صدر جمہوریہ کا سکریٹریٹ
صدر دروپدی مرمو نے اپنی مدتِ صدارت کے چار سال مکمل ہونے کے موقع پر راشٹرپتی بھون میں مختلف اہم اقدامات کا افتتاح کیا
प्रविष्टि तिथि:
28 JUL 2026 10:07PM by PIB Delhi
صدر جمہوریہ محترمہ دروپدی مرمو نے 25 جولائی 2026 کو اپنے عہدۂ صدارت کے چار سال مکمل کیے۔ اس موقع کی مناسبت سے صدر جمہوریہ نے آج (28 جولائی 2026) راشٹرپتی بھون اور صدر جمہوریہ کی اراضی (پریزیڈنٹ اسٹیٹ) میں مختلف اہم منصوبوں اور اقدامات کے افتتاح اور سنگِ بنیاد کی تقریبات میں شرکت کی۔
ان اقدامات میں شامل ہیں:
- راشٹرپتی بھون آنے والے زائرین کے تجربے کو مزید بہتر بنانے کے لیے ای-آڈیو گائیڈ کا آغاز۔ ایپ پر مبنی یہ ای-آڈیو گائیڈ ہندی، انگریزی اور 14 دیگر بھارتی زبانوں میں دستیاب ہوگی۔ اس میں اشاروں کی زبان کا ماڈیول بھی شامل ہوگا تاکہ سماعت سے محروم افراد بھی اس سہولت سے استفادہ کر سکیں۔
- ای-اُپہار کے تیسرے ایڈیشن کا اجرا، جس میں صدر جمہوریہ کو موصول ہونے والے 300 منتخب تحائف عوامی نیلامی کے لیے پیش کیے گئے ہیں۔ یہ نیلامی 5 اگست سے 5 ستمبر 2026 تک جاری رہے گی۔ (مزید تفصیلات کے لئے upahaar.rashtrapatibhavan.gov.inملاحظہ کریں)۔
- صدر جمہوریہ کی اراضی میں بچوں کے لیے "بچپن – بال پریسر" کا افتتاح۔ اس منصوبے کے تحت "کلکاری" کے نام سے بچوں کے کھیلنے کا خصوصی مقام اور "سمرتھ آنگن واڑی-کم-پالنا" قائم کیا گیا ہے، جو بچوں کی محفوظ، صحت مند اور بہتر نشوونما کے لیے سازگار ماحول فراہم کرے گا۔
- "راہی" (راشٹرپتی بھون ایکسس اینڈ ہیریٹیج انٹر کنکٹر- آر اے اے ایچ آئی) کے نام سے مفت الیکٹرک بس سروس کا آغاز، جس کا مقصد ماحول دوست اور جامع سفری سہولت کو فروغ دینا ہے۔ صدر جمہوریہ کی اراضی کے عملے اور رہائشیوں کے لیے مخصوص اس بس سروس کو خواتین ڈرائیورز اور کنڈکٹرز چلا رہی ہیں۔ یہ سروس خصوصاً خواتین، بچوں، بزرگ شہریوں اور دیویانگ جن کو صدر جمہوریہ کی اراضی کے اندر اور قریبی میٹرو اسٹیشن تک محفوظ، آسان اور مساوی سفری سہولت فراہم کرے گی۔
- نیٹ زیرو انرجی اسٹریٹیجی کے تحت سروس بلاک کی تعمیر کے لیے سنگِ بنیاد رکھا گیا۔
- راشٹرپتی نکیتن، دہرادون اور راشٹرپتی نلایم، سکندرآباد میں رہائشی سہولیات کا افتتاح کیا گیا، جبکہ صدر جمہوریہ کی اراضی میں عملے کی رہائش گاہوں کی ازسرِ نو تعمیر (ری ڈیولپمنٹ) کے منصوبے کا سنگِ بنیاد بھی رکھا گیا۔
مختلف اقدامات کے آغاز کے موقع پر خطاب کرتے ہوئے صدر جمہوریہ نے کہا کہ یہ مسلسل کوشش رہی ہے کہ راشٹرپتی بھون بھارت کی عظیم روایات، جمہوری اقدار اور قومی نظریات کی ایک زندہ اور مؤثر علامت کے طور پر اپنی شناخت برقرار رکھے۔
انہوں نے کہا کہ گزشتہ ایک سال کے دوران بھارت کی تہذیبی و تمدنی وراثت کو فروغ دینے کے لیے متعدد اقدامات کیے گئے، جن میں چکرورتی راجاگوپال آچاری جی کے مجسمۂ نصف قامت کی نقاب کشائی، پرم ویر دیرگھا اور گرنتھ کٹیر کا افتتاح، اسٹیٹ روم کو بھارتی شناخت سے ہم آہنگ بنانا، اور سرکاری استقبالیوں میں بھارتی فنون اور روایات کو نمایاں مقام دینا شامل ہیں۔

