امور داخلہ کی وزارت
azadi ka amrit mahotsav

مردم شماری 2027 کے پہلے مرحلے کے تحت تمل ناڈو اور تریپورہ میں خود شماری کا آغاز


کیرالہ اور ناگالینڈ میں مکانات کی فہرست سازی اور رہائشی مردم شماری کے فیلڈ آپریشنز جاری

29 ریاستوں/مرکز کے زیر انتظام علاقوں میں مکانات کی فہرست سازی اور رہائشی مردم شماری کا عمل مکمل

مردم شماری 2027 پہلی مرتبہ ڈیجیٹل ذرائع کے استعمال کے ساتھ منعقد کی جا رہی ہے

روایتی گھر گھر جا کر معلومات جمع کرنے کے عمل کو برقرار رکھتے ہوئے ایک مخصوص موبائل ایپلی کیشن کے ذریعے اعداد و شمار جمع کیے جا رہے ہیں

مردم شماری ایکٹ 1948 کے تحت جمع کی جانے والی تمام معلومات کو مکمل طور پر خفیہ رکھا جاتا ہے اور انہیں صرف شماریاتی مقاصد اور ترقیاتی منصوبہ بندی کے لیے استعمال کیا جاتا ہے

प्रविष्टि तिथि: 17 JUL 2026 3:17PM by PIB Delhi

مردم شماری 2027 کے پہلے مرحلے کے تحت مکانات کی فہرست سازی اور رہائشی مردم شماری (ایچ ایل او) کے لیے خود شماری (ایس ای) کی سہولت کا آغاز آج تمل ناڈو اور تریپورہ میں کر دیا گیا ہے، جس کے ساتھ ہی ان دونوں ریاستوں میں مردم شماری کے عمل کا آغاز ہو گیا ہے۔یہ سہولت 31 جولائی 2026 تک دستیاب رہے گی، جس کے بعد یکم اگست سے 30 اگست 2026 تک گھر گھر جا کر متعلقہ فیلڈ شماری کا عمل انجام دیا جائے گا۔

تمل ناڈو اور تریپورہ کے رہائشی سرکاری خود شماری پورٹل (se.census.gov.in) کے ذریعے اپنی خود شماری مکمل کر سکتے ہیں۔ وہ گھرانے جو خود شماری مکمل کریں گے، ان سے درخواست کی گئی ہے کہ وہ تیار کردہ خود شماری شناختی نمبر (ایس ای آئی ڈی)محفوظ رکھیں اور بعد میں فیلڈ وزٹ کے دوران شمار کنندہ کو فراہم کریں، تاکہ مکانات کی فہرست سازی اور رہائشی مردم شماری (ایچ ایل او) کا عمل مکمل کرنے میں سہولت ہو سکے۔

دریں اثنا، کیرالہ اور ناگالینڈ میں مکانات کی فہرست سازی اور رہائشی مردم شماری کے فیلڈ آپریشنز جاری ہیں، جو 30 جولائی 2026 تک جاری رہیں گے۔ وہ گھرانے جنہوں نے خود شماری کی سہولت اختیار نہیں کی ہے، ان کا احاطہ شمار کنندگان کی جانب سے گھر گھر جا کر کی جانے والی جسمانی جانچ اور معلومات جمع کرنے کے عمل کے دوران کیا جائے گا۔

مردم شماری 2027 کے پہلے مرحلے کا عمل اب 29 ریاستوں/مرکز کے زیر انتظام علاقوں میں مکمل ہو چکا ہے۔ ان میں انڈمان و نکوبار جزائر، آندھرا پردیش، اروناچل پردیش، بہار، چنڈی گڑھ، چھتیس گڑھ، دادر و نگر حویلی اور دمن و دیو، دہلی، گوا، گجرات، ہریانہ، ہماچل پردیش، جموں و کشمیر، جھارکھنڈ، کرناٹک، لداخ، لکشدیپ، مدھیہ پردیش، مہاراشٹر، میگھالیہ، میزورم، اڈیشہ، پڈوچیری، پنجاب، راجستھان، سکم، تلنگانہ، اتر پردیش اور اتراکھنڈ شامل ہیں۔

مردم شماری 2027 پہلی مرتبہ ڈیجیٹل ذرائع کے استعمال کے ساتھ منعقد کی جا رہی ہے۔ اعداد و شمار جمع کرنے کے لیے ایک مخصوص موبائل ایپلی کیشن کا استعمال کیا جا رہا ہے، جبکہ جامع اور درست معلومات کے حصول کو یقینی بنانے کے لیے روایتی گھر گھر جا کر شمار کرنے کے عمل کو بھی برقرار رکھا گیا ہے۔

مکانات کی فہرست سازی اور رہائشی مردم شماری کے مرحلے کے دوران رہائش کی صورتحال، گھرانوں کی تفصیلات، دستیاب سہولیات اور گھرانوں کے زیرِ ملکیت اثاثوں سے متعلق معلومات 33 مطلع شدہ سوالات پر مشتمل ایک منظم سوال نامے کے ذریعے جمع کی جا رہی ہیں۔

مردم شماری ایکٹ، 1948 کے تحت جمع کی جانے والی تمام معلومات کو مکمل طور پر خفیہ رکھا جاتا ہے اور انہیں صرف شماریاتی مقاصد اور ترقیاتی منصوبہ بندی کے لیے استعمال کیا جاتا ہے۔ مطلع شدہ ریاستوں اور مرکز کے زیر انتظام علاقوں کے باشندوں سے درخواست کی گئی ہے کہ وہ مردم شماری کے عمل میں فعال طور پر حصہ لیں اور فیلڈ وزٹ کے دوران شمار کنندگان کے ساتھ مکمل تعاون کریں۔

***

ش ح۔ش ت۔ر ب

U-83


(रिलीज़ आईडी: 2285829) आगंतुक पटल : 5
इस विज्ञप्ति को इन भाषाओं में पढ़ें: Telugu , English , हिन्दी , Punjabi , Gujarati , Tamil