وزارت خزانہ
ڈی آر آئی نے مہاراشٹر میں منشیات تیار کرنے والے ایک اور خفیہ اڈے کا پردہ فاش کیا
ایک ہفتہ تک جاری رہنے والے انٹیلی جنس آپریشن کے نتیجے میں مشینری اور خام مال کے ساتھ 2 لاکھ ٹراماڈول ہائیڈروکلورائڈ اور ٹپینٹاڈول گولیاں ضبط کی گئیں
ضبط شدہ گولیاں نائجیریا اسمگل کی جا رہی تھیں؛ تین اہم ملزمان گرفتار
پوسٹ کرنے کی تاریخ:
10 AUG 2026 5:03PM by PIB Delhi

غیر قانونی طور پر منشیات اور نفسیاتی اثر رکھنے والے مادّوں کی تیاری اور بین الاقوامی اسمگلنگ کے خلاف اپنی مسلسل کارروائی کو جاری رکھتے ہوئے، محکمۂ محصولات کی انٹیلی جنس نے ایک منظم نیٹ ورک کا پردہ فاش کیا ہے، جو ایک مقررہ نفسیاتی اثر رکھنے والے مادّے ٹراماڈول ہائیڈروکلورائیڈ کی گولیوں کو خفیہ طور پر تیار کرنے، چھپانے اور افریقی ممالک کو غیر قانونی طور پر برآمد کرنے میں ملوث تھا۔ خفیہ معلومات کی بنیاد پر ایک ہفتے تک جاری رہنے والی اس کارروائی میں ایک لاکھ ٹراماڈول ہائیڈروکلورائیڈ کی گولیاں، ایک لاکھ ٹپینٹاڈول کی گولیاں، نفسیاتی اثر رکھنے والے مادّوں کی خفیہ تیاری میں استعمال ہونے والی مشینری اور خام مال ضبط کیا گیا، جبکہ اس گروہ کے تین اہم ارکان کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔
2 اگست 2026 کو خفیہ معلومات کی بنیاد پر کی گئی ایک کارروائی کے دوران محکمۂ محصولات کی انٹیلی جنس کے افسران نے ممبئی ایئر کارگو کمپلیکس میں نائجیریا بھیجی جانے والی ایک برآمدی کھیپ کو روک لیا۔ برآمدی کھیپ میں300 ملی گرام پری گیبلین کیپسول ہونے کو بتایا گیا تھا۔ تاہم، کھیپ کی تفصیلی جانچ کے دوران اس میں چھپائی گئی250 ملی گرام والی ٹراماڈول ہائیڈروکلورائیڈ کی ایک لاکھ گولیاں، جن کا وزن تقریباً 25 کلو گرام تھا، اور 200 ملی گرام والی ٹیینٹاڈول کی ایک لاکھ گولیاں، جن کا وزن تقریباً 20 کلو گرام تھا، برآمد کرکے ضبط کر لی گئیں۔
ڈی آر آئی کی فوری تحقیقات سے مختلف مراحل پر کام کرنے والے ایک منظم سپلائی نیٹ ورک کا پردہ فاش ہوا۔ ٹراماڈول کی گولیاں مہاراشٹر کے امبرناتھ میں واقع ایک کارخانے میں خفیہ طور پر تیار کی جاتی تھیں اور ان کی اصل شناخت چھپانے کے لیے سادہ گتے کے ڈبوں میں پیک کیا جاتا تھا۔ اس کے بعد ان کھیپوں کو ممبئی ایئر کارگو کمپلیکس کے قریب واقع ایک گودام میں منتقل کیا جاتا تھا، جہاں انہیں دوبارہ سفید بوریوں میں پیک کرکے نائجیریا غیر قانونی طور پر برآمد کرنے کے لیے تیار کیا جاتا تھا۔
ایک ہفتے کے دوران مربوط انداز میں کی گئی مسلسل کارروائیوں کے تحت ڈی آر آئی کے افسران نے برآمد کنندہ، تیار کنندہ، سپلائر، مال بردار اور ذخیرہ گاہ سے وابستہ متعدد مقامات پر تلاشی لی۔ مینوفیکچرنگ مرکز پر کی گئی تلاشی کے دوران گولیاں بنانے والی مشینری کے علاوہ نفسیاتی اثر رکھنے والے مادّوں کی خفیہ تیاری میں استعمال ہونے والی کافی مقدار میں خام مال بھی ضبط کیا گیا۔ اس کارروائی کے نتیجے میں تین اہم ملزمان کو گرفتار کرلیا گیا ہے، جن میں آئی ای سی نمبر رکھنے والا برآمد کنندہ، سپلائر و رابطہ کار اور ٹراماڈول کی گولیاں خفیہ طور پر تیار کرنے والا شخص شامل ہیں۔

ٹراماڈول اور ٹپینٹاڈول مصنوعی افیونی درد کش ادویات ہیں، جو طبی نگرانی میں درمیانے سے شدید درجے کے درد کے علاج کے لیے وسیع پیمانے پر استعمال کی جاتی ہیں۔ ان کے غلط استعمال اور انحصار پیدا کرنے کے خدشے کے پیشِ نظر دونوں ادویات پر سخت قانونی نگرانی رکھی جاتی ہے۔ ٹراماڈول کو انسدادِ منشیات و نفسیاتی اثر رکھنے والے مادّوں کا قانون(این ڈی پی ایس)-1985 کے تحت نفسیاتی اثر رکھنے والے مادّے کے طور پر درج کیا گیا ہے، جبکہ ٹپینٹاڈول فی الحال مذکورہ قانون کی فہرست میں شامل نہیں ہے، تاہم ادویات و کاسمیٹکس قانون اور اس کے تحت بنائے گئے قواعد کے مطابق اس پر سخت ضابطہ نافذ ہے۔ ان ادویات کی غیر قانونی تیاری، غیر مجاز ترسیل اور اسمگلنگ صحتِ عامہ کے لیے سنگین تشویش کا باعث ہے اور اکثر منظم بین الاقوامی منشیات اسمگلنگ کے نیٹ ورکس سے منسلک ہوتی ہے۔
اس کارروائی کے ذریعے ڈی آر آئی نے نفسیاتی اثر رکھنے والے مادّوں کی غیر قانونی تیاری، ذخیرہ اندوزی، چھپانے اور انہیں بیرونِ ملک اسمگل کرنے کی کوشش میں ملوث ایک منظم نیٹ ورک کا مؤثر طور پر خاتمہ کر دیا ہے۔
***
ش ح ۔ا ک۔ش ت
UNO-1749
(ریلیز آئی ڈی: 2297266)
وزیٹر کاؤنٹر : 31