اس کے بعد راشٹرپتی بھون میں منعقدہ ایک علیحدہ تقریب میں بھارت کے نائب صدر، جناب سی پی رادھا کرشنن نے صدر جمہوریہ دروپدی مرمو کی مدتِ صدارت سے متعلق مطبوعات کی رونمائی کی اور مرکزی وزیرِ مملکت برائے اطلاعات و نشریات اور پارلیمانی امور، ڈاکٹر ایل مروگن، دیگر معزز شخصیات کی موجودگی میں ان کی پہلی کاپیاں صدر جمہوریہ کو پیش کیں۔

آج جن مطبوعات کی رونمائی کی گئی، ان میں "راشٹرپتی بھون: راشٹر کا بھون" (صدر جمہوریہ دروپدی مرمو کے پہلے سالِ صدارت پر مبنی)، "سیوا اور سمویدنا" (صدر جمہوریہ دروپدی مرمو کے دوسرے سالِ صدارت پر مبنی)، "سماویشی سہبھاگتا" (صدر جمہوریہ دروپدی مرمو کے تیسرے سالِ صدارت پر مبنی)، "بھارتیتا کا اُتسو" (صدر جمہوریہ دروپدی مرمو کے چوتھے سالِ صدارت پر مبنی)، اور "اما راشٹرپتی – اما گورو" شامل ہیں، جو ممتاز شخصیات کے اڑیہ زبان میں تحریر کردہ مضامین کا ایک مجموعہ ہے۔

اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے صدر جمہوریہ نے کہا کہ ان کتابوں کے عنوانات ہماری جامع اور شمولیتی جمہوریت پر اعتماد کی عکاسی کرتے ہیں۔ انہوں نے یقین ظاہر کیا کہ یہ مصور مجموعے قارئین کو راشٹرپتی بھون کی روایات، اس کے طرزِ کار اور اس کی گوناگوں خصوصیات سے روشناس کرائیں گے۔
صدر جمہوریہ نے کہا کہ ان کتابوں کی اصل اہمیت اس بات میں مضمر ہے کہ یہ ہم وطنوں کو اپنے شاندار ورثے پر فخر کرتے ہوئے ترقی کی راہ پر آگے بڑھنے کی ترغیب دیں گی۔

