وزیراعظم کا دفتر
وزیر اعظم جناب نریندر مودی نے ’نشہ مکت یووا فار وکست بھارت سنکلپ ابھیان‘ کا کیا آغاز
میں ہر شہری، بالخصوص اپنے نوجوانوں سے گزارش کرتا ہوں کہ وہ اس تحریک میں شامل ہوں: وزیر اعظم
آج، جب قوم نے وکست بھارت کا ہدف طے کر لیا ہے تو یہ انتہائی ضروری ہے کہ ملک کے نوجوان جسمانی اور ذہنی طور پرفٹ رہیں، خود اعتمادی سے بھرپور ہوں اور منشیات جیسی تباہ کن عادات سے ہمیشہ دور رہیں: وزیر اعظم
ہمیں ہر نوجوان کو نشے کی لت میں پھنسنے سے بچانا ہوگا: وزیر اعظم
معاشرے کا تعاون، یوگا اور مراقبہ کی طاقت، یہ چیزیں نشے کی لت کے خلاف ہمارے اندرونی وجود کو قوت عطا کرتی ہیں اور آج ہمارے پاس نشے کی لت سے نجات حاصل کرنے کے لیے بحالی کے مراکز جیسی سہولیات بھی موجود ہیں: وزیر اعظم
اگر کوئی نوجوان غلطی سے نشے کی لت کے جال میں پھنس بھی گیا ہے تو اس کا مطلب ہرگز یہ نہیں ہے کہ اس کے لیے تمام دروازے بند ہو چکے ہیں: وزیر اعظم
ہمیں ہمیشہ یاد رکھنا چاہیے، اگر گھر کا کوئی بچہ نشے کی لت کا شکار ہو جائے تو سماجی وقار کے بھیس میں اسے چھپائیں نہیں؛ جس سے بھی ضرورت ہو مدد حاصل کریں؛ طبی مدد کے ذریعے اپنے بچے کو نشے کی لت سے آزاد کرانے کی کوشش کریں: وزیر اعظم
ہمیں اپنے کنبے میں بچوں کے ساتھ کھل کر بات چیت کا کلچر بھی تیار کرنا چاہیے، تاکہ اس سے پہلے کہ وہ ایسے بھنور میں پھنسیں، آپ ان کا ہاتھ تھام سکیں: وزیر اعظم
میں اپنے کالجوں اور یونیورسٹیوں کے پروفیسروں سے بھی ایک اپیل کرنا چاہوں گا کہ باقاعدہ نصابی تدریس کے ساتھ ساتھ، براہ کرم اپنے طلباء کے ساتھ منشیات کے استعمال کے خطرات پر تبادلہ خیال کریں ، اپنے کیمپسوں میں نشے کے خلاف ایک تحریک کی قیادت کریں، آپ کی کوششوں کے نمایاں نتائج حاصل ہو سکتے ہیں: وزیر اعظم
प्रविष्टि तिथि:
02 AUG 2026 1:48PM by PIB Delhi
وزیراعظم جناب نریندر مودی نے آج ’نشہ مکت یووا فار وکست بھارت سنکلپ ابھیان‘ کا آغاز کیا۔ ملک گیر سطح پر ایک بڑے ویڈیو کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعظم نے 28,000 سے زیادہ مقامات سے منسلک ایک کروڑ سے زائد نوجوان شہریوں سمیت اس متنوع اجتماع کا باقاعدہ خیرمقدم کیا۔ اس لمحے کی اجتماعی اہمیت پر زور دیتے ہوئے انہوں نے اس اجتماع کو ایک شاندار قومی عزم قرار دیا۔ جناب مودی نے کہا ’’ آج، ہم تمام ہم وطن ایک عظیم اور اہم عزم کے لیے متحد ہوئے ہیں‘‘۔
اس اقدام کی ہمہ جہت نوعیت پر روشنی ڈالتے ہوئے وزیر اعظم نے وضاحت کی کہ یہ مہم انفرادی صحت سے بالاتر ہے، جو بیک وقت خاندانوں، معاشرے اور پوری قوم کے وسیع تر مفادات کو پورا کرتی ہے۔ ’ ڈرگ فری یوتھ فار وکست بھارت سنکلپ ابھیان‘ کے پیس پشت بنیادی مقصد کا ذکر کرتے ہوئے انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ وکست بھارت کے حصول کے لیے بنیادی طور پر ایک ایسی نوجوان نسل کی ضرورت ہے جو جسمانی طور پر صحت مند، ذہنی طور پر مضبوط اور خود اعتمادی سے بھرپور ہو اور جو تباہ کن عادات سے مکمل طور پر پاک ہو۔ جناب مودی نے زور دے کر کہا، ’’ آج، جب قوم نے وکست بھارت کا ہدف طے کر لیا ہے تو یہ انتہائی ضروری ہے کہ ملک کے نوجوان جسمانی اور ذہنی طور پر فٹ رہیں، خود اعتمادی سے بھرپور ہوں اور منشیات جیسی تباہ کن عادات سے ہمیشہ دور رہیں۔
