کوئلے کی وزارت
وزارتِ کوئلہ کی مشاورتی کمیٹی میں تجارتی کوئلہ کان کنی کی اصلاحات اور نجی شعبے کی شراکت سے بھرپور استفادے پر تبادلۂ خیال کیا گیا
प्रविष्टि तिथि:
06 AUG 2026 11:16AM by PIB Delhi
بدھ کے روز وزارتِ کوئلہ سے وابستہ اراکینِ پارلیمان کی مشاورتی کمیٹی کا اجلاس منعقد ہوا، جس میں ‘‘ تجارتی کوئلہ کان کنی کی اصلاحات اور نجی شعبے کی شراکت سے بھرپور استفادے’’ کے موضوع پر تفصیلی تبادلۂ خیال کیا گیا۔ اجلاس کی صدارت مرکزی وزیر برائے کوئلہ و کان کنی جناب جی۔ کشن ریڈی نے کی۔ اجلاس میں وزارتِ کوئلہ کے سکریٹری جناب وکرم دیو دت، وزارت کے سینئر افسران، سرکاری کوئلہ کمپنیوں کے اعلیٰ حکام اور مشاورتی کمیٹی کے اراکین نے بھی شرکت کی۔
اپنے افتتاحی خطاب میں مرکزی وزیر برائے کوئلہ و کان کنی جناب جی کشن ریڈی نے کہا کہ گزشتہ بارہ برسوں کے دوران وزیراعظم جناب نریندر مودی کی قیادت میں متعارف کرائی گئی اصلاحات میں تجارتی کوئلہ کان کنی ایک نمایاں اور کامیاب مثال بن کر سامنے آئی ہے۔ انہوں نے کمیٹی کے اراکین کو بتایا کہ تجارتی کوئلہ کانوں کی نیلامی کے 14 مراحل مکمل کیے جا چکے ہیں۔جبکہ پندرہواں مرحلہ اس وقت جاری ہے۔ وزیر نے کہا کہ تجارتی کوئلہ کان کنی کے آغاز سے کوئلہ شعبہ پہلے سے زیادہ مسابقتی، مؤثر اور کارآمد بنا ہے۔ جناب جی کشن ریڈی نے کہا کہ شفاف نیلامی کے نظام نے مسابقت کو فروغ دینے اور سرمایہ کاری کی حوصلہ افزائی کے ذریعہ ہندوستان کے کوئلہ شعبے میں نمایاں تبدیلی پیدا کی ہے۔ انہوں نے مزید بتایا کہ وزارت کوئلہ صنعتی تنظیموں اور نجی کمپنیوں کے ساتھ مسلسل رابطے میں ہے اور زیادہ سے زیادہ آگاہی اور وسیع تر شرکت کو یقینی بنانے کے لیے مختلف مقامات پر روڈ شوز اور متعلقہ فریقوں کے ساتھ مشاورتی اجلاس منعقد کر رہی ہے۔
کمیٹی کے اراکین کا خیرمقدم کرتے ہوئے وزارتِ کوئلہ کے سکریٹری جناب وکرم دیو دت نے کہا کہ مختص اور تجارتی کوئلہ کانوں نے گزشتہ دو مالی برسوں کے دوران ایک ارب ٹن کوئلہ پیداوار کے ہدف کے حصول میں اہم کردار ادا کیا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ گزشتہ مالی سال میں ملک کی مجموعی کوئلہ پیداوار میں مختص اور تجارتی کوئلہ کانوں کا حصہ تقریباً 20 فیصد رہا۔ سکریٹری نے مزید آگاہ کیا کہ کوئلہ شعبے میں متعارف کرائی گئی مسلسل اصلاحات کے نتیجے میں مکمل طور پر دریافت شدہ کوئلہ بلاکس کو عملی طور پر شروع کرنے کا عرصہ 51 ماہ سے کم ہو کر 40 ماہ رہ گیا ہے۔ جبکہ جزوی طور پر دریافت شدہ بلاکس کے لیے یہ مدت 66 ماہ سے کم ہو کر 52 ماہ تک آ گئی ہے۔
وزارت کوئلہ کی ایڈیشنل سکریٹری محترمہ روپندر برار نے ‘‘تجارتی کوئلہ کان کنی کی اصلاحات اور نجی شعبے کی شراکت سے بھرپور استفادے’’ کے موضوع پر ایک تفصیلی پریزنٹیشن پیش کی۔ مشاورتی کمیٹی کے اراکین نے کوئلہ شعبے میں اصلاحات کے لیے وزارت کی کوششوں کو سراہا اور نجی شعبے کی شراکت کو مزید مؤثر بنانے کے ساتھ ساتھ تجارتی کوئلہ کان کنی کی توسیع اور ماحولیاتی تحفظ و مقامی آبادی کے مفادات کے درمیان بہتر توازن قائم رکھنے کے حوالے سے قیمتی تجاویز بھی پیش کیں۔
*********
ش ح۔م ح۔ش ت
Urdu No-1461
(रिलीज़ आईडी: 2295346)
आगंतुक पटल : 14