صدر جمہوریہ کا سکریٹریٹ
انڈین فارسٹ سروس کے زیرتربیت افسران نے صدرِجمہوریہ ہند سے ملاقات کی
جنگلات کے تحفظ میں جب مقامی برادریاں شراکت دار بنتی ہیں تو ماحول کے تحفظ کی کوششیں زیادہ مؤثر اور دیرپا ثابت ہوتی ہیں: صدرجمہوریہ دروپدی مرمو
प्रविष्टि तिथि:
17 JUL 2026 2:16PM by PIB Delhi
انڈین فارسٹ سروس کے زیرتربیت افسران(پروبیشنرز) نے آج (17 جولائی 2026) راشٹرپتی بھون کلچرل سینٹر میں صدرِ جمہوریہ ہند محترمہ دروپدی مرمو سے ملاقات کی۔

افسران سے خطاب کرتے ہوئے صدرِ جمہوریہ نے کہا کہ وہ صرف جنگلات کے منتظم نہیں بلکہ بھارت کے قدرتی ورثے کے محافظ بھی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ دور میں ان کی ذمہ داریاں پہلے سے کہیں زیادہ اہم ہو گئی ہیں، کیونکہ دنیا موسمیاتی تبدیلی اور حیاتیاتی تنوع میں کمی جیسے سنگین چیلنجوں کا سامنا کر رہی ہے اور ان مسائل سے نمٹنے میں جنگلات کلیدی کردار ادا کرتے ہیں۔صدرِ جمہوریہ نے کہا کہ انڈین فارسٹ سروس کے افسران کا کام نہ صرف بھارت کے ماحولیاتی تحفظ کو مضبوط بنانے میں معاون ہوگا بلکہ پائیدار ترقی کے عالمی اہداف کے حصول میں بھی اہم کردار ادا کرے گا۔ انہوں نے نوجوان افسران کو ہدایت دی کہ وہ جنگلات کے رقبے میں اضافہ کرنے پر خصوصی توجہ دیں، کیونکہ جنگلات زمین پر زندگی کی بنیاد ہیں۔

صدرِ جمہوریہ نے کہا کہ ماحولیاتی تحفظ کو جنگلات میں اور ان کے اطراف رہنے والے لوگوں کی جائز خواہشات اور ضروریات کے ساتھ ہم آہنگ کرنا ضروری ہے۔ انہوں نے کہا کہ ترقی اور ماحول کے تحفظ کو ایک دوسرے کے مخالف مقاصد کے طور پر نہیں دیکھا جانا چاہیے۔ انہوں نے نوجوان افسران کو مشورہ دیا کہ وہ ایسے حل تلاش کریں جن سے فطرت اور مقامی برادریاں دونوں یکساں طور پر ترقی کر سکیں۔صدرِ جمہوریہ نے افسران پر زور دیا کہ وہ جنگلات کے تحفظ، جنگلات کی بحالی اور پائیدار ذریعۂ معاش سے متعلق اقدامات میں عوامی شراکت داری کو فروغ دیں۔ انہوں نے کہا کہ قبائلی برادریوں، جنگل پر انحصار کرنے والے افراد، خواتین، کسانوں اور مقامی اداروں کے خیالات اور خدشات کو سمجھنے سے انہیں قیمتی رہنمائی حاصل ہوگی۔ جب مقامی برادریاں جنگلات کے تحفظ میں حقیقی شراکت دار بن جاتی ہیں تو ماحول کے تحفظ کی کوششیں زیادہ مؤثر، مضبوط اور دیرپا ثابت ہوتی ہیں۔

صدرِ جمہوریہ نے کہا کہ عوامی خدمت کا اصل مقصد لوگوں کی زندگیوں کو بہتر بنانا اور ملک کی ترقی میں مؤثر کردار ادا کرنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ 2047 تک ترقی یافتہ بھارت (وکست بھارت) کے قومی ہدف کے حصول میں ماحولیات کا تحفظ بنیادی اہمیت رکھتا ہے۔انہوں نے اس یقین کا اظہار کیا کہ انڈین فارسٹ سروس کے افسران کی حیثیت سے یہ نوجوان افسران اس بات کو یقینی بنانے میں فیصلہ کن کردار ادا کریں گے کہ بھارت کی ترقی سبز، جامع اور پائیدار رہے۔

انڈین فارسٹ سروس کے دو بیچوں کے زیرتربیت افسران اس وقت دہرادون میں واقع اندرا گاندھی نیشنل فاریسٹ اکیڈمی میں پیشہ ورانہ تربیت حاصل کر رہے ہیں۔سال 2024 کے بیچ میں 111 افسر تربیت حاصل کر رہے ہیں، جبکہ سال 2025 کے بیچ میں 131 افسر زیرِ تربیت ہیں۔ دونوں بیچوں میں بھوٹان سے تعلق رکھنے والے دو، دو افسران بھی شامل ہیں۔
صدرِ جمہوریہ کی تقریر ملاحظہ کرنے کے لیے دیئے گئے لنک پر کلک کریں۔
***
( ش ح ۔ م م ۔ م ا )
Urdu.No-67
(रिलीज़ आईडी: 2285734)
आगंतुक पटल : 6