وزیر اعظم نے اس مہم کے آغاز کا ذکر کرتے ہوئے گہرے اطمینان کا اظہار کیا کہ یہ اقدام ابتدائی طور پر پچھلے سال کاشی کی مقدس سرزمین سے ایک پائلٹ پروجیکٹ کے طور پر شروع کیا گیا تھا۔ اس تحریک کو آگے بڑھانے والی سائنسی وضاحت، روحانی توانائی اور گہرے ثقافتی عزم کے منفرد امتزاج کو اجاگر کرتے ہوئے انہوں نے اس کی بڑے پیمانے پر توسیع کا ذکر کیا۔ جناب مودی نے کہا کہ کاشی ڈیکلریشن کے تحت 125 سے زیادہ روحانی تنظیموں اور متعدد این جی اوز کے تعاون سے یہ بہبودی خیال اب کامیابی کے ساتھ ایک قومی پروجیکٹ بن چکا ہے۔
منشیات کے خلاف حلف لینے والے لاکھوں نوجوانوں کی ستائش کرتے ہوئے وزیر اعظم نے ذاتی طور پر نشے سے دور رہنے اور اپنے اسکولوں، کالجوں اور کمیونٹیز میں منشیات سے پاک زندگی کا پیغام سرگرم طور پر پھیلانے کے ان کے پختہ عزم کو سراہا۔ مہم کے اولوالعزم 100 ہفتوں کے روڈ میپ کا خاکہ پیش کرتے ہوئے انہوں نے تفصیل سے بتایا کہ آنے والے ہر اتوار کو آرٹ، کلچر، اسپورٹس اور مراقبہ پر مشتمل مخصوص سرگرمیاں شامل ہوں گی تاکہ نئے شرکاء کو مسلسل مصروف عمل رکھا جا سکے۔ جناب مودی نے زور دے کر کہا کہ آنے والے 100 اتوار، مکمل طور پر منشیات سے پاک بھارت کی سمت میں 100 مضبوط اقدامات ثابت ہوں گے۔
طلباء، این ایس ایس کے ارکان اور مائی بھار ت کے رضاکاروں کے ایک بڑے آن لائن اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعظم نے ملک کے نوجوانوں کی طرف سے دکھائی جانے والی گہری بیداری، حساسیت اور سنجیدہ لگن پر انتہائی فخر کا اظہار کیا۔ نوجوانوں کو بھارت کی’ امرت نسل‘ قرار دیتے ہوئے انہوں نے انہیں یاد دلایا کہ ان کی توانائی، تخیل اور ٹیلنٹ قوم کو 2047 کے ترقیاتی اہداف کی طرف رہنمائی کے لیے ناگزیر ہیں۔ جناب مودی نے کہا کہ ملک کے حتمی مستقبل اور آپ کی اپنی زندگیوں کے لیے اپنے آپ کو نشے کی لت سے پاک رکھنا انتہائی ضروری ہے۔
اسٹارٹ اپ ، مصنوعی ذہانت ، کھیلوں اور خلائی تحقیق کے شعبوں میں آج کے نوجوانوں کی شاندارحصولیابیوں کا منشیات کے تباہ کن اثرات سے موازنہ کرتے ہوئے وزیر اعظم نے ایک سخت انتباہ دیا کہ کس طرح نشے کی لت توجہ کو بھٹکاتی ہے اور خوابوں کو چکناچور کر دیتی ہے۔ والدین کے خوابوں کے چکنا چور ہونے سے لے کر بزرگوں کے لیے روزمرہ کی ذہنی اذیت تک کنبوں پر ہونے والے گہرے نقصانات کی وضاحت کرتے ہوئے انہوں نے اس کے وسیع تر سماجی اثرات پر زور دیا۔ جناب مودی نے کہا کہ جب یہ تباہی کسی خاندان یا معاشرے میں ہوتی ہے تو پوری قوم کی مجموعی طاقت بھی بنیادی طور پر کمزور پڑ جاتی ہے۔
