بہت چھوٹی، چھوٹی اور درمیانی صنعتوں کی وزارت
ایم ایس ایم ای سے متعلق پائیداری کا(زیڈ ای ڈی) سرٹیفکیٹ: معیار، پائیداری اور خواتین کی زیر قیادت اداروں کا استحکام
خواتین کاروباریوں کو بااختیار بنانا: وزارت ایم ایس ایم ای کی جانب سے خواتین کی قیادت والے ایم ایس ایم ای اداروں کے لیے زیڈ ای ڈی سرٹیفکیشن پر 100 فیصد سبسڈی
6.7 لاکھ سے زائد ایم ایس ایم ای اداروں نے عالمی مسابقت کو فروغ دینے کے لیے زیڈ ای ڈی سرٹیفکیٹ حاصل کیے
کامیابی کی داستانیں زیڈ ای ڈی سرٹیفیکیشن کے انقلابی اثرات کی عکاسی کرتی ہیں
प्रविष्टि तिथि:
04 AUG 2026 11:22AM by PIB Delhi
فائنیکس انڈسٹریز پرائیویٹ لمیٹڈ – زیڈ ای ڈی کے ساتھ معیار اور پائیداری کی سمت پیش قدمی
مہاراشٹر کے ناسک ضلع کے دنڈوری میں واقع فِنیکس انڈسٹریز پرائیویٹ لمیٹڈ دھات اور لکڑی کا فرنیچر تیار کرتی ہے۔ اس ادارے نے 14 جولائی 2025 کو زیڈ ای ڈی سلور سرٹیفکیشن حاصل کیا، جس کے بعد ادارے نے کم معیار کی وجہ سے ہونے والی لاگت (سی او پی کیو) میں 11 فیصد، دوبارہ کام (ری ورک) میں 10 فیصد اور نقائص میں 1 فیصد کمی حاصل کی، جبکہ کام کی جگہ پر حفاظت اور وسائل کے بہتر استعمال میں بھی بہتری آئی۔اس ادارے نے توانائی کی بہتر کارکردگی، جگہ کے مؤثر استعمال اور استعمالی اشیا کی کھپت میں کمی کے ذریعے بھی بچت حاصل کی۔ ادارے کے مطابق، زیڈ ای ڈی سرٹیفکیشن نے پیداواریت، مصنوعات کے معیار اور عملیاتی کارکردگی کو بہتر بنانے میں اہم کردار ادا کیا ہے۔ یہ اس بات کو ظاہر کرتا ہے کہ صفر نقص، صفر اثر (زیرو ڈیفیکٹ، زیرو ایفیکٹ) کے اصول ایم ایس ایم ای اداروں کے لیے پائیدار اور مسابقتی ترقی کا ذریعہ بن سکتے ہیں۔
کونسیپٹ کلاتھنگ پرائیویٹ لمیٹڈ – زیڈ ای ڈی کے ذریعے معیار اور کارکردگی کو استحکام
پنجاب کے جالندھر میں واقع کانسیپٹ کلاتھنگ پرائیویٹ لمیٹڈ نے 14 جون 2025 کو زیڈ ای ڈی سلور سرٹیفکیشن حاصل کیا، جس سے معیار، پائیداری اور عملیاتی عمدگی کے لیے اس کے عزم کو مزید استحکام حاصل ہوا۔زیڈ ای ڈی کے اصولوں کو اپنانے کے بعد ادارے نے کام کی جگہ پر پیش آنے والے واقعات میں 80 فیصد کمی، مرمت کے اوسط وقت (ایم ٹی ٹی آر) میں 50 فیصد کمی، دوبارہ کام (ری ورک) میں 7.4 فیصد کمی اور مسترد شدہ مصنوعات (ریجیکشن) میں 4 فیصد کمی حاصل کی۔ اس کے علاوہ معیار، ماحولیات اور کام کی جگہ میں بہتری کے اقدامات کے ذریعے نمایاں بچت بھی حاصل کی گئی۔ادارے کے مطابق زیڈ ای ڈی سرٹیفکیشن نے عملیاتی نظم و ضبط کو مضبوط کیا، عملی کارکردگی کو بہتر بنایا اور مجموعی مسابقتی صلاحیت میں اضافہ کیا۔ یہ صفر نقص، صفر اثر (زیرو ڈیفیکٹ، زیرو ایفیکٹ) کے اصولوں کی ایم ایس ایم ای اداروں کے لیے اہمیت کو ظاہر کرتا ہے۔
