امور داخلہ کی وزارت
مرکزی وزیر داخلہ اور تعاون جناب امت شاہ نے پڈوچیری پولیس کو پریسیڈنٹس کلر پیش کیا
پڈوچیری پولیس کو یہ باوقار پریسیڈنٹس کلر حاصل ہونا اس فورس کی بہادری، کڑی محنت اور لگن کا ثبوت
پریسیڈنٹس کلر حاصل ہونا کسی بھی منظم فورس کے لئے سب سے بڑا اعزاز ، پڈوچیری پولیس کو یہ باوقار اعزاز ملنے پر پڈوچیری کے وزیر اعلیٰ، ریاستی حکومت، پولیس فورس اور وہاں کے عوام کو دل کی گہرائیوں سے مبارکباد
جغرافیائی لحاظ سے چار الگ الگ خطوں میں بکھری قانون وانتظام کی صورت حال سنبھالنے والی پڈوچیری پولیس کی بہادری کی علامت اس کا نشان آج شان سے لہرا رہا ہے
اپنی نسبتاً کم تعداد ہونے کے باوجود، پڈوچیری پولیس اپنی شجاعت، خدمت اور لگن کے ذریعے پڈوچیری کے بھرپور روحانی ورثے کو برقرار رکھتے ہوئے اس کی حفاظت کی ذمہ داری مؤثر طریقے سے نبھا رہی ہے
پڈوچیری بھارت کے روحانی اور ثقافتی شعور کی ایک زندہ علامت ہے
ایک طویل عرصے تک فرانسیسی حکومت کے ماتحت رہنے کے باوجود پڈوچیری نے اپنی بھارتی شناخت اور روحانی توانائی کو برقرار رکھا ہے
کورونا کے غیرمعمولی بحران میں صف اول میں کھڑے ہو کر عوام کی خدمت کرنے والی پڈوچیری پولیس کی شجاعت اس کی تاریخ میں سنہرے حروف میں لکھی جائے گی
جہاں پچھلی حکومتوں نے 1950 سے 2014 تک پڈوچیری کو صرف 3,500 کروڑ روپے فراہم کیے ، وہیں مودی حکومت نے 12 سال میں چار گنا زیادہ یعنی 13,762 کروڑ روپئے دئیے
مودی حکومت پڈوچیری کی ترقی کے لیے پرعزم اور چوبیس گھنٹے اس کے عوام کی خدمت کے لیے مستعد
پوسٹ کرنے کی تاریخ:
09 AUG 2026 1:14PM by PIB Delhi
مرکزی وزیر داخلہ اور تعاون جناب امت شاہ نے آج پڈوچیری پولیس کو پریسیڈنٹس کلر پیش کیا۔ اس موقع پر لیفٹیننٹ گورنر جناب کے کیلاشناتھن اور پڈوچیری کے وزیر اعلیٰ جناب این رنگاسامی کے ساتھ کئی دیگر معززین بھی موجود تھے۔
اپنے خطاب میں مرکزی وزیر داخلہ اور تعاون جناب امت شاہ نے کہا کہ پڈوچیری جنوبی بھارت کے روحانی اور ثقافتی شعور کی ایک زندہ علامت ہے۔ آج پڈوچیری پولیس ملک کی ان پولیس فورسز کی صف میں شامل ہو گئی ہے جنہیں پریسیڈنٹس کلر سے نوازا گیا ہے۔ پڈوچیری پولیس کو اس باوقار اعزاز کا ملنا اس فورس کی شجاعت، سخت محنت اور لگن کا منہ بولتا ثبوت ہے۔
جناب امت شاہ نے کہا کہ کسی بھی پولیس فورس کے لیے پریسیڈنٹس کلر حاصل کرنا سب سے زیادہ باوقار لمحات میں سے ایک ہوتا ہے۔ پڈوچیری پولیس کو پڈوچیری کی حفاظت، اس کی اندرونی سلامتی کو یقینی بنانے اور اس کے وقار کے تحفظ کی ذمہ داری سونپی گئی ہے۔ پڈوچیری پولیس کو یہ باوقار اعزاز اس کی سخت محنت، شجاعت، خدمت اور لگن کے اعتراف میں دیا گیا ہے۔