نوجوانوں کو منشیات کی فریب کارانہ نوعیت کے بارے میں خبردار کرتے ہوئے وزیر اعظم نے اس بات پر زور دیا کہ منشیات سے ملنے والا عارضی سکون بالآخر ان کے کیریئر اور خاندانی زندگی کے لیے مستقل زوال کا باعث بنتا ہے۔ سری گرو گرنتھ صاحب کی مخصوص تعلیمات سمیت ہندوستانی ثقافت اور روحانی پیشواؤں کی گہری حکمت کا حوالہ دیتے ہوئے انہوں نے ذہن کو متاثر کرنے والی اشیاء کی تاریخی سماجی دستبرداری پر روشنی ڈالی۔ جناب مودی نے واضح کیا کہ ہمیں کسی بھی صورت میں نشے کو کسی قسم کی سماجی قبولیت بالکل نہیں دینی چاہیے۔
بحالی کے لیے دستیاب جامع سپورٹ سسٹم کی تفصیل بتاتے ہوئے وزیر اعظم نے نشے کی لت پر قابو پانے کے لیے سماجی تعاون، یوگا، مراقبہ اور جدید بحالی کے مراکز کی افادیت پر روشنی ڈالی۔ کنبوں پر زور دیتے ہوئے کہ وہ سماجی وقار کے سلسلے میں گمراہ کن خدشات پر طبی مداخلت کو ترجیح دیں، انہوں نے بچوں کو اس جال میں پھنسنے سے بچانے کے لیے گھریلو سطح پر کھلی بات چیت کے کلچر کی وکالت کی۔ جناب مودی نے کہا کہ اگر کوئی نوجوان غلطی سے نشے کی لت کا شکار ہو گیا ہے تو اس کا مطلب ہرگز یہ نہیں ہے کہ اس کے تمام راستے مستقل طور پر بند ہو چکے ہیں۔
تعلیمی پیشہ ور افراد سے ایک مخصوص اپیل کرتے ہوئے وزیر اعظم نے کالج اور یونیورسٹی کے پروفیسروں پر زور دیا کہ وہ اپنے باقاعدہ نصاب میں منشیات کے خطرات کے بارے میں مباحثوں کو فعال طور پر شامل کریں اور اپنے کیمپسوں میں نشے کے خلاف مخصوص تحریکیں شروع کریں۔ نشے کی لت سے نجات حاصل کرنے والے افراد پر توجہ مرکوز کرتے ہوئے انہوں نے ان کے ماضی سے وابستہ بدنامی کو مکمل طور پر مسترد کرتے ہوئے، ان افراد کے لیے سماجی احترام اور دوسرے مواقع فراہم کرنے کی وکالت کی۔ جناب مودی نے کہا کہ جو نوجوان نشے کی لت کے خلاف لڑ کر باہر آتے ہیں وہ کمزور نہیں ہیں؛بلکہ وہ حقیقی جانباز ہیں جن کی ناقابل یقین ہمت ہی ان کی اصل پہچان ہے۔
ملک گیر سطح پر کئے جانے والے کریک ڈاؤن ، ہزاروں کروڑ روپے کی منشیات کی ضبطی اور منشیات کے سوداگروں اور اسمگلروں کو نشانہ بنانے والی گرفتاریوں کی بڑھتی ہوئی شرحوں کا حوالہ دے کر اپنے خطاب کا اختتام کرتے ہوئے وزیر اعظم نے نوجوانوں کو یقین دلایا کہ حکومت اس اہم لڑائی میں ان کے ساتھ مضبوطی سے کھڑی ہے ۔ نوجوان نسل کی لچک اور ہمت پر غیر متزلزل یقین کا اظہار کرتے ہوئے انہوں نے اس قومی اقدام کے انتہائی کامیاب نتیجے کی پیشین گوئی کی۔ جناب مودی نے پختہ عزم کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ مجھے یقین ہے کہ ہمارے نوجوان نشے کی لت سے پاک رہ کر اپنی توانائی کی حفاظت کریں گے اور وکست بھارت کے عزائم کو آگے بڑھائیں گے۔
***
ش ح- ن ا
U.No: 1149
(रिलीज़ आईडी: 2293410)
आगंतुक पटल : 15