زیرو ڈیفیکٹ، زیرو ایفیکٹ (زیڈ ای ڈی)سرٹیفیکیشن کے ذریعے ایم ایس ایم ایز کا استحکام
بہت چھوٹے، چھوٹے اور درمیانی سطح کی صنعتوں(ایم ایس ایم ایز) کی وزارت ایم ایس ایم ای پائیدار - زیڈ ای ڈی سرٹیفکیشن اسکیم کے ذریعے معیار پر مبنی اور ماحول دوست مینوفیکچرنگ کو فروغ دے رہی ہے۔ یہ اقدام ایم ایس ایم ای اداروں کو پیداواری عمل میں بہتری، بہتر معیار کے معیارات اپنانے اور ماحولیاتی اثرات کو کم کرنے میں معاونت فراہم کرتا ہے، جس کے نتیجے میں وہ ملکی اور عالمی منڈیوں میں اپنی مسابقتی صلاحیت کو مضبوط بنا سکتے ہیں۔اس اقدام کا ایک اہم مقصد خواتین کاروباریوں کی معیار پر مبنی اور پائیدار مینوفیکچرنگ میں زیادہ سے زیادہ شرکت کو فروغ دینا ہے۔ خواتین کی ملکیت والے کاروباری اداروں کے لیے لاگت کی رکاوٹ کو کم کرنے کے لیے حکومت نے زیڈ ای ڈی سرٹیفکیشن کی لاگت پر 100 فیصد سبسڈی فراہم کی ہے۔ یہ سہولت 11 نومبر 2023 سے نافذ العمل ہوئی، جس کے باعث اہل خواتین کی ملکیت والے ایم ایس ایم ای اداروں کے لیے سرٹیفکیشن کی لاگت مؤثر طور پر صفر ہو گئی ہے۔
یہ تعاون خواتین صنعت کاروں کو اس قابل بناتا ہے کہ وہ معیار، پیداواری صلاحیت، تحفظ اور ماحولیاتی پائیداری کے تسلیم شدہ معیارات کے مطابق اپنے پیداواری نظام کا جائزہ لے کر انہیں مضبوط بنا سکیں۔ ایک منظم انداز کی جائزہ کاری اور سرٹیفیکیشن تک رسائی کو آسان بنا کر یہ پہل خواتین کی زیر قیادت چلنے والے اداروں کو مضبوط ترین عمل تعمیر کرنے، مارکیٹ میں اپنی ساکھ کو بہتر بنانے اور وسیع تر تجارتی مواقع کے لیے خود کو تیار کرنے میں مدد فراہم کر سکتی ہے۔
پس منظر
’زیرو ڈیفیکٹ، زیرو ایفیکٹ‘(زیڈ ای ڈی) اقدام ایم ایس ایم ای اداروں کو اعلیٰ معیار کی مصنوعات تیار کرنے کے ساتھ ساتھ اپنے ماحولیاتی اثرات کو کم کرنے کی حوصلہ افزائی کرتاہے۔ یہ اداروں کو اپنی ٹیکنالوجی، نظام اور پیداواری طریقۂ کار میں مسلسل بہتری لانے میں معاونت فراہم کرتا ہے تاکہ معیار، پیداواریت اور پائیداری میں اضافہ ہو سکے۔زیڈ ای ڈی صرف ایک سرٹیفکیشن پروگرام نہیں، بلکہ یہ ایم ایس ایم ای اداروں کو جائزہ، بہتری، مراعات اور ٹیکنالوجی کو جدید بنانے کے لیے ایک منظم راستہ فراہم کرتا ہے۔ اس سرٹیفکیشن نظام میں کانسے، چاندی اور سونے (برونز، سلور اور گولڈ) کی سطحیں شامل ہیں، جن کے ذریعے ادارے بتدریج معیار اور پائیداری کے اعلیٰ معیارات حاصل کر سکتے ہیں۔
