ہنر مندی کے فروغ اور صنعت کاری کی وزارت
ایم ایس ڈی ای نے لیے ہندوستان اور جاپان کے درمیان ہنر مندی اور افرادی قوت کے تبادلے کو مضبوط بنانے کے لیے ہند -جاپان شراکت دار مشاورت کا انعقاد کیا
مشاورت کا محور ای ایس ڈی پی ، جاپانی زبان کی تربیت، آجروں سے رابطہ اور صنعت پر مبنی ہنر مندی ہے
प्रविष्टि तिथि:
14 AUG 2026 5:33PM by PIB Delhi
ہنر مندی کے فروغ اور روزگار کی وزارت (ایم ایس ڈی ای )، حکومتِ ہند نے آج نئی دہلی میں ہنر مندی کے فروغ پر ہند-جاپان شراکت دار مشاورت کا انعقاد کیا۔ اس اجلاس میں ہندوستان اور جاپان کے درمیان ہنر مندی کے فروغ اور افرادی قوت کی نقل و حرکت پر تعاون کو مزید مضبوط بنانے پر غور خوض کرنے کےلئے وزارت خارجہ، ریاستی حکومتوں اور بھیجنے والی تنظیموں کے نمائندوں کے ساتھ ساتھ جاپانی حکومت کے نمائندوں، جاپانی صنعت کے سربراہان، بھرتی کرنے والے ایجنٹوں، تربیتی شراکت داروں اور دیگر اہم شراکت داروں نے شرکت کی۔
یہ مشاورت 2025 میں 15 ویں ہند -جاپان سالانہ سربراہی اجلاس کے دوران مشترکہ طور پر جاری کیے گئے "ہند -جاپان انسانی وسائل کے تبادلے اور تعاون کے ایکشن پلان" کو آگے بڑھانے پر مرکوز تھی۔ بات چیت کا بنیادی مقصد صنعت سے متعلق تربیتی پروگراموں، جاپانی زبان و ثقافت کی تربیت، تسلیم شدہ جانچ کے نظام، آجروں کے ساتھ بہتر تعاون اور دونوں ملکوں کے اداروں کے درمیان مضبوط ربط و ضبط کے ذریعے ہندوستانی نوجوانوں کو جاپان میں روزگار کے مواقع کے لیے تیار کرنا تھا۔
مشاورتی اجلاس سے حکومتِ ہند کے مرکزی وزیرِ مملکت (آزادانہ چارج) برائے ہنر مندی کے فروغ اور روزگار اور وزیرِ مملکت برائے تعلیم، جناب جینت چودھری؛ ہندوستان میں تعینات جاپان کے سفیر جناب اونو کیآیچی ؛ جوائنٹ سکریٹری (ایمیگریشن پالیسی اینڈ ویلفیئر)، وزارت خارجہ محترمہ جینا اوئیکا؛ سکریٹری (ایم ایس ڈی ای ) محترمہ دیباشری مکھرجی؛ ایڈیشنل سکریٹری (ایم ایس ڈی ای ) جناب نرنجن کمار سدھانشو؛ اور سی ای او، نیشنل اسکل ڈیولپمنٹ کارپوریشن (این ایس ڈی سی) جناب ارون کمار پلئی نے خطاب کیا۔ اس اجلاس میں زنکن کارپوریشن، سومپو کیئر، فورتھ ویلی، کونوئیک گروپ اور ٹویوٹا کرلوسکر کے نمائندے بھی موجود تھے۔ اس پروگرام میں جاپان میں تربیت یافتہ اور روزگار حاصل کرنے والے ہندوستانی امیدواروں کے تجربات کو اجاگر کرنے والی ایک آڈیو ویژوئل پیش کش بھی شامل تھی، جس کے ذریعے موجودہ تعاون کے ڈھانچے کے عملی نتائج کو پیش کیا گیا۔
مشاورتی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے حکومتِ ہند کے مرکزی وزیرِ مملکت (آزادانہ چارج) برائے ہنر مندی کے فروغ اور روزگار اور وزیرِ مملکت برائے تعلیم، جناب جے نت چودھری نے کہا کہ "ہندوستان کے نوجوانوں کودرست ہنرمندی، اعتماد اور تیاری کے ساتھ عالمی مواقع تک رسائی پر قادر بنایا جانا چاہیے"۔ انہوں نے مزید کہا کہ توجہ صرف بیرونِ ملک روزگار کے راستے بنانے پر نہیں ہے بلکہ اس بات کو یقینی بنانے پر بھی ہے کہ ہر امیدوار متعلقہ تکنیکی مہارت، زبان کی صلاحیت اور جائے ملازمت کی مناسب سمجھ سے آراستہ ہو۔ انہوں نے اس بات پر بھی زور دیا کہ جاپان کے ساتھ شراکت داری مضبوط صنعتی شمولیت کے ساتھ منظم راستے بنانے کا موقع فراہم کرتی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ یہ بات چیت ہندوستانی نوجوانوں کے لیے مواقع کو وسعت دینے کے عزم کو واضح عملی اقدامات میں تبدیل کرنے میں مدد کرے گی۔