مرکزی وزیر داخلہ نے کہا کہ ایک طویل عرصے تک فرانسیسی حکومت کے ماتحت رہنے کے باوجود پڈوچیری نے اپنی بھارتی شناخت اور روحانی توانائی کو برقرار رکھا ہے۔ پڈوچیری میں یکم اکتوبر 1963 کو ڈائریکٹر جنرل آف پولیس کا عہدہ قائم کیا گیا تھا اور تب سے پڈوچیری پولیس نے اس سرحدی خطے کی داخلی سلامتی کو مضبوط بنایا ہے۔
جناب امت شاہ نے کہا کہ وزیر اعظم جناب نریندر مودی کی قیادت میں حکومت ہند نے انگریزوں کے بنائے ہوئے تعزیری قوانین کی جگہ تین نئے فوجداری قوانین نافذ کیے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ یہ نئے قوانین نوعیت کے اعتبار سے محض سزا دینے کے نہیں ہیں؛ بلکہ ان کا مقصد شہریوں کو ٹیکنالوجی کے تعاون سے اور ایک مقررہ وقت کے اندر انصاف کی فراہمی کو یقینی بنانا ہے۔ یہ نئے فوجداری قوانین تین ستونوں پر قائم ہیں: ٹیکنالوجی، ٹائم لائن اور ٹرسٹ ۔
وزیر موصوف نے کہا کہ وزیر اعظم جناب نریندر مودی نے گزشتہ 12 برسوں کے دوران مرکز کے زیر انتظام خطوں کو مضبوط بنانے کے لیے کئی اقدامات کیے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مرکزی حکومت نے مرکز کے زیر انتظام اس خطے کو مضبوط کرنے کے لیے پڈوچیری کے عوام کے لیے کئی ترقیاتی پروجیکٹ شروع کیے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ 2,200 کروڑ روپے کی لاگت سے قومی شاہراہ 332 اے کو چار لین بنانے کا کام شروع کیا گیا ہے۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ مودی حکومت نے یہاں تقریباً 3,400 میٹر طویل اور 45 میٹر چوڑا ایک توسیعی رن وے تعمیر کیا ہے۔
جناب امت شاہ نے کہا کہ 1950 سے 2014 تک حکومت ہند نے پڈوچیری کو ترقیاتی کاموں کے لیے صرف 3,500 کروڑ روپے فراہم کیے تھے۔ 2014 سے 2026 تک مودی حکومت نے پڈوچیری کی ترقی کے لیے 13,762 کروڑ روپے فراہم کیے ہیں، جو کہ پہلے فراہم کردہ رقم کا تقریباً چار گنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ گزشتہ نو برسوں کے دوران حکومت ہند نے پڈوچیری میں 39,000 کروڑ روپے کی صنعتی سرمایہ کاری کی راہ بھی ہموار کی ہے۔ پڈوچیری کے شہری لکھ پتی دیدی، جل جیون مشن، آیوشمان بھارت، بیت الخلاء کی تعمیر، مفت اناج اسکیم، اجولا یوجنا، پردھان منتری آواس یوجنا اور فوائد کی براہ راست منتقلی ( ڈی بی ٹی) جیسے اقدامات سے مستفید ہوئے ہیں۔ مرکزی وزیر داخلہ نے کہا کہ وزیر اعظم جناب نریندر مودی کی قیادت میں حکومت ہند پڈوچیری کی ترقی کے لیے پرعزم ہے اور چوبیس گھنٹے اس کے عوام کی خدمت کے لئے مستعد ہے۔
(ش ح- ن ا)
U.N:1683
(ریلیز آئی ڈی: 2296875)
وزیٹر کاؤنٹر : 59
یہ ریلیز پڑھیں:
English
,
Marathi
,
हिन्दी
,
Manipuri
,
Bengali
,
Bengali-TR
,
Assamese
,
Punjabi
,
Gujarati
,
Odia
,
Tamil
,
Telugu
,
Malayalam