چکر دار معیشت کی جانب منتقلی کو آگے بڑھانے کے لیے ایک اہم پالیسی ذریعہ فراہم ہوگا۔
ترجیح چہارم: موافقت: اس ترجیح کا مرکز روایتی علم کی بنیاد پر عوام پر مرکوز اور برادری کی قیادت میں موافقت کے ذریعے موسمیاتی تبدیلی کے اثرات سے مطابقت پیدا کرنے کے سلسلے میں تعاون کو آگے بڑھانا ہے۔ اس کے تحت عملی تعاون، منظم معلومات کے تبادلے، بہترین طریقوں کے اشتراک اور روایتی علمی نظام پر مبنی پالیسی سے متعلق نتائج پر غور و خوض کو فروغ دیا جائے گا، جس سے برکس کے رکن ممالک میں موسمیاتی تبدیلی کے مقابلے میں لچک کو مضبوط بنانے میں مدد ملے گی۔
وزارتِ ماحولیات، جنگلات اور موسمیاتی تبدیلی نے 2026 میں برکس کی بھارتی صدارت کے تحت مارچ سے جولائی 2026 کے دوران متعدد آن لائن اجلاسوں، تکنیکی نشستوں، ویب نارز اور مذاکرات کے ذریعے تبادلۂ خیال اور غور و خوض کا سلسلہ شروع کیا۔
اس دوران ’’برکس میں وسائل کے مؤثر استعمال اور چکر دار معیشت‘‘ اور ’’کاربن منڈیوں کو موافقت کے اہداف سے ہم آہنگ کرنا‘‘ کے موضوعات پر مذاکرات منعقد کیے گئے۔ اس کے علاوہ ’’اراضی کے انحطاط، صحرا کاری اور خشک سالی سے نمٹنے کے اقدامات‘‘ اور ’’آفات سے نمٹنے کی صلاحیت کے لیے جنگلاتی آگ کے انتظام کے مربوط طریقۂ کار‘‘ کے موضوعات پر ویب نارز بھی منعقد کیے گئے۔
ان مشاورتی اجلاسوں نے اتفاقِ رائے پیدا کرنے اور 17 تا 18 اگست 2026 کو نئی دہلی میں بالمشافہ ہونے والے غور و خوض کے لیے پس منظر تیار کرنے میں اہم پلیٹ فارم فراہم کیا۔
پس منظر
برکس ماحولیاتی ورکنگ گروپ کا قیام 2015 میں ماسکو میں منعقد ہونے والے برکس وزرائے ماحولیات کے پہلے اجلاس کے دوران عمل میں آیا تھا۔ اسے برکس کے لیے ماحولیاتی ترجیحات کے بنیادی مسائل پر توجہ دینے، تجربات کے تبادلے، بہترین طریقوں کے اشتراک اور برکس کے رکن ممالک کے درمیان اجتماعی اقدامات کو مضبوط بنانے کے لیے ایک پلیٹ فارم کے طور پر تشکیل دیا گیا تھا۔
موسمیاتی تبدیلی اور پائیدار ترقی سے متعلق رابطہ گروپ کا قیام 2024 میں برکس کے رکن ممالک کے درمیان موسمیاتی تبدیلی سے متعلق امور پر مؤثر تعاون کے ایک اہم طریقۂ کار کے طور پر عمل میں آیا۔
******
ش ح۔ ش ا ر۔ ول
Uno-2172
(रिलीज़ आईडी: 2300139)
आगंतुक पटल : 7