زراعت اور کاشتکاروں کی فلاح و بہبود کی وزارت
azadi ka amrit mahotsav

مرکزی وزیرزراعت جناب شیوراج سنگھ چوہان نے نیشنل اسکالرشپ پورٹل کا آغاز کیا


نیشنل اسکالرشپ پورٹل-براہِ راست منتقلی کے ذریعے 6,000 سے زائد زرعی شعبےکے طلباکو 21.35 کروڑ روپے کے وظائف فراہم کئے گئے

جناب چوہان نے زرعی تعلیم میں عملی تربیت، بروقت معاونت اور جدت طرازی پر زور دیا

“امتحانات، داخلے اور ادائیگیاں سب کچھ وقت پر ہونا چاہیے؛ یہی ایک مؤثر نظام کی اصل کسوٹی ہے”: جناب شیوراج سنگھ چوہان

“زراعت میں حقیقی صلاحیت صرف کلاس رومس میں تعلیم حاصل کرنے سے نہیں بلکہ عملی تربیت سے پیدا ہوتی ہے”: جناب شیوراج سنگھ چوہان

“کھیت، کسان اور سائنس مل کر بھارت کی غذائی سلامتی اور خود انحصاری کو مضبوط بنا سکتے ہیں”: جناب شیوراج سنگھ چوہان

“وزیر اعظم جناب نریندر مودی کی قیادت میں غذائی سلامتی، غذائیت اور کسانوں کی آمدنی کا تحفظ زراعت میں ترجیحات برقرار ہیں”: جناب شیوراج سنگھ چوہان

جناب چوہان نے زراعت سے متعلق  طلبا سے ہریالی اماوسیا کے موقع پر ملک بھر کے بھارتی زرعی تحقیقاتی اداروں میں شجرکاری مہم  چلانے کی اپیل کی

پوسٹ کرنے کی تاریخ: 11 AUG 2026 12:01PM by PIB Delhi

زراعت و کسان بہبود اور دیہی ترقی کے مرکزی وزیر جناب شیوراج سنگھ چوہان نے آج پسا میں واقع بھارتی زرعی تحقیقاتی کونسل کے بھارتی زرعی تحقیقاتی ادارے میں نیشنل اسکالرشپ پورٹل کے ذریعے ملک بھر کے زراعت سے متعلق طلبا کے لیے وظائف اور فیلوشپ کی رقم جاری کی۔ اس اقدام کے تحت 6,000 سے زائد طلبا کو براہِ راست فائدہ منتقلی کے نظام کے ذریعے مجموعی طور پر 21.35 کروڑ روپے کی رقم فراہم کی گئی۔اس نئے اقدام کے تحت اب  زرعی شعبےکے طلبہ کو ہر ماہ براہِ راست فائدہ منتقلی کے ذریعے وظائف کی رقم ملے گی، جس سے انہیں بروقت اور بلا رکاوٹ مالی معاونت یقینی بنائی جا سکے گی۔ اس اقدام کا مقصد وظائف کی رقم کی تقسیم کے عمل کو مزید منظم اور مؤثر بنانا اور اس بات کو یقینی بنانا ہے کہ طلبہ کو بروقت اور بلا رکاوٹ مالی معاونت حاصل ہو۔

 

https://static.pib.gov.in/WriteReadData/userfiles/image/IMG-20260810-WA0005S3KU.jpg

 

اس موقع پر تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مرکزی وزیرِ زراعت جناب چوہان نے کہا کہ وظائف محض مالی امداد کا ذریعہ نہیں ہیں بلکہ زرعی تعلیم کو مضبوط بنانے، اسے عملی تعلیم سے جوڑنے اور طلبہ کے لیے مزید مواقع پیدا کرنے کا ایک اہم ذریعہ ہیں۔ انہوں نے کہا کہ براہِ راست فائدہ منتقلی کا نظام طلبہ کو بروقت مالی معاونت فراہم کرنے کو یقینی بنائے گا اور روایتی نظام میں ہونے والی تاخیر کو ختم کرنے میں مدد دے گا۔

طلبہ سے خطاب کرتے ہوئے جناب شیوراج سنگھ چوہان نے کہا کہ زرعی تعلیم میں عملی تربیت انتہائی اہم ہے، کیونکہ صرف جماعتوں میں دی جانے والی تعلیم سے اچھے کسان، سائنس دان یا زرعی کاروباری افراد تیار نہیں کیے جا سکتے۔ انہوں نے زور دیا کہ طلبہ کو عملی تجربہ حاصل کرنے اور جماعتی تعلیم سے آگے بڑھ کر زراعت کی حقیقی صورتِ حال کو سمجھنے کے مواقع ملنے چاہئیں۔انہوں نے طلبہ سے یہ بھی اپیل کی کہ وہ تعلیمی اور تربیتی نظام میں بہتری کے لیے اپنی تجاویز اور خیالات پیش کریں، تاکہ اس نظام کو مسلسل بہتر اور مضبوط بنایا جا سکے۔ انہوں نے کہا کہ زرعی تعلیم کا مقصد صرف علم فراہم کرنا نہیں ہونا چاہیے بلکہ نوجوانوں کو عملی مہارت، اعتماد اور زراعت کے شعبے کو مؤثر طور پر آگے بڑھانے کے لیے درکار فہم و شعور سے بھی آراستہ کرنا چاہیے۔