صدر جمہوریہ نے کہا کہ جب انہوں نے 25 جولائی 2022 کو بھارت کے صدر جمہوریہ کا عہدہ سنبھالا تو یہ اُن کے لیے اعزاز سے بڑھ کر ایک عظیم ذمہ داری تھی۔ انہوں نے کہا کہ گزشتہ چار برسوں کے دوران انہوں نے ہمیشہ اسی احساسِ ذمہ داری کے ساتھ اپنے فرائض انجام دیے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ جب بھی وہ راشٹرپتی بھون میں یا مختلف ریاستوں کے دوروں کے دوران لوگوں، خصوصاً نوجوانوں سے ملاقات کرتی ہیں، تو انہیں اخلاقی اقدار سے وابستہ رہنے اور ملک و معاشرے کی ترقی کے لیے کام کرنے کی ترغیب دیتی ہیں۔
صدر جمہوریہ نے کہا کہ وہ خواتین کو خود انحصاری اختیار کرنے اور خود اعتمادی کے ساتھ ترقی کی راہ پر آگے بڑھنے کی تلقین کرتی ہیں۔ قبائلی برادریوں کے افراد سے ملاقات کے دوران وہ ان سے اپنی ثقافتی وراثت کے تحفظ کے ساتھ ساتھ ترقی کے مرکزی دھارے میں شامل ہونے کی اپیل کرتی ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ جب بھی وہ کسی غیر ملکی دورے پر جاتی ہیں، وہاں مقیم بھارتی برادری سے ملاقات کرتی ہیں اور انہیں بھارت کے ترقیاتی سفر میں اپنا بھرپور کردار ادا کرنے کی ترغیب دیتی ہیں۔

اپنے خطاب میں نائب صدر جمہوریہ نے کہا کہ گزشتہ چار برسوں کے دوران صدر جمہوریہ دروپدی مرمو نے اپنے وقار، انکساری، دانائی اور آئین کے حرف و روح سے غیر متزلزل وابستگی کے ذریعے اس اعلیٰ آئینی منصب کو مزید عظمت بخشی ہے۔ اُن کی غیر معمولی زندگی کا سفر بے حد متاثر کن ہے۔ اڈیشہ کے ایک دور افتادہ قبائلی گاؤں کے معمولی ماحول سے ملک کے اعلیٰ ترین آئینی منصب تک اُن کا پہنچنا، ہندوستانی جمہوریت کی طاقت، ہمہ گیری اور شمولیت کا روشن ثبوت ہے۔
انہوں نے کہا کہ جھارکھنڈ کے گورنر کی حیثیت سے اپنی مدت کار کے دوران ریاست بھر میں جن لوگوں سے اُن کی ملاقات ہوئی، وہ صدر جمہوریہ دروپدی مرمو کے بطور گورنر دورِ کار کو بے حد محبت، احترام اور تحسین کے ساتھ یاد کرتے تھے۔
صدر جمہوریہ دروپدی مرمو کی صدارت کے دوران کیے گئے اہم اقدامات کا ذکر کرتے ہوئے نائب صدر نے امرت اُدیان، راشٹرپتی نکیتن اور راشٹرپتی تپوون کو عوام کے لیے کھولنے، راشٹرپتی بھون کو دیویانگ جن کے لیے مزید سہل اور قابلِ رسائی بنانے، اور راشٹرپتی بھون میں چکرورتی راجاگوپال آچاری کے مجسمۂ نصف قامت کی تنصیب کا حوالہ دیا۔ انہوں نے کہا کہ یہ اقدامات اس وژن کی عکاسی کرتے ہیں جس کا مقصد ایوانِ صدر کو عوام کے مزید قریب لانا اور نوآبادیاتی ذہنیت سے نجات حاصل کرنا ہے۔
آئینِ ہند کے سنتھالی زبان میں، اول چکی رسم الخط کے ساتھ، اجرا کو یاد کرتے ہوئے نائب صدر نے اسے ایک تاریخی اقدام قرار دیا، جس نے قبائلی برادری میں فخر کا احساس پیدا کیا اور ملک کے لسانی و ثقافتی ورثے کے تحفظ کے عزم کو مزید مضبوط کیا۔ انہوں نے یقین ظاہر کیا کہ آج جاری کی جانے والی کتابیں اُن اقدار کے تحفظ میں اہم کردار ادا کریں گی جنہوں نے گزشتہ چار برسوں کی شناخت قائم کی ہے، جن میں آئین کی پاسداری، خدمت، ہمدردی، شمولیت، ثقافتی اعتماد اور قومی اتحاد شامل ہیں۔
صدر جمہوریہ کی تقریر دیکھنے کےلئے یہاں کلک کریں
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
ش ح۔ ع و ۔ ن م۔
U-831
(रिलीज़ आईडी: 2290921)
आगंतुक पटल : 8