پروگرام میں کلیدی خطبہ دیتے ہوئے ہندوستان میں جاپانی سفیر جناب اونو کیآیچی نے کہا کہ "جاپان اور ہندوستان تکمیلی صلاحیتوں کے حامل ہیں، جہاں ہنر مند انسانی وسائل کے لیے جاپان کی بڑھتی ہوئی مانگ ہندوستان کے نوجوان افرادی قوت سے ہم آہنگ ہے۔" انہوں نے مناسب ہنر مندی کی ترقی، جاپانی زبان کی تربیت اور قابلِ اعتماد روزگار کے راستوں کے ذریعے ان صلاحیتوں کو جوڑنے کی اہمیت پر زور دیا اور دونوں ملکوں کے درمیان اقتصادی و عوامی تعلقات کو مضبوط بنانے والے عملی تعاون کے لیے حکومت، صنعت اور تربیتی اداروں کو ایک پلیٹ فارم پر لانے کی ایم ایس ڈی ای کی کوششوں کا خیرمقدم کیا۔
سکریٹری (ایم ایس ڈی ای ) محترمہ دیباشری مکھرجی نے اس بات پر روشنی ڈالی کہ "ایکشن پلان ایک واضح سمت فراہم کرتا ہے اور فوری کام تمام شراکت دار کے مابین باہمی تال میل کے ساتھ اس پر عمل درآمد کو یقینی بنانا ہے۔" انہوں نے امیدواروں کی فراہمی، شعبہ جاتی مہارتوں، زبان کی تربیت، جانچ کے نظام، روانگی سے قبل کی تیاری اور آجروں کے تقاضوں کے درمیان ہم آہنگی کی ضرورت پر زور دیا ۔ انہوں نے کہا کہ اس مشاورت نے وزارتوں، ریاستوں، تربیتی اداروں، عملہ بھیجنے والی تنظیموں اور صنعت کے درمیان ذمہ داریوں کو واضح کرنے میں مدد کی ہے۔ انہوں نے اس بات کا اعادہ کیا کہ ایم ایس ڈی ای کی توجہ معیار، افادیت اور نتائج پر مرکوز رہے گی تاکہ یہ یقینی بنایا جا سکے کہ امیدوار اچھی طرح تیار ہوں اور آجر ان کی مہارتوں پر مکمل اعتماد رکھیں۔
اس مشاورتی اجلاس میں ہندوستانی اور جاپانی شراکت دار وں کے ایک وسیع حلقے کو ایک ساتھ لایا گیا، جن میں ایم ایس ڈی ای کے ادارے، وزارتِ خارجہ، ایمیگریشن پالیسی اینڈ ویلفیئر (ای پی اینڈ ڈبلیو)، وزارتِ ترقی شمالی مشرقی خطہ، ریاستی ہنر مندی و لیبر کے شعبے، ریاستی بھرتی ایجنسیاں اور تکنیکی انٹرن ٹریننگ پروگرام (ٹی آئی ٹی پی) فریم ورک کے تحت پینل میں شامل عملہ بھیجنے والی تنظیمیں شامل تھیں۔ جاپان کی جانب سے ہندوستان میں جاپانی سفارت خانہ، جاپان فاؤنڈیشن، جاپان انٹرنیشنل کوآپریشن ایجنسی (جے آئی سی اے)، جاپان ایکسٹرنل ٹریڈ آرگنائزیشن (جے ای ٹی آر او)، جاپان انٹرنیشنل ٹرینی اینڈ اسکلڈ ورکر کوآپریشن آرگنائزیشن، ہندوستان میں جاپان چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری اور جاپانی حکومت کی وزارتِ معیشت، تجارت و صنعت نے شرکت کی، جس کے نتیجے میں پالیسی، ہنر مندی کے فروغ، تربیت، بھرتی اور آجروں کے نقطہ نظر ایک ہی پلیٹ فارم پر پیش کئے گئے۔
