وزارت دفاع
کرگل وجے دیوس 2026: رکشا منتری نے نیشنل وار میموریل سے کرگل وار میموریل تک موٹر سائیکل مہم کو جھنڈی دکھا کر روانہ کیا
اگلے 13 دنوں میں 28 موٹر سائیکل سوار 1,900 کلومیٹر کا سفر طے کرکے بھارتی جانبازوں کی بہادری، عزم اور عظیم قربانی کو خراجِ عقیدت پیش کریں گے
سال1999 کی کرگل جنگ میں حاصل ہونے والی فتح اس بات کی علامت ہے کہ ہندوستان اپنی سرزمین، شناخت اور وقار پر اٹھنے والی ہر دشمنانہ نظر کا پوری قوت سے جواب دینے کے اپنے غیر متزلزل عزم پر قائم ہے: راج ناتھ سنگھ
प्रविष्टि तिथि:
14 JUL 2026 1:00PM by PIB Delhi
کرگل وجے دیوس 2026 کی ملک گیر تقریبات کے تحت رکشا منتری جناب راج ناتھ سنگھ نے 14 جولائی 2026 کو نئی دہلی کے نیشنل وار میموریل سے لداخ کے دراس میں واقع کرگل وار میموریل تک 13 روزہ یادگاری موٹر سائیکل مہم ’شوریہ وجے یاترا‘ کو جھنڈی دکھا کر روانہ کیا۔اس مہم میں حاضر سروس اور ریٹائرڈ دفاعی اہلکاروں سمیت ان کے اہلِ خانہ پر مشتمل 28 موٹر سائیکل سوار شمالی ہمالیہ کے دشوار گزار راستوں سے گزرتے ہوئے 1,900 کلومیٹر کا سفر طے کریں گے، تاکہ 1999 کی کرگل جنگ میں فتح کو یقینی بنانے والے بھارتی جانبازوں کی بہادری، غیر متزلزل عزم اور عظیم قربانی کو خراجِ عقیدت پیش کیا جا سکے۔اس مہم کا نعرہ ’’ون رائیڈ، ون نیشن، ون سیلوٹ‘‘ ہے۔


اپنے خطاب میں رکشا منتری راج ناتھ سنگھ نے ہندوستانی فوج کے بہادر جوانوں کو زبردست خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے جرأت، صبر، نظم و ضبط اور بے مثال حب الوطنی کی ایسی سنہری داستان رقم کی، جس کو آج بھی دنیا کی افواج عزت و احترام کی نظر سے دیکھتی ہیں۔انہوں نے مزید کہا، ’’تقریباً 20 ہزار فٹ کی بلندی اور منفی 40 ڈگری سیلسیس تک کے کافی کم درجۂ حرارت میں ہمارے فوجیوں نے غیرمعمولی بہادری اور ثابت قدمی کے ساتھ اپنے تمام اہداف حاصل کیے۔ انہوں نے دشمن کے قبضے سے ہر چوٹی، پہاڑی اور بنکر واپس لے کر ترنگے کی شان کو سربلند رکھا۔ یہ فتح اس بات کی علامت ہے کہ ہندوستان اپنی سرزمین، شناخت اور وقار پر اٹھنے والی ہر دشمنانہ نظر کا پوری قوت سے جواب دینے کے اپنے غیرمتزلزل عزم پر قائم ہے۔‘‘

جناب راج ناتھ سنگھ نے کرگل جنگ میں فتح کو یقینی بنانے والے تمام بھارتی جانبازوں، خصوصاً پرم ویر چکر اعزاز یافتہ کیپٹن وکرم بترا، لیفٹیننٹ منوج کمار پانڈے، صوبیدار میجر (اعزازی کیپٹن) یوگیندر سنگھ یادو (ریٹائرڈ) اور صوبیدار میجر (اعزازی کیپٹن) سنجے کمار (ریٹائرڈ) کو ان کی بے مثال خدمات پر خراجِ عقیدت پیش کیا۔ انہوں نے کہا کہ یہ بہادر سپاہی نوجوانوں کے لیے مشعلِ راہ ہیں اور آنے والی نسلوں کو بھی اسی طرح ترغیب دیتے رہیں گے۔
سفر کے دوران موٹر سائیکل سوار چنڈی مندر وار میموریل، ریزانگ لا وار میموریل اور لیہہ وار میموریل سمیت اہم فوجی یادگاروں پر خراجِ عقیدت پیش کریں گے۔ وہ ویر ناریوں سے ملاقات بھی کریں گے اور ان کی جرأت، حوصلے اور استقامت کا اعتراف بھی کریں گے۔ یہ مہم 26 جولائی 2026 کو کرگل وجے دیوس کے موقع پر کرگل وار میموریل پہنچ کر اختتام پذیر ہوگی۔

اس مہم کے دوران موٹر سائیکل سوار نیشنل وار میموریل کی مبارک مٹی سے بھرا ایک کلش اپنے ساتھ لے جائیں گے، جسے کرگل میں شہید جانبازوں کی یاد میں نذر کیا جائے گا۔ رکشا منتری نے کہا، ’’جب یہاں کی مٹی کرگل کی مٹی سے ملے گی تو یہ ہماری موجودہ نسل کی عقیدت اور قوم کے جانباز فوجیوں کی بہادری کے حسین امتزاج کی علامت بن جائے گی۔‘‘
شوریہ وجے یاترا کی ایک اہم خصوصیت کا ذکر کرتے ہوئے راج ناتھ سنگھ نے کہا کہ اس مہم میں حاضر سروس فوجی افسران، سابق فوجی اہلکار اور ملک کے مختلف حصوں سے تعلق رکھنے والے شہری ایک ساتھ شریک ہیں۔ انہوں نے کہا، ’’متنوع پس منظر، زبانیں اور روایات رکھنے کے باوجود ایک ترنگا، ایک ملک اور اپنے جانبازوں کے لیے مشترکہ احترام ہی ہمارے ملک کی اصل شناخت ہے۔‘‘
نیشنل کیڈٹ کور (این سی سی) کے کیڈٹس کی موجودگی میں اس مہم کو جھنڈی دکھا کر روانہ کرنے کی تقریب میں رکشا منتری راج ناتھ سنگھ نے اعتماد ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ یہ مہم عوام، خصوصاً نوجوانوں میں حب الوطنی کے جذبے کو نئی توانائی بخشے گی۔ انہوں نے کہا کہ اس کے ذریعے آنے والی نسلوں تک یہ پیغام پہنچے گا کہ وطن کی آزادی اور عزت کا دفاع صرف سرحدوں پر ہی نہیں، بلکہ ہماری یادوں اور اقدار میں بھی ہوتا ہے۔
اس موقع پر چیف آف ڈیفنس اسٹاف جنرل این ایس راجا سبرامنی،چیف آف آرمی اسٹاف جنرل دھیرج سیٹھ اور دیگر اعلیٰ حکام بھی موجود تھے۔شوریہ وجے یاترا آپریشن وجے کے دوران قائم کردہ بہادری، فرض شناسی اور ایثار کی روایات کو آگے بڑھانے کے لیے ہندوستانی فوج کے عزم کی عکاس ہے۔ جرأت و بہادری سے بھرپور اس تاریخی سفر کو دوبارہ طے کرنے کا مقصد آنے والی نسلوں کو فرض، عزت اور بے لوث خدمت کے اعلیٰ اقدار پر کاربند رہنے کی ترغیب دینا ہے۔

**********
) ش ح ۔ م ش۔ش ہ ب)
U.No. 9916
(रिलीज़ आईडी: 2284404)
आगंतुक पटल : 18