وزارت خزانہ
انکم ٹیکس ڈپارٹمنٹ، ممبئی میں اسپورٹس کوٹہ کے تحت نمایاں کارکردگی والے 97 کھلاڑیوں کی تقرری
پوسٹ کرنے کی تاریخ:
12 AUG 2026 6:14PM by PIB Delhi
انکم ٹیکس ڈپارٹمنٹ، ممبئی نے اسپورٹس کوٹے کے تحت 97 بہترین کھلاڑیوں کو تقرری دی ہے، جس سے کھیلوں کی بہترین کارکردگیوں کے اعزاز اور عوامی خدمت میں اعلیٰ صلاحیتوں کو آگے بڑھانے کے تئیں اس کے پختہ عزم کی عکاسی ہوتی ہے۔ آج ممبئی کے "آئیکر بھون" میں پرنسپل چیف کمشنر آف انکم ٹیکس، ممبئی، جناب آلوک کمار نے باضابطہ طور پر نو تقرر شدہ کھلاڑیوں کو تقرری نامے سونپے۔
ان 97 خالی عہدوں کے لیے 7 جنوری 2026 کو جاری کردہ نوٹیفکیشن کے ذریعے درخواستیں طلب کی گئی تھیں۔ اس بھرتی کے لیے مختلف کھیلوں سے تعلق رکھنے والے کھلاڑیوں کی جانب سے 3595 درخواستیں موصول ہوئیں۔ مقررہ معیار کے مطابق سخت جانچ پڑتال اور جائزہ کے بعد، قابلیت کی بنیاد پر 97 امیدواروں کا انتخاب کیا گیا۔
اس بھرتی کی ایک اہم بات یہ ہے کہ منتخب ہونے والے 80 فیصد سے زائد کھلاڑی بین الاقوامی سطح پر کھیل کے مقابلوں میں نمائندگی یا شرکت کر چکے ہیں، جو محکمہ میں شامل ہونے والے کھلاڑیوں کی غیر معمولی صلاحیت کو ظاہر کرتا ہے۔
تقرری پانے والے نمایاں کھلاڑیوں میں ممبئی رنجی کرکٹ ٹیم کے آل راؤنڈر جناب تنوش کوٹیان شامل ہیں جو انڈین ٹیسٹ اسکواڈ کا بھی حصہ رہ چکے ہیں، جناب ابھیشیک جنہوں نے پہلی ورلڈ یوگاسن اسپورٹس چیمپئن شپ، احمد آباد (2026) میں دو گولڈ میڈل حاصل کیے، ہندوستانی خواتین کی کرکٹ ٹیم کی کھلاڑی محترمہ تیجل ہسابنس، جناب آکاش جو کہ ایک پیرا اسپورٹس پرسن ہیں اور انہوں نے ورلڈ شوٹنگ پیرا اسپورٹ ورلڈ کپ، نئی دہلی (2024) میں ٹیم گولڈ میڈل اور ڈبلیو ایس پی ایس ورلڈ کپ، العین، دبئی (2025) میں گولڈ میڈل جیتا ہے۔



یہ بھرتی انکم ٹیکس ڈپارٹمنٹ کی ان کوششوں میں ایک اہم پیش رفت ہے جن کا مقصد کھیلوں میں اعلیٰ کارکردگی کو فروغ دینا اور نمایاں کامیابی حاصل کرنے والے کھلاڑیوں کو ملک کی خدمت کا موقع فراہم کرنا ہے۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے، پرنسپل چیف کمشنر آف انکم ٹیکس، ممبئی، جناب آلوک کمار نے نئے تقرری پانے والے کھلاڑیوں کو یقین دلایا کہ انہیں اپنی کھیلوں کی مشق اور مقابلوں کو جاری رکھنے کے تمام مواقع فراہم کیے جائیں گے۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ انکم ٹیکس ڈپارٹمنٹ، ممبئی کو یہ امید ہے کہ نئے تقرری پانے والے کھلاڑی عوامی خدمت میں بھی وہی نظم و ضبط، عزم اور اعلیٰ معیار پیش کریں گے جو ان کے کھیلوں کے کریئر کا طرۂ امتیاز رہے ہیں۔
تربیتی اور تعارفی پروگرام کے ضمن میں نئے بھرتی ہونے والے کھلاڑیوں کو اپنے عہدوں، ذمہ داریوں اور قابلِ اطلاق سرکاری قواعد و ضوابط کے بارے میں تفصیلی معلومات فراہم کی گئیں۔

***
ش ح۔ م ش ع۔ ن م۔
U- 2106
(ریلیز آئی ڈی: 2299494)
وزیٹر کاؤنٹر : 13