زراعت اور کاشتکاروں کی فلاح و بہبود کی وزارت
مرکزی وزیر جناب شیوراج سنگھ چوہان کا دورۂ مغربی بنگال؛ وزیر اعلیٰ جناب سوویندو ادھیکاری کے ساتھ اعلیٰ سطحی میٹنگ
زراعت، دیہی بنیادی ڈھانچے اور کسانوں کی بہبود پر مرکز اور مغربی بنگال کے درمیان اعلیٰ سطحی بات چیت ہوگی
مرکزی وزیر جناب شیوراج سنگھ چوہان پی ایم دھن-دھانیہ کرشی یوجنا، پی ایم ایف بی وائی ، وکست بھارت-جیرام جی یوجنا، دیہی سڑکوں اور ہاؤسنگ اسکیموں کا جامع جائزہ لیں گے
جناب شیوراج سنگھ چوہان مغربی بنگال کے دورے کے دوران پٹ سن کے کسانوں، زرعی سائنسدانوں اور لکھپتی دیدیوں کے ساتھ براہِ راست تبادلۂ خیال کریں گے
प्रविष्टि तिथि:
13 JUL 2026 2:22PM by PIB Delhi
زراعت و کسانوں کی بہبود اور دیہی ترقی کے مرکزی وزیر جناب شیوراج سنگھ چوہان 13-14 جولائی 2026 کو مغربی بنگال کے دو روزہ دورے پر ہوں گے۔ دورے کے دوران، وہ زراعت اور دیہی ترقی کے موضوع پر وزیر اعلیٰ جناب سوویندو ادھیکاری کے ساتھ اہم بات چیت کریں گے، اس کے علاوہ وہ پٹ سن (جوٹ) کے کسانوں اور خود امدادی گروپوں کی خواتین کے ساتھ براہِ راست تبادلۂ خیال بھی کریں گے۔
جناب چوہان 13 جولائی کی شام کولکاتہ پہنچیں گے اور وہاں سے سیدھے وزیر اعلیٰ کی رہائش گاہ روانہ ہوں گے۔ مرکزی وزیر اور وزیر اعلیٰ کے درمیان رات کے کھانے پر ہونے والی میٹنگ میں زراعت، کسانوں کی بہبود کی اسکیموں، دیہی سڑکوں، ہاؤسنگ اور روزگار سمیت اہم امور پر مرکز اور ریاست کے درمیان تعاون کو مضبوط بنانے پر توجہ مرکوز کی جائے گی۔
چودہ جولائی کو کولکاتہ کی نیو سکریٹریٹ بلڈنگ میں ایک اعلیٰ سطحی جائزہ میٹنگ منعقد ہوگی۔ اس میٹنگ میں وزیر اعلیٰ، چیف سکریٹری، متعلقہ ریاستی محکموں کے اعلیٰ حکام اور حکومتِ ہند کے سینئر افسران شرکت کریں گے۔ مرکزی وزیر کے ہمراہ وزارتِ زراعت و کسانوں کی بہبود، وزارتِ دیہی ترقی، اور انڈین کونسل آف ایگریکلچرل ریسرچ کے حکام بھی موجود ہوں گے۔
میٹنگ کے دوران، مرکزی ٹیم بڑے فلیگ شپ پروگراموں کی صورتحال پیش کرے گی، جن میں پی ایم-کسان ، پردھان منتری فصل بیمہ یوجنا، پردھان منتری دھن-دھانیہ کرشی یوجنا، کم از کم امدادی قیمت (ایم ایس پی) کی کارروائیاں، وکست بھارت–جی رام جی ، دیہی سڑکیں اور ہاؤسنگ اسکیمیں اور پنچایتی راج اداروں کو مختص کردہ فنڈز شامل ہیں۔ ریاست میں زرعی ترقی اور دیہی ترقی کو تیز کرنے کے لیے مستقبل کے روڈ میپ پر بھی تفصیلی بات چیت کی جائے گی۔
سہ پہر کے بعد، جناب چوہان بیرک پور میں واقع آئی سی اے آر–سینٹرل ریسرچ انسٹی ٹیوٹ فار جوٹ اینڈ الائیڈ فائبرز کا دورہ کریں گے، جہاں وہ پٹ سن (جوٹ) کے کسانوں اور خود امدادی گروپوں کی خواتین کے ساتھ تبادلۂ خیال کریں گے۔
مرکزی وزیرِ زراعت کسانوں سے براہِ راست ان چیلنجوں کے بارے میں جانیں گے جن کا انہیں پٹ سن (جوٹ) کی کاشت میں سامنا کرنا پڑتا ہے، جس میں ریٹنگ (گلانے کا عمل)، پانی کی دستیابی، کیڑوں اور بیماریوں کا انتظام، پیداواری لاگت اور مارکیٹ کی قیمتیں شامل ہیں۔ اس کے علاوہ، پٹ سن کی ویلیو چین (قیمت کے تعین کے عمل) میں کسانوں کا حصہ بڑھانے کے اقدامات پر بھی گفتگو مرکوز رہے گی۔
آئی سی اے آر-سی آر آئی جے اے ایف کے سائنسداں پٹ سن (جوٹ) کی بہتر اقسام کی نمائش کریں گے اور ریٹنگ (گلانے) کی جدید تکنیکوں، پانی کے تحفظ کے طریقوں اور آسان پروسیسنگ و مارکیٹنگ کی ٹیکنالوجیز کا عملی مظاہرہ کریں گے۔ خواتین کے سیلف ہیلپ گروپوں کو پٹ سن پر مبنی مصنوعات اور ویلیو ایڈیشن (قیمت میں اضافے) کے مواقع سے بھی روشناس کرایا جائے گا، جس کا محور دیہی انٹرپرینیورشپ (کاروبار) کو فروغ دینا، گھریلو آمدنی میں اضافہ کرنا اور گاؤوں میں پائیدار روزگار کے مواقع پیدا کرنا ہے۔
اس دو روزہ دورے کے ذریعے، جس میں ریاستی قیادت کے ساتھ اعلیٰ سطحی مشاورت اور پٹ سن (جوٹ) کی پٹی کے کسانوں کے ساتھ براہِ راست تبادلۂ خیال شامل ہے، مرکزی حکومت، وزیر اعظم جناب نریندر مودی کی قیادت اور رہنمائی میں، مغربی بنگال میں اپنی پالیسی ترجیحات میں زراعت اور دیہی ترقی کو سب سے آگے رکھنے کے اپنے عزم کا اعادہ کر رہی ہے۔
***
ش ح۔م م ۔ ع د
U-No. 9880
(रिलीज़ आईडी: 2284100)
आगंतुक पटल : 12