جناب چوہان نے یہ بھی کہا کہ وزیر اعظم جناب نریندر مودی کی قیادت اور رہنمائی میں حکومت زراعت کے شعبے میں غذائی سلامتی، غذائیت اور کسانوں کی آمدنی کے تحفظ کو ترجیح دے رہی ہے۔ بھارتی زرعی تحقیقاتی کونسل کے سائنس دانوں کی خدمات کو سراہتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ان کی تحقیق اور کسانوں کی محنت نے مل کر ملک کے غذائی اجناس کے ذخائر کو مضبوط بنانے اور بھارت کی زرعی ترقی میں نمایاں کردار ادا کیا ہے۔

انہوں نے نوجوانوں پر زور دیا کہ وہ اپنا مستقبل سنوارنے کے ساتھ ساتھ بڑے مقاصد بھی طے کریں اور ملک کے لیے کوئی بامعنی کام کرنے کی کوشش کریں۔ مرکزی وزیر جناب چوہان نے کہا کہ زرعی طلبہ کو خود کو صرف روزگار حاصل کرنے تک محدود نہیں رکھنا چاہیے بلکہ انہیں جدت طرازی، نئے کاروباری منصوبوں اور تحقیق کے شعبوں میں بھی قائدانہ کردار ادا کرنا چاہیے۔

انہوں نے نوجوان نسل کی حوصلہ افزائی کرتے ہوئے کہا کہ وہ زراعت کو وسیع مواقع فراہم کرنے والے شعبے کے طور پر دیکھیں اور ابھرتے ہوئے چیلنجوں کے نئے حل تلاش کرنے میں اپنا کردار ادا کریں۔ انہوں نے اس شعبے میں سائنسی ترقی، کاروباری سرگرمیوں اور جدت طرازی کو آگے بڑھانے میں نوجوان زرعی ماہرین اور طلبہ کی اہمیت کو اجاگر کیا۔

 

https://static.pib.gov.in/WriteReadData/userfiles/image/image002KNG4.jpg

 

جناب شیوراج سنگھ چوہان نے کہا کہ نیشنل اسکالرشپ پورٹل-براہِ راست فائدہ منتقلی کا نظام وظائف کی تقسیم کو زیادہ شفاف، تیز رفتار اور بلا رکاوٹ بنائے گا۔ یہ نظام اس بات کو یقینی بنائے گا کہ طلبہ کو بروقت مالی معاونت حاصل ہو، جس سے وہ وظائف کی رقم جاری ہونے کے بارے میں غیر یقینی کی فکر سے آزاد ہو کر اپنی تعلیم پر زیادہ مؤثر انداز میں توجہ مرکوز کر سکیں گے۔ مرکزی وزیر نے ایسے تعلیمی نظام کی ضرورت پر زور دیا جو طلبہ کو صرف علمی معلومات ہی نہیں بلکہ عملی صلاحیتوں اور زراعت کی بدلتی ہوئی ضروریات کی سمجھ سے بھی آراستہ کرے۔

جناب چوہان نے ملک بھر کے بھارتی زرعی تحقیقاتی کونسل کے اداروں میں زیرِ تعلیم زرعی شعبے سے متعلق طلبا سے ’ہریالی اماوسیا‘ کے موقع پر شجرکاری مہم میں حصہ لینے کی بھی اپیل کی۔ انہوں نے کہا کہ سرسبزی کے فروغ سے متعلق اقدامات زراعت اور ماحول دونوں کے تئیں ہماری اجتماعی ذمہ داری کا حصہ ہیں۔ انہوں نے طلبہ کی حوصلہ افزائی کی کہ وہ شجرکاری کی سرگرمیوں میں بھرپور حصہ لیں اور ماحول کے تحفظ کے تئیں بیداری اور ذمہ داری کے احساس کو مضبوط بنانے میں اپنا کردار ادا کریں۔

 

https://static.pib.gov.in/WriteReadData/userfiles/image/image003JCAA.jpg

زراعت و کسان بہبود کےمرکزی وزیر مملکت جناب بھاگیرتھ چودھری، بھارتی زرعی تحقیقاتی کونسل کے ڈائریکٹر جنرل ڈاکٹر ایم۔ ایل۔ جٹ، کونسل کے سکریٹری جناب گیانیندر ترپاٹھی، ڈپٹی ڈائریکٹر جنرل ڈاکٹر یشپال سنگھ ملک اور بھارتی زرعی تحقیقاتی ادارے کے ڈائریکٹر ڈاکٹر سی۔ سرینواس راؤ اس تقریب میں موجود تھے۔

بھارتی زرعی تحقیقاتی کونسل اور بھارتی زرعی تحقیقاتی ادارے کے اعلیٰ افسران، سائنس دانوں اور طلبا نے بڑی تعداد میں تقریب میں شرکت کی، جبکہ ہزاروں طلبا نے آن لائن بھی اس پروگرام میں شرکت کی۔

********

ش ح۔ع ح  ۔رض

U-1795

 


(ریلیز آئی ڈی: 2297510) وزیٹر کاؤنٹر : 44