شمال مشرقی ریاستوں کی ترقی کی وزارت
دولت مشترکہ کھیلوں میں تاریخی کامیابی کے بعد ویٹ لفٹنگ کی چیمپیئن میرابائی چانو نےمرکزی وزیر جیوتیرادتیہ سندھیا سے ملاقات کی
سندھیا نے وزیر اعظم نریندر مودی کے وژن کے مطابق شمال مشرق میں کھیلوں میں اگلی نسل کے چیمپیئن تیار کرنے کے عزم کا اعادہ کیا
شمال مشرقی خطے سے عالمی معیار کی تربیت اور مؤثر معاونت کے ذریعے مزید کئی میرابائی چانو سامنے آنی چاہئیں: جیوتیرادتیہ سندھیا
प्रविष्टि तिथि:
03 AUG 2026 3:18PM by PIB Delhi
گلاسگو میں منعقدہ دولت مشترکہ کھیلوں میں مسلسل تیسرا طلائی تمغہ جیت کر ایک نیا ریکارڈ قائم کرنے والی ممتاز ویٹ لفٹر میرا بائی چانو نے آج نئی دہلی میں مواصلات اور شمال مشرقی خطہ کی ترقی کے مرکزی وزیر جناب جیوتیرادتیہ ایم۔ سندھیا سے ملاقات کی۔
جناب سندھیا نے میرا بائی چانو کو ان کی شاندار کامیابی پر مبارکباد دیتے ہوئے ان کے غیر متزلزل عزم، نظم و ضبط اور مسلسل محنت کی بھرپور ستائش کی۔ انہوں نے کہا کہ ان کی یہ کامیابی ملک بھر، خصوصاً شمال مشرقی خطے کے لاکھوں نوجوان کھلاڑیوں کے لیے ایک عظیم ترغیب ہے۔
ملاقات کے دوران میرا بائی چانو نے اپنی جدوجہد، ثابت قدمی اور ان مشکلات کا ذکر کیا جن پر قابو پا کر وہ ہندوستان کی صفِ اول کی کھلاڑیوں میں شامل ہوئیں۔ وزیر موصوف نے ان کے ساتھ کھیلوں کے مختلف پہلوؤں، جن میں تربیتی معمولات، غذائیت، جسمانی بحالی کے مراحل اور بہترین کارکردگی کے لیے مناسب آرام اور بھرپور نیند کی اہمیت شامل ہے، پر تفصیلی گفتگو بھی کی۔
وزیر موصوف نے میرا بائی چانو کے کوچ، ٹرینر اور فزیوتھراپسٹ کی گراں قدر خدمات کو بھی سراہتے ہوئے کہا کہ عالمی معیار کی کھیلوں کی کامیابیاں مضبوط معاون نظام، سائنسی بنیادوں پر تربیت اور ماہرین کی رہنمائی کے بغیر ممکن نہیں ہوتیں۔
شمال مشرقی خطے میں کھیلوں کے ٹیلنٹ کو فروغ دینے کے لیے شمال مشرقی خطہ کی ترقی کی وزات کے وژن کا ذکر کرتے ہوئے جناب سندھیا نے اعلیٰ سطحی ٹاسک فورس (ایچ ایل ٹی ایف) کے ذریعے خطے میں ایک جامع کھیلوں کے نظام کی تشکیل پر تبادلۂ خیال کیا۔ انہوں نے بتایا کہ اس ٹاسک فورس کے تحت وزارتِ شمال مشرقی خطہ کی ترقی ‘‘ایک ریاست، ایک کھیل’’ اقدام پر کام کر رہی ہے، جس کے تحت شمال مشرق کی ہر ریاست کو اُن کھیلوں میں اعلیٰ کارکردگی حاصل کرنے کے لیے تعاون فراہم کیا جا رہا ہے جن میں اسے قدرتی برتری حاصل ہے، جیسے ویٹ لفٹنگ، تیراندازی اور فٹ بال۔
مرکزی وزیر نے زور دے کر کہا کہ اس اقدام کا مقصد صرف عمارتیں اور بنیادی ڈھانچہ کھڑا کرنا نہیں بلکہ معیاری کوچنگ، سائنسی تربیت، کھیلوں کے سائنسی اصول، غذائیت، جسمانی تندرستی اور کھلاڑیوں کی ہمہ جہت معاونت پر مبنی عالمی معیار کا کھیلوں کا نظام قائم کرنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اگر خطے ہی میں ابھرتے ہوئے کھلاڑیوں کو اعلیٰ معیار کی تربیت اور جدید سہولیات میسر آئیں تو اس سے مزید نوجوان کھیلوں میں اعلیٰ کارکردگی کے حصول کی جانب راغب ہوں گے اور شمال مشرقی خطہ مستقبل میں میرا بائی چانو جیسے کئی مزید چیمپئن پیدا کر سکے گا۔میرا بائی چانو کے ٹرینر وجے شرما نے بھی شمال مشرقی خطے کے کھلاڑیوں کی بے پناہ صلاحیتوں کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ یہ اقدامات زمینی سطح پر موجود باصلاحیت کھلاڑیوں کی بہتر انداز میں تربیت اور رہنمائی میں بھی اہم کردار ادا کریں گے۔
وزیر اعظم جناب نریندر مودی کے شمال مشرقی خطے سے متعلق وژن کے مطابق، اس ملاقات میں اس عزم کا اعادہ کیا گیا کہ حکومت کھیلوں کے ٹیلنٹ، معیاری کوچنگ اور کھلاڑیوں کی ہمہ جہت ترقی میں سرمایہ کاری کے ذریعے کھیلوں کے نظام کو مزید مضبوط بنائے گی اور شمال مشرقی خطے کی بے مثال کھیلوں کی صلاحیتوں کو بھرپور انداز میں بروئے کار لائے گی۔
*****
ش ح۔ ع ح –ت ع
U.No. 1203
(रिलीज़ आईडी: 2293786)
आगंतुक पटल : 11