مشاورت کی تینوں نشستیں ہند-جاپان اسکل تعاون کے اہم پہلوؤں پر مرکوز تھیں۔ پہلے اجلاس میں تکنیکی انٹرن ٹریننگ پروگرام (ٹی آئی ٹی پی)، اسپیسیفائیڈ اسکلڈ ورکر (ایس ایس ڈبلیو) اور آنے والے ایمپلائمنٹ فار اسکل ڈیولپمنٹ پروگرام (ای ایس ڈی پی) کے تحت ہنر مندی کے راستوں کا جائزہ لیا گیا، جس میں عمل درآمد کے ڈھانچے، اشتراک کے شعبوں اور ای ایس ڈی پی کی تیاری پر توجہ مرکوز کی گئی۔ دوسرے اجلاس کا محور "انسانی وسائل کے تبادلے سے متعلق ایکشن پلان" تھا، جس میں جاپانی زبان کی تربیت کو وسعت دینے، شعبہ جات کے مطابق نصاب، جانچ کے نظام تک رسائی اور مرکز، ریاستوں، صنعت و تربیتی اداروں کے درمیان مضبوط ربط و ضبط پر بات چیت کی گئی۔
تیسرے اجلاس میں جاپانی بھرتی کرنے والی کمپنیوں اور آجروں کو شراکت داروں کے ساتھ براہِ راست بات چیت میں لایا گیا، جس کے نتیجے میں پیشے سے متعلق مہارتوں، زبان کی مہارت، جائے ملازمت کی تیاری اور امیدواروں کے لیے تعاون کے بارے میں معلومات حاصل ہوئیں اور صنعت کی حقیقی مانگ سے ہم آہنگی پر زور دیا گیا۔ مجموعی طور پر، ان اجلاسوں سے ای ایس ڈی پی پر عمل درآمد کو مضبوط بنانے اور ہند -جاپان کے درمیان افرادی قوت کے مؤثر راستے بنانے کے لیے باہمی تعاون کے اہم شعبوں کی نشان دہی کی گئی۔
اس مشاورت کا ایک اہم نتیجہ ایم ایس ڈی ای کی قیادت میں ایک جامع "ہند -جاپان اسکلز روڈ میپ" تیار کرنے کا فیصلہ تھا تاکہ ایکشن پلان پر عمل درآمد میں مدد مل سکے اور ای ایس ڈی پی کی تیاری کی جا سکے۔ یہ روڈ میپ ای ایس ڈی پی کے راستے اور ٹی آئی ٹی پی و ایس ایس ڈبلیو جیسے موجودہ راستوں کے ساتھ اس کے اشتراک کے بارے میں مزید وضاحت فراہم کرے گا، جبکہ امیدواروں کی فراہمی، تکنیکی و شعبہ جاتی تربیت، جاپانی زبان و ثقافت سے روشناسی، جانچ کے نظام، آجروں کے ساتھ تعاون اور روانگی سے قبل کی تیاری کے تمام اقدامات کو یکجا کرے گا۔
اس مشاورت کے دوران عمل درآمد کی اہم ترجیحات اور عملی نقائص کی بھی نشان دہی کی گئی، جن میں جاپانی زبان کی تربیت کو وسعت دینے، جانچ کے بنیادی ڈھانچے کو مضبوط بنانے، تصدیق شدہ راستوں کے بارے میں بیداری بڑھانے، ریاستوں، بھیجنے والی تنظیموں ، تربیتی اداروں اور صنعت کے درمیان تعاون کو بہتر بنانے اور تربیت کو مہارتوں، زبان کی مہارت اور جائے ملازمت کی تیاری کے حوالے سے جاپانی آجروں کی ضروریات کے مطابق ڈھالنے کی ضرورت شامل ہے۔
یہ روڈ میپ مختصر، درمیانی اور طویل مدتی اقدامات کا تعین کرے گا، جس میں قابلِ پیمائش سنگِ میل اور ایک خاکہ بند اندازِ نظم و جائزہ کے نظام کی مدد سے وزارتوں، ریاستی حکومتوں، عمل درآمد کرنے والی ایجنسیوں، تربیتی اداروں اور صنعت کی واضح ذمہ داریاں شامل ہوں گی۔ اس سے ای ایس ڈی پی پر عمل درآمد کو مضبوط بنانے، آجروں کی شمولیت کو مضبوط کرنے اور ہندوستان اور جاپان کے درمیان افرادی قوت کے مزید مؤثر راستے بنانے کے لیے کثیر شراکت دار ایکشن فریم ورک فراہم ہوگا۔







***
ش ح۔ م ش ع۔ ن م۔
U- 2112
(रिलीज़ आईडी: 2299529)
आगंतुक पटल : 11