نوجوانوں کے امور اور کھیل کود کی وزارت
azadi ka amrit mahotsav

 وزیراعظم  جناب نریندر مودی نے 'نشہ مکت یووا برائے وکست بھارت سنکلپ ابھیان' کا آغاز کیا، ہر شہری سے مہم میں شامل ہونے کی اپیل


وزیراعظم کی منشیات سے پاک ہندوستان کی اپیل پر ایک کروڑ سے زائد نوجوان شامل، 100 ہفتوں پر مشتمل 'نشہ مکت یووا برائے وکست بھارت سنکلپ ابھیان' کا آغاز

"آئندہ 100 اتوار منشیات سے پاک ہندوستان کی جانب 100 مضبوط قدم ثابت ہوں گے": وزیراعظم

"وزیراعظم کی قیادت میں 'نشہ مکت یووا برائے وکست بھارت سنکلپ ابھیان' ملک گیر عوامی شراکت داری کی تحریک بن جائے گا": ڈاکٹر منسکھ مانڈویہ

प्रविष्टि तिथि: 02 AUG 2026 7:13PM by PIB Delhi

وزیراعظم جناب نریندر مودی نے آج 'نشہ مکت یووا برائے وکست بھارت سنکلپ ابھیان' کا آغاز کیا۔ اس موقع پر ملک گیر ویڈیو کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے 28 ہزار سے زائد مقامات سے آن لائن شریک ہونے والے ایک کروڑ سے زیادہ نوجوانوں سمیت مختلف طبقات کے شرکاء کا خیرمقدم کیا۔ انہوں نے اس اجتماع کو قومی عزم کا مظہر قرار دیتے ہوئے کہا، "آج ہم سب ملک کے باشندے ایک عظیم اور اہم عزم کے لیے متحد ہوئے ہیں۔"

وزیراعظم جناب نریندر مودی نے کہا کہ یہ مہم صرف انفرادی صحت تک محدود نہیں بلکہ خاندان، سماج اور پورے ملک کے مفاد سے بھی وابستہ ہے۔ 'نشہ مکت یووا برائے وکست بھارت سنکلپ ابھیان' کے مقصد پر روشنی ڈالتے ہوئے انہوں نے کہا کہ وکست بھارت کے ہدف کے حصول کے لیے ضروری ہے کہ ملک کے نوجوان جسمانی طور پر صحت مند، ذہنی طور پر مضبوط، خوداعتماد ہوں اور منشیات جیسی تباہ کن عادتوں سے مکمل طور پر دور رہیں۔ انہوں نے کہا، "آج جب ملک نے وکست بھارت کا ہدف مقرر کیا ہے تو یہ ناگزیر ہے کہ نوجوان جسمانی و ذہنی طور پر فٹ رہیں، خوداعتمادی سے بھرپور ہوں اور منشیات جیسی تباہ کن عادتوں سے ہمیشہ دور رہیں۔"

وزیراعظم جناب نریندر مودی نے مہم کے آغاز کا ذکر کرتے ہوئے اطمینان ظاہر کیا کہ گزشتہ برس اس کا پائلٹ پروجیکٹ مقدس شہر کاشی سے شروع کیا گیا تھا۔ انہوں نے کہا کہ سائنسی شعور، روحانی توانائی اور ثقافتی وابستگی کے امتزاج سے یہ مہم تیزی سے وسعت اختیار کر چکی ہے۔ ان کے مطابق کاشی اعلامیہ کے تحت 125 سے زائد روحانی تنظیموں اور متعدد غیر سرکاری تنظیموں کی حمایت سے شروع ہونے والا یہ فلاحی تصور اب کامیابی کے ساتھ ایک قومی منصوبہ بن چکا ہے۔

 امورِ نوجوانان و کھیل اور محنت و روزگار، کے مرکزی وزیر ڈاکٹر  منسکھ مانڈویہ، نے وزیراعظم جناب نریندر مودی کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا کہ 'نشہ مکت یووا برائے وکست بھارت سنکلپ ابھیان' کا آغاز وکست بھارت @2047 کے وزیراعظم کے وژن کو حقیقت میں بدلنے کی سمت ایک اہم سنگ میل ہے۔

