مواصلات اور اطلاعاتی ٹیکنالوجی کی وزارت
azadi ka amrit mahotsav

بھارت کی ٹیلیکوم سے متعلق انضباطی اتھارٹی ( ٹرائی)  نے بجلی، پانی، کورئیر اور ترسیلی شعبوں کے اداروں کی خدمات اور لین دین سے متعلق کالز کے لیے 1601 سیریز کا مرحلے وار نفاذ شروع کر دیا ہے

پوسٹ کرنے کی تاریخ: 10 AUG 2026 4:28PM by PIB Delhi

بھارت کی ٹیلیکوم سے متعلق انضباطی اتھارٹی (ٹرائی) نے آج بینک کاری، مالی خدمات اور بیمہ (بی ایف ایس آئی) کے شعبے کے علاوہ  ، دیگر شعبوں کے اداروں کی خدمات اور لین دین سے متعلق کالز کے لیے 1601 سیریز کے نمبروں کے استعمال سے متعلق ہدایات جاری کی ہیں۔ اس سے قبل بی ایف ایس آئی شعبے اور سرکاری اداروں کے لیے 1600سیریز  کے نمبر جاری کیے گئے تھے۔ بی ایف ایس آئی شعبے اور سرکاری اداروں کی جانب سے کی جانے والی مواصلاتی سرگرمیوں کی اہمیت اور حساس نوعیت کے پیشِ نظر، دیگر شعبوں کے لیے الگ 1601  سیریز مختص کی گئی ہے، تاکہ اہم مالیاتی فون کالز دیگر شعبوں کی خدمات اور لین دین سے متعلق کالز کے ساتھ خلط ملط نہ ہوں۔

بی ایف ایس آئی شعبے کے اداروں کی جانب سے خدمات اور لین دین سے متعلق کالز کے لیے 1600  سیریز کے نمبروں کے وسیع پیمانے پر استعمال سے حاصل ہونے والے تجربے کی بنیاد پر، جس نے دیگر شعبوں تک قابلِ اعتماد نمبرنگ نظام کو وسعت دینے میں مدد دی ہے، ٹرائی نے اب  مواصلات  کے محکمے کی جانب سے مختص کیے گئے 1601  سیریز کے نمبروں کا مرحلے وار نفاذ شروع کر دیا ہے۔ متعلقہ فریقوں سے مشاورت کے بعد فیصلہ کیا گیا ہے کہ پہلے مرحلے میں بنیادی خدمات، کورئیر اور ترسیلی شعبوں کے اداروں کو اس نظام میں شامل کیا جائے گا۔

سیریز  1601 کے نمبر درمیانی واسطوں یا نمبر فراہم کرنے والے تجارتی اداروں کے بجائے اہل اداروں کو براہِ راست فراہم کیے جائیں گے ۔ یہ نمبر متعلقہ ٹیلی مواصلاتی خدمات فراہم کرنے والی کمپنیوں  ( ٹی ایس پیز ) کی جانب سے ضروری تصدیق کے بعد جاری کیے جائیں گے۔ توقع ہے کہ اس نظام کو اپنانے سے جعل سازوں کی جانب سے دس ہندسوں والے عام نمبروں کا استعمال کرکے خود کو معتبر کاروباری اداروں کا نمائندہ ظاہر کرنے کے واقعات کی روک تھام میں مدد  فراہم ہو گی ۔ مزید  یہ کہ  نمبروں کی یہ الگ شناخت صارفین کو جائز خدمات اور لین دین سے متعلق کالز کو آسانی سے پہچاننے میں  بھی مدد  فراہم کرے گی ،  تاکہ فون کے ذریعے ہونے والی ایسی مواصلات پر اعتماد مزید مضبوط ہو سکے ۔

ہدایات کی اہم دفعات

اے ۔  پہلے مرحلے میں شامل شعبے:  سیریز 1601 کے نمبر ابتدائی طور پر درج ذیل شعبوں کے اہل اداروں کو مختص کیے جائیں گے:

  1. بنیادی خدمات – بجلی کی تقسیم کار کمپنیاں، پانی کی فراہمی کی خدمات، شہری گیس تقسیم کار کمپنیاں، ایل پی جی تقسیم کرنے والے ادارے اور دیگر ایسے ادارے جو بنیادی خدمات فراہم کرتے ہیں۔
  2. ترسیلی اور کورئیر خدمات – کورئیر کمپنیاں، فوری ترسیلی خدمات فراہم کرنے والی کمپنیاں، پارسل پہنچانے والے ادارے اور سامان کی ترسیل سے وابستہ مال برداری و ترسیلی خدمات فراہم کرنے والے ادارے۔

بی ۔  مقررہ مدت میں شمولیت:

ٹیلی مواصلاتی خدمات فراہم کرنے والی کمپنیوں کو ہدایت دی گئی ہے کہ وہ پہلے مرحلے میں شامل اہل اداروں کی منتقلی اور نئے نظام میں شمولیت کا عمل حکم جاری ہونے کی تاریخ سے 90 دن کے اندر مکمل کریں۔

سی ۔  تصدیق اور خصوصی استعمال:

ٹیلی مواصلاتی خدمات فراہم کرنے والی کمپنیاں 1601  سیریز کے نمبر مختص کرنے سے پہلے متعلقہ اداروں کی اہلیت کی تصدیق کریں گی اور ان سے یہ تحریری یقین دہانی حاصل کریں گی کہ یہ نمبر صرف خدمات اور لین دین سے متعلق فون کالز کے لیے استعمال کیے جائیں گے۔ کسی بھی ادارے کو  ، ان نمبروں کے ذریعے تشہیری فون کالز کرنے کی اجازت نہیں ہوگی۔

***

( ش ح ۔ ش م  ۔ ع ا )

U.No. 1744


(ریلیز آئی ڈی: 2297245) وزیٹر کاؤنٹر : 30