تعاون کی وزارت
azadi ka amrit mahotsav

امور داخلہ اور امداد باہمی کے مرکزی وزیر جناب امت شاہ کل ممبئی میں این یو سی ایف ڈی سی کے نئے دفتر کا افتتاح کریں گے


’سہکار نو-کرانتی‘ پروگرام میں شہری کوآپریٹو بینکوں کے لیے سکیورٹی آپریشنز سینٹر اور ملک گیر بنیادی بینکاری خدمات کا آغاز کیا جائے گا

این یو سی ایف ڈی سی اور نیشنل فارنسک سائنسز یونیورسٹی کے درمیان مفاہمت  نامہ  کا بھی تبادلہ ہوگا

وزیر اعظم جناب نریندر مودی کے ’ سہکار سے  سمردھی ‘ کے وژن کے مطابق شہری کوآپریٹو بینکاری کے شعبے کو جدید، محفوظ اور مسابقتی بنانے کی جانب اہم اقدام

پوسٹ کرنے کی تاریخ: 07 AUG 2026 7:39PM by PIB Delhi

وزیر اعظم جناب نریندر مودی کے ’ سہکار سے سمردھی ‘ کے وژن کو آگے بڑھاتے ہوئے، امور داخلہ اور امداد باہمی کے مرکزی وزیر جناب امت شاہ 8 اگست 2026 کو ممبئی کے فورٹ علاقے میں واقع شاردہ سدن میں نیشنل اربن کوآپریٹو فنانس اینڈ ڈیولپمنٹ کارپوریشن لمیٹڈ (این یو سی ایف ڈی سی) کے نئے دفتر کا افتتاح کریں گے۔ اس موقع پر جناب امت شاہ مہاراشٹر کی ریاستی شہری کوآپریٹو بینک فیڈریشنوں اور ضلعی انجمنوں کے نمائندوں سے بھی تبادلۂ خیال کریں گے۔

اس کے بعد امور داخلہ اور امداد باہمی کے مرکزی وزیر جناب امت شاہ بی ایس ای انٹرنیشنل کنونشن سینٹر میں منعقد ہونے والے ’سہکار نو-کرانتی‘ پروگرام میں مہمانِ خصوصی کی حیثیت سے شرکت کریں گے۔ مہاراشٹر کے وزیر اعلیٰ جناب دیویندر فڑنویس بھی اس پروگرام میں موجود رہیں گے۔

پروگرام کے دوران این یو سی ایف ڈی سی اور نیشنل فارنسک سائنسز یونیورسٹی (این ایف ایس یو) کے درمیان ایک  مفاہمت نامہ  کا تبادلہ کیا جائے گا۔ یہ اشتراک شہری کوآپریٹو بینکاری کے شعبے میں سائبر سکیورٹی، تکنیکی صلاحیتوں اور ادارہ جاتی استعداد کو مضبوط بنانے میں اہم کردار ادا کرے گا۔

امور داخلہ اور امداد باہمی کے مرکزی وزیر شہری کوآپریٹو بینکوں کی سائبر سکیورٹی کو مضبوط بنانے کے لیے سکیورٹی آپریشنز سینٹر (ایس او سی) کا بھی افتتاح کریں گے۔ اس کے ساتھ ملک گیر خدمات کے پیکیج کے تحت کور بینکنگ سروس اور دیگر متعلقہ خدمات کا بھی آغاز کیا جائے گا۔ ان اقدامات کا مقصد شہری کوآپریٹو بینکوں کو ایک جدید، محفوظ اور مشترکہ ڈیجیٹل بینکاری بنیادی ڈھانچہ فراہم کرنا ہے۔ ’سہکار سی بی ایس‘ سے کامیابی کے ساتھ منسلک ہونے والے پہلے چھ شہری کوآپریٹو بینکوں کے نمائندوں کو بھی پروگرام کے دوران اعزاز سے نوازا جائے گا۔

اس موقع پر امور داخلہ اور امداد باہمی کے مرکزی وزیر’آپریشنل رسک مینجمنٹ—اربن کوآپریٹو بینکس کے لیے ایک عملی رہنما‘ کے عنوان سے کتاب بھی جاری کریں گے۔ اس کتاب کے مصنف ریزرو بینک آف انڈیا کے سابق ڈپٹی جنرل منیجر جناب جی۔ پی۔ مستری ہیں۔ کتاب میں شہری کوآپریٹو بینکوں کے لیے آپریشنل خطرات کی شناخت، ان کے جائزے اور مؤثر انتظام کے حوالے سے عملی رہنمائی فراہم کی گئی ہے۔

این یو سی ایف ڈی سی کا آغاز 2 مارچ 2024 کو شہری کوآپریٹو بینکوں کے لیے ایک مرکزی تنظیم کے طور پر کیا گیا تھا۔ اس کا مقصد ان بینکوں کو مشترکہ تکنیکی پلیٹ فارم، بنیادی بینکاری خدمات، سائبر سکیورٹی کے حل، استعداد کار بڑھانے کے لیے تربیت اور دیگر عملی معاونت فراہم کرنا ہے۔ مشترکہ خدمات کے ذریعے، خصوصاً چھوٹے اور درمیانے درجے کے شہری کوآپریٹو بینک جدید بینکاری ٹیکنالوجی اختیار کرنے کے اخراجات کم کر سکیں گے، صارفین کو بہتر خدمات فراہم کر سکیں گے اور نجی و تجارتی بینکوں کے ساتھ زیادہ مؤثر انداز میں مسابقت کر سکیں گے۔

******

ش ح۔ ف ا۔ م ر

U-NO. 1633


(ریلیز آئی ڈی: 2296466) وزیٹر کاؤنٹر : 34