عملے، عوامی شکایات اور پنشن کی وزارت
برکس کی اپنی صدارت کے تحت بھارت حیدرآباد میں برکس انسداد بدعنوانی ورکنگ گروپ کی دوسری میٹنگ کی میزبانی کرے گا
प्रविष्टि तिथि:
03 AUG 2026 2:41PM by PIB Delhi
بھارتی حکومت کے عملے و تربیت کے محکمہ (ڈی او پی ٹی) کی جانب سے بھارت کی برکس صدارت 2026 کے تحت 4 سے 5 اگست 2026 کو تلنگانہ کے حیدرآباد میں برکس انسدادِ بدعنوانی ورکنگ گروپ (اے سی ڈبلیو جی) کا دوسرا اجلاس منعقد ہوگا اور اثاثوں کی بازیابی سے متعلق برکس ماہرین کے نیٹ ورک کا دوسرا اجلاس بھی منعقد کیا جائے گا۔
مذکورہ اجلاس بھارت کی برکس صدارت کے موضوع ‘‘پائیداریت، جدت، تعاون اور استحکام کے تئیں تعمیر’’ کے مطابق منعقد کیا جا رہا ہے۔
اجلاس کا افتتاح عملے و تربیت کے محکمہ کی سکریٹری محترمہ رچنا شاہ کریں گی۔ مذکورہ تقریب میں برکس رکن ممالک کے نمائندوں کے علاوہ اعلیٰ پالیسی سازوں، ماہرین، متعلقہ شعبے کے ماہرین اور انسداد بدعنوانی اورقانون نافذ کرنے والی ایجنسیوں کے نمائندوں کی شرکت متوقع ہے۔
حیدرآباد میں ہونے والا یہ اجلاس 2 سے 3 جون 2026 کو ورچوئل وسیلے سے منعقد ہونے والے برکس انسدادِ بدعنوانی ورکنگ گروپ کے پہلے اجلاس کے نتائج کی بنیاد پر منعقد کیا جا رہا ہے۔ برکس ممالک اثاثوں کی بازیابی کے لیے بین الاقوامی تعاون کو مضبوط بنانے، سرحد پار بدعنوانی سے نمٹنے اور حکمرانی میں شفافیت و جواب دہی کو فروغ دینے کے لیے مختلف امور پر تبادلۂ خیال کریں گے۔
تبادلۂ خیال کے ذریعہ درج ذیل امور پر عملی تعاون کو آگے بڑھانے کی جانب توجہ مرکوز کی جائے گی:
- بدعنوانی کے مقدمات میں مطلوب مفرور ملزمان کا سراغ لگانے اور حوالگی کی کارروائیوں میں تعاون کے لیے غیر رسمی تعاون کو مضبوط بنانا؛
- اثاثوں کی بازیابی سے متعلق برکس ماہرین کے نیٹ ورک کے ذریعے معلومات کے تبادلے اور عملی تعاون کو فروغ دینا؛ اور
- مالیاتی ٹیکنالوجی، ڈیجیٹل اثاثوں اور ابھرتے ہوئے ڈیجیٹل مالیاتی ذرائع سے پیدا ہونے والے بدعنوانی سے متعلق خطرات کی روک تھام اور ان سے نمٹنے کے لیے تجربات اور بہترین طریقۂ کار کا تبادلہ کرنا۔
5 اگست 2026 کو ‘‘جدت اور ٹیکنالوجی پر مبنی نظام کے ذریعے اخلاقی حکمرانی’’ کے عنوان سے ایک خصوصی ضمنی تقریب بھی منعقد کی جائے گی۔ اس ضمنی تقریب میں برکس رکن ممالک کو، ٹیکنالوجی پر مبنی حکمرانی کے شعبے میں، اپنے تجربات کے تبادلے کے لیے ایک پلیٹ فارم فراہم کیا جائے گا، جس میں ڈیجیٹل عوامی خریداری، شہریوں کی شمولیت، شفافیت، جواب دہی اور عوامی انتظامیہ میں دیانت داری کو مضبوط بنانے کے لیے اختراعی طریقۂ کار شامل ہوں گے۔
حیدرآباد میں ہونے والا یہ اجلاس مکالمے، تجربات کے تبادلے اور مشترکہ اقدامات کے ذریعے برکس رکن ممالک کے درمیان عملی تعاون کو فروغ دینے کے بھارت کے عزم کی تجدید کرے گا۔ بھارت کی برکس صدارت کے تحت انسدادِ بدعنوانی ورکنگ گروپ کا یہ آخری اجلاس ہوگا، اس اجلاس سے توقع ہے کہ یہ پورے سال کے دوران حاصل ہونے والی پیش رفت کو مستحکم کرے گا اور اثاثوں کی بازیابی، سرحد پار بدعنوانی کی روک تھام، ٹیکنالوجی پر مبنی حکمرانی اور ادارہ جاتی صلاحیت سازی کے شعبوں میں برکس ممالک کے درمیان مسلسل تعاون کی بنیاد بھی فراہم کرے گا۔
************
ش ح ۔ش م۔ش ت
UN-NO-1197
(रिलीज़ आईडी: 2293770)
आगंतुक पटल : 9