انہوں نے کہا کہ وزیراعظم جناب نریندر مودی نے ہمیشہ ملک کی تعمیر میں نوجوانوں کو مرکزی حیثیت دی ہے اور انہیں امرت کال کی محرک قوت قرار دیا ہے۔ اسی وژن کے تحت حکومت نے مائی بھارت کو ایک واحد پلیٹ فارم کے طور پر قائم کیا، جس کے ذریعے رضاکارانہ خدمات، قیادت، رہنمائی اور قومی خدمت کے مواقع فراہم کیے جا رہے ہیں اور اب تک 2.23 کروڑ سے زیادہ نوجوان اس سے جڑ چکے ہیں۔

ڈاکٹر منسکھ مانڈویہ نے کہا کہ لال قلعہ سے وزیراعظم جناب نریندر مودی کی جانب سے منشیات سے پاک ہندوستان کی اپیل کے بعد مائی بھارت مسلسل نوجوانوں کی شمولیت کے ذریعے اس مہم کو آگے بڑھا رہا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ 100 ہفتوں کے ایکشن پلان اور کاشی اعلامیہ نے، جو ممتاز روحانی تنظیموں سے مشاورت کے بعد تیار کیا گیا، منشیات کے خلاف ملک گیر عوامی تحریک کی بنیاد رکھی ہے۔

انہوں نے یقین ظاہر کیا کہ جس طرح وزیراعظم جناب نریندر مودی کی قیادت میں عوامی شراکت داری نے سوچھ بھارت، فٹ انڈیا اور دیگر قومی مہمات کو کامیاب عوامی تحریکوں میں تبدیل کیا، اسی طرح 'نشہ مکت یووا برائے وکست بھارت سنکلپ ابھیان' بھی لاکھوں نوجوانوں کو صحت مند، منشیات سے پاک اور ترقی یافتہ ہندوستان کی تعمیر میں کردار ادا کرنے کی ترغیب دے گا۔

اس موقع پر امورِ نوجوانان و کھیل کی وزیر مملکت محترمہ رکشا نکھل کھڈسے، 26 ریاستوں کے گورنر اور 11 ریاستوں کے وزرائے اعلیٰ بھی اس ملک گیر مہم میں شریک ہوئے۔

وزیراعظم جناب نریندر مودی نے منشیات کے خلاف حلف لینے والے لاکھوں نوجوانوں کی ستائش کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے نہ صرف خود منشیات سے دور رہنے بلکہ اپنے اسکولوں، کالجوں اور معاشروں میں بھی اس پیغام کو عام کرنے کا عزم ظاہر کیا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ آئندہ 100 ہفتوں کے دوران ہر اتوار کو فن، ثقافت، کھیل اور مراقبے سے متعلق سرگرمیاں منعقد کی جائیں گی تاکہ زیادہ سے زیادہ نوجوان اس مہم سے وابستہ ہوں۔ انہوں نے کہا، "آئندہ 100 اتوار منشیات سے پاک ہندوستان کی سمت 100 مضبوط قدم ثابت ہوں گے۔"

طلبہ، این ایس ایس اراکین اور مائی بھارت کے رضاکاروں سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم جناب نریندر مودی نے نوجوانوں کے شعور، حساسیت اور عزم کی ستائش کی۔ انہوں نے نوجوانوں کو ہندوستان کی "امرت نسل" قرار دیتے ہوئے کہا کہ ان کی توانائی، تخلیقی صلاحیت اور ہنر ہی 2047 کے ترقی یافتہ ہندوستان کے خواب کو حقیقت میں بدل سکتے ہیں۔ انہوں نے زور دے کر کہا، "ملک کے روشن مستقبل اور اپنی بہتر زندگی کے لیے یہ بے حد ضروری ہے کہ آپ خود کو ہر طرح کی نشے کی لت سے آزاد رکھیں۔"

