کامرس اور صنعت کی وزارتہ
بھارت نے کوڈیکس کمیشن میں مصالحے کے لیے تین عالمی معیارات کو اپنانے کے ساتھ اہم سنگ میل حاصل کیا
بھارت کی میزبانی میں منعقدہ کوڈیکس کمیٹی کی جانب سے تیار کیے گئے بڑی الائچی، دھنیا اور ونیلا کے معیارات کو کوڈیکس کمیشن نے منظور کر لیا
مصالحہ جات کے لیے نئے کوڈیکس معیارات سے عالمی منڈیوں تک رسائی میں اضافہ ہوگا اور بھارت کی برآمدی مسابقت کو تقویت ملے گی
प्रविष्टि तिथि:
16 JUL 2026 7:00PM by PIB Delhi
بھارت نے بین الاقوامی غذائی معیارات کی تشکیل کے میدان میں ایک اہم سنگ میل حاصل کرتے ہوئے 6 سے 10 جولائی 2026 تک جنیوا، سوئٹزرلینڈ میں منعقدہ کوڈیکس ایلیمینٹیریئس کمیشن کے انچاسویں اجلاس (سی اے سی 49) میں بڑی الائچی، دھنیا اور ونیلا کے لیے تین کوڈیکس معیارات کی منظوری حاصل کی۔ کمیشن نے نئے غذائی مصنوعات کے لیے خطرات کے تجزیے سے متعلق نو قائم شدہ الیکٹرانک ورکنگ گروپ (ای ڈبلیو جی) میں بھارت کی شریک چیئرمین بننے کی درخواست بھی منظور کر لی، جو بین الاقوامی غذائی معیارات کی تیاری میں بھارت کی بڑھتی ہوئی قیادت کا مظہر ہے۔
کوڈیکس ایلیمینٹیریئس کمیشن (سی اے سی)، جو اقوام متحدہ کے ادارہ خوراک و زراعت (ایف اے او) اور عالمی ادار صحت (ڈبلیو ایچ او) کے اشتراک سے قائم کیا گیا ایک بین الاقوامی ادارہ ہے جو صارفین کی صحت کے تحفظ اور خوراک کی تجارت میں منصفانہ طریقۂ کار کو یقینی بنانے کے لیے سائنسی بنیادوں پر غذائی تحفظ اور معیار کے عالمی معیارات وضع کرتا ہے۔
بھارت، کوڈیکس کمیٹی برائے مصالحہ جات اور خالص جڑی بوٹیوں (سی سی ایس سی ایچ) کی میزبانی کرتے ہوئے کوڈیکس سرگرمیوں میں اہم کردار ادا کرتا ہے۔ یہ کوڈیکس کی پانچ اجناس سے متعلق کمیٹیوں میں سے ایک ہے، جس کا سیکریٹریٹ اسپائسز بورڈ کے پاس ہے۔ بڑی الائچی، دھنیا اور ونیلا کے معیارات کو اکتوبر 2025 میں گوہاٹی میں منعقدہ سی سی ایس سی ایچ کے آٹھویں اجلاس میں حتمی شکل دی گئی تھی۔ اس کے بعد انہیں اپنے اپنے دائرۂ اختیار میں کوڈیکس کمیٹی برائے تجزیاتی طریقۂ کار اور نمونہ گیری (سی سی ایم اے ایس)، کوڈیکس کمیٹی برائے غذائی اضافی اجزا (سی سی ایف اے) اور کوڈیکس کمیٹی برائے غذائی لیبلنگ (سی سی ایف ایل) نے منظوری دی، جس کے بعد انہیں کمیشن نے باضابطہ طور پر منظور کر لیا۔
نئے منظور شدہ معیارات ان مصالحہ جات کے لیے بین الاقوامی سطح پر ہم آہنگ معیار کے پیمانے مقرر کرتے ہیں اور توقع ہے کہ عالمی منڈیوں میں معیار کے تقاضوں میں یکسانیت پیدا ہونے سے تجارت مزید آسان ہوگی۔ دنیا میں بڑی الائچی اور دھنیا پیدا کرنے اور برآمد کرنے والے نمایاں ممالک میں شامل بھارت کے لیے ان معیارات سے عالمی منڈیوں تک بہتر رسائی، منصفانہ تجارتی طریقوں کے فروغ اور برآمدی مسابقت میں اضافہ متوقع ہے۔
بڑی الائچی کے لیے کوڈیکس معیار کی منظوری خصوصی اہمیت کی حامل ہے کیونکہ یہ فصل بھارت کے شمال مشرقی ہمالیائی خطے کی مقامی پیداوار ہے۔ اسی طرح دھنیا کے لیے کوڈیکس معیار بھی اس لحاظ سے اہم ہے کہ بھارت دنیا کے سب سے بڑے پیدا کنندگان اور برآمد کنندگان میں شمار ہوتا ہے۔ اگرچہ بھارت اپنی ونیلا کی ضرورت کا ایک بڑا حصہ درآمد کرتا ہے، تاہم ونیلا کے لیے کوڈیکس معیار عالمی سطح پر تسلیم شدہ معیار کا ایک ایسا فریم ورک فراہم کرتا ہے جو بین الاقوامی تجارت میں یکسانیت کو فروغ دے گا اور صارفین کے اعتماد کو مزید مضبوط بنائے گا۔
اجلاس کے دوران کمیشن نے نئے غذائی مصنوعات کے لیے خطرات کے تجزیے سے متعلق پالیسی رہنمائی تیار کرنے کے لیے ایک الیکٹرانک ورکنگ گروپ (ای ڈبلیو جی) تشکیل دیا، جس کی سربراہی یورپی یونین کرے گی۔ اس ای ڈبلیو جی میں شریک چیئرمین کے طور پر خدمات انجام دینے کی بھارت کی درخواست منظور کر لی گئی، جو بین الاقوامی غذائی معیارات کی تیاری میں ملک کی بڑھتی ہوئی تکنیکی مہارت اور فعال کردار کی عکاس ہے۔
یہ پیش رفت سائنسی بنیادوں پر بین الاقوامی غذائی معیارات کے فروغ، منصفانہ تجارت کے استحکام، صارفین کے مفادات کے تحفظ اور بھارتی زرعی و غذائی مصنوعات کی عالمی مسابقت کو مزید مضبوط بنانے کے لیے بھارت کے عزم کی توثیق کرتی ہے۔
**********
ش ح۔ ف ش ع
U: 49
(रिलीज़ आईडी: 2285587)
आगंतुक पटल : 5