اہل ایم ایس ایم ای ادارے جانچ، نظام یا مصنوعات کی سرٹیفکیشن کی لاگت کا75 فیصد تک مالی تعاون (زیادہ سے زیادہ 50,000 روپے) حاصل کر سکتے ہیں۔ اس کے علاوہ رہنمائی اور مشاورتی معاونت کے لیے 2 لاکھ روپے تک اور ’زیرو ایفکٹ‘کے حل، آلودگی پر قابو پانے کے اقدامات اور صاف ستھری ٹیکنالوجیز اپنانے کے لیے 3 لاکھ روپے تک کی مالی مدد بھی حاصل کی جا سکتی ہے۔
وسعت پزیر رسائی اور اثرات
ایم ایس ایم ای پائیدار (زیڈ ای ڈی) سرٹیفکیشن اسکیم ایم ایس ایم ای اداروں میں معیار، پائیداری اور مسابقت کو فروغ دینے والے ایک اہم ذریعہ کے طور پر ابھر رہی ہے۔ 7 جولائی 2026 تک تقریباً 9.49 لاکھ ایم ایس ایم ای اداروں نے اس اسکیم کے تحت رجسٹریشن کرائی ہے، جبکہ6.67 لاکھ سے زائد کانسے (برونز)، 6,700 چاندی (سلور) اور 4,800 سونے (گولڈ) سرٹیفکیشن جاری کیے جا چکے ہیں۔ اس اقدام کے تحت اداروں کو معیاری اور پائیدار مینوفیکچرنگ طریقے اپنانے میں مدد دینے کے لیے913 کروڑ روپے سے زائد کی مالی معاونت بھی فراہم کی گئی ہے۔
زیڈ ای ڈی کا اثر صرف سرٹیفکیشن تک محدود نہیں ہے۔ 22 ریاستوں/مرکز کے زیر انتظام علاقوں نے زیڈ ای ڈی کو اپنی صنعتی پالیسیوں میں شامل کیا ہے اور سرٹیفائیڈ ایم ایس ایم ای اداروں کو اضافی مراعات فراہم کر رہے ہیں۔ اس کے علاوہ19 مالیاتی ادارے پروسیسنگ فیس اور شرح سود میں رعایت جیسے فوائد فراہم کر رہے ہیں، جس سے زیڈ ای ڈی سرٹیفائیڈ اداروں کے لیے مالی سہولیات تک رسائی آسان ہو رہی ہے۔اس اسکیم کی ایک اہم خصوصیت خواتین کی ملکیت والے ایم ایس ایم ای اداروں کے لیے زیڈ ای ڈی سرٹیفکیشن پر 100 فیصد سبسڈی ہے، جو لاگت کی رکاوٹ کو ختم کرتی ہے اور خواتین صنعت کاروں کی زیادہ سے زیادہ شرکت کی حوصلہ افزائی کرتی ہے۔
معیاری مینوفیکچرنگ، وسائل کے مؤثر استعمال اور ماحولیاتی پائیداری کو فروغ دے کر زیڈ ای ڈی ایم ایس ایم ای اداروں کو اپنی مسابقتی صلاحیت مضبوط بنانے، مارکیٹ میں اعتماد بڑھانے اور ملکی و عالمی ویلیو چینز میں زیادہ مؤثر انداز میں شامل ہونے میں مدد فراہم کر رہی ہے۔
تفصیلات کے لیے براہ کرم ویب سائٹ https://zed.msme.gov.in/پررابطہ کریں۔
******
ش ح۔م ع ن۔رض
U-1264
(रिलीज़ आईडी: 2294215)
आगंतुक पटल : 10