صدر جمہوریہ کا سکریٹریٹ
azadi ka amrit mahotsav

صدر جمہوریہ ہند رومانیہ میں؛ رومانیہ کے صدر کے ساتھ دو فریقی ملاقات اور وفد کی سطح پر مذاکرات کی قیادت

رومانیہ یورپی یونین کے اندر ہندوستان کا ایک اہم شراکت دار ہے؛ ہندوستان–یورپی یونین آزاد تجارتی معاہدہ ہماری صنعتوں اور ہنرمند پیشہ ور افراد کے لیے بے مثال مواقع پیدا کرے گا: صدر دروپدی مرمو

प्रविष्टि तिथि: 23 JUL 2026 11:25PM by PIB Delhi

صدرِ جمہوریہ ہند محترمہ دروپدی مرمو آج (23 جولائی 2026) رومانیہ کے دارالحکومت بخارسٹ پہنچیں۔ یہ ان کے مالدووا، شمالی مقدونیہ اور رومانیہ کے سرکاری دوروں کا آخری مرحلہ ہے۔ہوائی اڈے پر رومانیہ کی وزیر خارجہ محترمہ اوانا سلویہ توئیو نے ان کا پرتپاک استقبال کیا۔

یہ تقریباً تین دہائیوں کے بعد کسی  ہندوستانی صدر کا رومانیہ کا پہلا سرکاری دورہ ہے۔ اس دورے میں صدرِ جمہوریہ کے ہمراہ صارفین کے امور، خوراک اور  نظام تقسیم کی وزیر مملکت محترمہ نموبین جینتی بھائی بمبھانیہ اور اراکینِ پارلیمنٹ ڈاکٹر دنیش شرما اور جناب وجے بگھیل بھی موجود ہیں۔

 

صدرِ جمہوریہ نے کوٹروچینی پیلس کا دورہ کیا، جو رومانیہ کے صدر کی سرکاری رہائش گاہ اور دفتر ہے۔ وہاں رومانیہ کے صدر عالی جناب نکوسور دان نے ان کا پرتپاک استقبال کیا اور انہیں رسمی استقبالیہ تقریب اور گارڈ آف آنر پیش کیا گیا۔دونوں رہنماؤں کے درمیان علیحدہ ملاقات اور وفد کی سطح پر مذاکرات کے دوران  ہندوستان–رومانیہ دو طرفہ شراکت داری کے تمام اہم پہلوؤں پر مفید اور مستقبل پر مبنی تبادلہ خیال کیا گیا۔ دونوں رہنماؤں نے دونوں ممالک کے لیے ترجیحی شعبوں میں تعاون کو مزید مستحکم کرنے پر اتفاق کیا۔

صدرِ جمہوریہ نے کہا کہ ہندوستان اور رومانیہ کے درمیان سات دہائیوں سے زائد عرصے پر محیط گرمجوش اور دیرپا دوستی قائم ہے، جو باہمی اعتماد، احترام اور عوامی سطح پر مضبوط روابط پر مبنی ہے۔ وقت کے ساتھ ہماری شراکت داری مسلسل مضبوط ہوئی ہے اور اب یہ ایک نئے مرحلے میں داخل ہو رہی ہے، جس کی خصوصیات زیادہ بلند عزائم، مضبوط تعاون اور مستقبل کے لیے مشترکہ وژن ہیں۔

 

صدرِ جمہوریہ نے کہا کہ اقتصادی تعاون  ہندوستان–رومانیہ شراکت داری کا ایک اہم ستون ہے۔ دونوں رہنماؤں نے تجارت اور سرمایہ کاری کو فروغ دینے، مضبوط سپلائی چین کو مستحکم کرنے اور دونوں ممالک کی کاروباری برادریوں کے درمیان قریبی تعاون کی حوصلہ افزائی پر اتفاق کیا۔ انہوں نے آئندہ تین برسوں میں دو طرفہ تجارت کو دوگنا کرنے کے لیے مل کر کام کرنے پر بھی اتفاق کیا۔

صدرِ جمہوریہ نے کہا کہ رومانیہ یورپی یونین کے اندر  ہندوستان کا ایک اہم شراکت دار ہے۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ ہندوستان–یورپی یونین آزاد تجارتی معاہدہ دونوں ممالک کی صنعتوں اور ہنرمند پیشہ ور افراد کے لیے بے مثال مواقع پیدا کرے گا۔

صدرِ جمہوریہ نے کہا کہ تعلیم، ثقافت اور عوامی روابط ہندوستان–رومانیہ تعلقات کی بنیاد ہیں۔ انہوں نے خوشی کا اظہار کیا کہ ان شعبوں میں تین اہم معاہدوں پر آج دستخط کیے گئے ہیں۔

صدرِ جمہوریہ نے کہا کہ  ہندوستان اور رومانیہ سائنس و ٹیکنالوجی میں تعاون کے پروگرام کے تحت مشترکہ تحقیق اور ترقی کے دائرہ کار کو مزید وسعت دیں گے۔  ہندوستانی کونسل برائے ثقافتی تعلقات(آئی سی سی آر) کے تعاون سے بخارسٹ یونیورسٹی میں انڈین اسٹڈیز چیئر قائم کی جا رہی ہے۔ حکومتِ ہند نے انڈین ٹیکنیکل اینڈ اکنامک کوآپریشن(آئی ٹی ای سی) پروگرام کے تحت رومانیہ کے لیے تربیتی مواقع کی تعداد دوگنی کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

صدرِ جمہوریہ نے کہا کہ جب ہندوستان اور رومانیہ 2028 میں سفارتی تعلقات کے قیام کی 80ویں سالگرہ منانے کی تیاری کر رہے ہیں، تو دونوں ممالک نے اس موقع کو " ہندوستان–رومانیہ جدت کا سال" کے طور پر منانے پر اتفاق کیا ہے۔

دونوں صدور نے پریس کے لیے بیانات جاری کیے۔(صدرِ جمہوریہ دروپدی مرمو کے پریس بیان کا متن منسلک ہے)۔

کل (24 جولائی 2026) صدرِ جمہوریہ ہندوستان–رومانیہ بزنس فورم سے خطاب کریں گی اور رومانیہ کی پارلیمنٹ اور بخارسٹ یونیورسٹی آف اکنامک اسٹڈیز کا دورہ کریں گی۔

 

*****

ش ح۔ م م۔ ش ب ن

U.No. 496


(रिलीज़ आईडी: 2288767) आगंतुक पटल : 7
इस विज्ञप्ति को इन भाषाओं में पढ़ें: English , हिन्दी , Bengali , Telugu , Malayalam