وزارت دفاع
وزیر دفاع نے علاقائی فوج سے متعلق وزارت دفاع کی پارلیمانی مشاورتی کمیٹی کے اجلاس کی صدارت کی
प्रविष्टि तिथि:
06 AUG 2026 12:36PM by PIB Delhi
وزیر دفاع جناب راج ناتھ سنگھ نے 6 اگست 2026 کو نئی دہلی میں وزارت دفاع کی پارلیمانی مشاورتی کمیٹی کے اجلاس کی صدارت کی، جس میں ’علاقائی فوج‘پر توجہ مرکوز کرتے ہوئے تبادلۂ خیال کیا گیا۔اجلاس کے دوران، اعلیٰ حکام نے کمیٹی کے اراکین کو علاقائی فوج کے دائرۂ کار، کردار اور اہم کامیابیوں کے بارے میں تفصیلی معلومات فراہم کیں۔ کمیٹی کے اراکین نے اس فورس کو مزید مضبوط بنانے اور اس کی مجموعی کارکردگی کو بہتر بنانے کے لیے قیمتی تجاویز پیش کیں۔
اپنے خطاب میں وزیر دفاع نے وزیر اعظم جناب نریندر مودی کی قیادت والی حکومت کے ’وکست بھارت‘کے ویژن کو آگے بڑھانے میں علاقائی فوج کے تعاون کو ‘اہم ‘قرار دیا۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ اگرچہ دفاعی افواج کا کردار بنیادی طور پر سلامتی سے متعلق امور کے گرد گھومتا ہے، تاہم علاقائی فوج ماحولیاتی تحفظ اور سماجی خدمات جیسے دیگر شعبوں میں بھی اپنا تعاون پیش کرتی ہے۔
انہوں نے کہا، ’’علاقائی فوج ’شہری-فوجی‘ تصور کی ایک زندہ مثال ہے۔ جہاں اس کے ارکان شہری زندگی سے وابستہ سرگرمیوں میں مصروف رہتے ہیں، وہیں بیک وقت وردی زیب تن کرکے سرحدوں کی حفاظت اور اندرونی سلامتی کو برقرار رکھنے کی ذمہ داری بھی نبھاتے ہیں۔‘‘
جناب راج ناتھ سنگھ نے کہا کہ علاقائی فوج تربیت یافتہ فوجیوں کا ایک ذخیرہ تیار کرکے دفاعی افواج کے لیے اضافی صلاحیت پیدا کرتی ہے، جنہیں ضرورت پڑنے پر فوری طور پر تعینات کیا جا سکتا ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ جب اہلکار اپنی مدت ملازمت مکمل کرکے دوبارہ شہری زندگی میں واپس آتے ہیں تو وہ معاشرے اور فوج کے درمیان ایک فعال رابطے کا کردار ادا کرتے ہیں اور عوام، بالخصوص نوجوانوں کو دفاعی افواج میں شامل ہونے کے لیے ترغیب دیتے ہیں۔علاقائی فوج ایک تربیت یافتہ، پرعزم اور مؤثر فورس کے طور پر موجود ہے، جس میں تقریباً 44,400 اہلکار اور 59 مختلف النوع یونٹ شامل ہیں۔ وزیر دفاع نے اس فورس کو ابتدائی مدد فراہم کرنے والی قوت قرار دیا، جو قدرتی آفات کے دوران فوری راحت اور تعاون فراہم کرتی ہے۔
انہوں نے کیرالہ کے سیلاب، اوڈیشہ کے طوفان اور حالیہ آسام کے سیلاب کے دوران راحت و بچاؤ کے کام انجام دینے اور ضرورت مند افراد کو طبی امداد فراہم کرنے میں علاقائی فوج کے کردار کو سراہا۔ماحولیاتی نظم و نسق اور موسمیاتی تبدیلیوں کے تدارک میں علاقائی فوج کے تعاون کو سراہتے ہوئے، جناب راج ناتھ سنگھ نے کہا کہ علاقائی فوج کی ماحولیاتی ٹاسک فورسز اب تک تقریباً 10 کروڑ پودے لگا چکی ہیں، جن میں سے 80 سے 85 فیصد پودے محفوظ رہنے میں کامیاب رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ یہ سبز مہم وزیر اعظم کے ’مشن لائف‘اور ’پنچ امرت‘کے اہداف کو عملی سطح پر حقیقت کا روپ دے رہی ہے۔ انہوں نے جموں و کشمیر میں تعینات علاقائی فوج کی جانب سے ’ہر گھر ترنگا‘مہم کو مزید بلندیوں تک پہنچانے کے لیے کی جانے والی کوششوں کی بھی ستائش کی۔
وزیر مملکت برائے دفاع جناب سنجے سیٹھ، چیف آف ڈیفنس اسٹاف جنرل این ایس راجا سبرامنی، بری فوج کے سربراہ جنرل دھیرج سیٹھ، سکریٹری دفاع جناب راجیش کمار سنگھ، سکریٹری (دفاعی پیداوار) جناب سنجیو کمار، سکریٹری (دفاعی مالیات) جناب وشواجیت سہائے اور دیگر اعلیٰ افسران نے اجلاس میں شرکت کی۔
***
ش ح -ظ ا-ع د
UN.1465
(रिलीज़ आईडी: 2295380)
आगंतुक पटल : 10