وزیراعظم جناب نریندر مودی نے کہا کہ آج کا نوجوان جہاں اسٹارٹ اپس، مصنوعی ذہانت، کھیل اور خلائی تحقیق جیسے شعبوں میں غیر معمولی کامیابیاں حاصل کر رہا ہے، وہیں منشیات کی لت اس کی توجہ بٹاکر اس کے خوابوں کو تباہ کر دیتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ نشے کی لعنت صرف ایک فرد کو نہیں بلکہ پورے خاندان کو متاثر کرتی ہے، والدین کے خواب بکھر جاتے ہیں، بزرگ روزانہ اذیت جھیلتے ہیں اور اس کے نتیجے میں قوم کی اجتماعی طاقت بھی کمزور پڑ جاتی ہے۔

وزیراعظم جناب نریندر مودی نے نوجوانوں کو منشیات کے فریب سے خبردار کرتے ہوئے کہا کہ نشہ وقتی سرور تو دیتا ہے، لیکن آخرکار انسان کے کیریئر اور خاندانی زندگی کو مستقل نقصان پہنچاتا ہے۔ انہوں نے ہندوستانی تہذیب، روحانی روایات اور شری گرو گرنتھ صاحب کی تعلیمات کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ ہماری ثقافت نے ہمیشہ نشہ آور اشیا کو مسترد کیا ہے۔ انہوں نے زور دے کر کہا، "کسی بھی صورت میں نشے کو سماجی قبولیت نہیں دی جانی چاہیے۔"

انہوں نے کہا کہ سماجی تعاون، یوگا، مراقبہ اور جدید بازآبادکاری مراکز نشے سے نجات دلانے میں مؤثر کردار ادا کرتے ہیں۔ انہوں نے خاندانوں پر زور دیا کہ سماجی بدنامی کے خوف کے بجائے طبی امداد کو ترجیح دیں اور گھروں میں کھلے ماحول میں بات چیت کو فروغ دیں تاکہ بچے نشے کے جال میں نہ پھنسیں۔ انہوں نے کہا، "اگر کوئی نوجوان غلطی سے نشے کی لت میں مبتلا ہو جائے تو اس کا ہرگز یہ مطلب نہیں کہ اس کے لیے تمام راستے ہمیشہ کے لیے بند ہو گئے ہیں۔"

وزیراعظم جناب نریندر مودی نے کالجوں اور یونیورسٹیوں کے اساتذہ سے اپیل کی کہ وہ اپنے نصاب اور تعلیمی سرگرمیوں میں منشیات کے نقصانات پر باقاعدہ گفتگو کو شامل کریں اور تعلیمی اداروں میں انسدادِ منشیات کی خصوصی مہمات چلائیں۔ انہوں نے معاشرے سے بھی اپیل کی کہ نشے سے نجات پانے والے افراد کو عزت اور دوسرا موقع دیا جائے۔ انہوں نے کہا، "جو نوجوان نشے کے خلاف جنگ جیت کر واپس آتے ہیں، وہ کمزور نہیں بلکہ حقیقی مجاہد ہیں اور ان کا حوصلہ ہی ان کی اصل پہچان ہے۔"

اپنے خطاب کے اختتام پر وزیراعظم جناب نریندر مودی نے نوجوانوں کو یقین دلایا کہ حکومت اس جدوجہد میں ان کے ساتھ کھڑی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ملک بھر میں منشیات فروشوں اور اسمگلروں کے خلاف بڑے پیمانے پر کارروائیاں کی جا رہی ہیں، ہزاروں کروڑ روپے مالیت کی منشیات ضبط کی گئی ہیں اور گرفتاریاں بھی تیزی سے بڑھ رہی ہیں۔ انہوں نے اعتماد ظاہر کیا کہ ملک کے نوجوان نشے سے دور رہ کر اپنی توانائی کو مثبت سمت میں استعمال کریں گے اور وکست بھارت کے عزم کو کامیابی سے آگے بڑھائیں گے۔

************

ش ح ۔   م  د ۔  م  ص

(U : 1163 )


(रिलीज़ आईडी: 2293514) आगंतुक पटल : 12
इस विज्ञप्ति को इन भाषाओं में पढ़ें: English , हिन्दी , Gujarati , Tamil , Kannada