مواصلات اور اطلاعاتی ٹیکنالوجی کی وزارت
محکمۂ ڈاک اور بھارتی ٹیلی مواصلاتی ضابطہ کار اتھارٹی (ٹرائی) کا اشتراک؛ بھارت کے دیہات میں ٹیلی مواصلاتی نیٹ ورک کی کارکردگی کا ملک کا سب سے بڑا گاؤں سطح کا سروے کیا جائے گا
प्रविष्टि तिथि:
10 JUL 2026 6:54PM by PIB Delhi
ڈیجیٹل انڈیا کو مزید مضبوط بنانے اور دیہی علاقوں میں ٹیلی مواصلاتی خدمات کے معیار کو بہتر بنانے کی سمت ایک اہم پیش رفت کے طور پر مواصلات کی وزارت کے محکمۂ ڈاک (ڈی او پی) اور بھارتی ٹیلی مواصلاتی ضابطہ کار اتھارٹی (ٹرائی) نے آج نئی دہلی میں ایک مفاہمتی یادداشت پر دستخط کیے۔ اس کے تحت بھارت کے 5.68 لاکھ سے زائد دیہات میں موبائل نیٹ ورک کی کارکردگی کا جائزہ لینے کے لیے ملک گیر ایپ پر مبنی سروے کیا جائے گا۔ اس سروے کے ذریعے ٹیلی مواصلاتی خدمات فراہم کرنے والی کمپنیوں — بھارتی ایئرٹیل، ریلائنس جیو، ووڈافون آئیڈیا اور بی ایس این ایل—کے موبائل نیٹ ورک کی کارکردگی کا جائزہ لیا جائے گا۔
یہ اقدام مرکزی وزیرِ مواصلات اور شمال مشرقی خطے کی ترقی کے وزیر، جناب جیوتیرادتیہ ایم۔ سندھیا کی قیادت میں شروع کیا گیا ہے، جو ملک میں ڈیجیٹل رابطہ کاری کو مزید مستحکم بنانے اور ’’ڈیجیٹل انڈیا‘‘ کے ویژن کو تیز رفتاری سے عملی جامہ پہنانے کے لیے حکومت کے پختہ عزم کا مظہر ہے۔
(محکمۂ ڈاک اور بھارتی ٹیلی مواصلاتی ضابطہ کار اتھارٹی (ٹرائی) کے درمیان ملک گیر موبائل نیٹ ورک کی کارکردگی کے سروے کے لیے مفاہمتی یادداشت (ایم او یو) کا تبادلہ کرتے ہوئے)
اس مفاہمتی یادداشت پر محکمۂ ڈاک کی جنرل منیجر (شہری مرکز خدمات و دیہی کاروبار)، محترمہ منیشا بنسل بادل اور بھارتی ٹیلی مواصلاتی ضابطہ کار اتھارٹی (ٹرائی) کے جوائنٹ ایڈوائزر (براڈ بینڈ و پالیسی تجزیہ)، جناب ایس۔ ایم۔ کے۔ چندرا نے دونوں اداروں کے اعلیٰ حکام کی موجودگی میں دستخط کیے۔
محکمۂ ڈاک کے دیہی علاقوں میں قائم 1.40 لاکھ سے زائد برانچ ڈاک خانوں کے بے مثال نیٹ ورک سے استفادہ کرتے ہوئے یہ سروے دیہی ڈاک خدمات انجام دینے والے ملازمین (گرامین ڈاک سیوک) اپنی معمول کی ڈاک تقسیم کی ذمہ داریوں کے دوران انجام دیں گے۔ اس مقصد کے لیے ٹرائی کی تیار کردہ خصوصی اینڈرائیڈ پر مبنی موبائل ایپلی کیشن استعمال کی جائے گی۔ تمام ریاستوں اور مرکز کے زیر انتظام علاقوں کے دیہات پر مشتمل یہ مہم موبائل نیٹ ورک کی کارکردگی سے متعلق زمینی سطح کا مستند ڈیٹا فراہم کرے گی، جس کی مدد سے رابطہ کاری میں موجود خامیوں کی نشاندہی، ٹیلی مواصلاتی بنیادی ڈھانچے میں بہتری اور دیہی بھارت میں ڈیجیٹل رابطہ کاری کو مضبوط بنانے کے لیے شواہد پر مبنی پالیسی سازی ممکن ہو سکے گی۔
اس موقع پر اظہارِ خیال کرتے ہوئے محکمۂ ڈاک کی جنرل منیجر (شہری مرکز خدمات و دیہی کاروبار)، محترمہ منیشا بنسل بادل نے کہا:’’محکمۂ ڈاک نے اپنے بے مثال رسائی کے نیٹ ورک اور عوام کے اعتماد کی بنیاد پر ہمیشہ مختلف سرکاری اداروں کے ساتھ مل کر شہریوں پر مرکوز خدمات کی فراہمی میں مؤثر کردار ادا کیا ہے۔ ٹرائی کے ساتھ یہ اشتراک ’ڈیجیٹل انڈیا‘ کے ویژن سے ہماری وابستگی کو مزید مضبوط بناتا ہے اور قابلِ اعتماد ڈیجیٹل بنیادی ڈھانچے کی تعمیر میں معاون ثابت ہوگا۔ ہمارے باصلاحیت ڈاک ملازمین دیہی بھارت کے شہریوں کے لیے ٹیلی مواصلاتی خدمات کو بہتر بنانے کی غرض سے زمینی سطح پر مستند معلومات جمع کرنے میں نہایت اہم کردار ادا کریں گے۔‘‘
اس موقع پر اظہارِ خیال کرتے ہوئے بھارتی ٹیلی مواصلاتی ضابطہ کار اتھارٹی (ٹرائی) کے پرنسپل مشیر (این ایس ایل)، جناب ارون اگروال نے کہا: ’’محکمۂ ڈاک کے ساتھ یہ اشتراک ٹرائی کی اس صلاحیت کو نمایاں طور پر مضبوط بنائے گا کہ وہ زمینی سطح پر ٹیلی مواصلاتی نیٹ ورک کی کارکردگی کا مؤثر جائزہ لے سکے۔ محکمۂ ڈاک کا وسیع فیلڈ نیٹ ورک نیٹ ورک کی کارکردگی سے متعلق قابلِ اعتماد معلومات کو منظم انداز میں جمع کرنے میں مدد دے گا، جس کے نتیجے میں ضابطہ سازی سے متعلق بہتر فیصلے کیے جا سکیں گے اور صارفین کو اعلیٰ معیار کی ٹیلی مواصلاتی خدمات فراہم کرنا ممکن ہوگا۔‘‘
مفاہمتی یادداشت کے تحت محکمۂ ڈاک اپنے ملک گیر ڈاک نیٹ ورک کے ذریعے زمینی سطح پر سروے کی تمام کارروائیاں انجام دے گا، جبکہ ٹرائی سروے کے لیے موبائل ایپلی کیشن، تکنیکی معاونت، تربیت اور مرکزی سطح پر نگرانی کی سہولت فراہم کرے گی۔ ایک سالہ اس شراکت داری سے ٹیلی مواصلاتی خدمات کے معیار میں بہتری، ڈیجیٹل رابطہ کاری میں موجود خلا کو پُر کرنے اور ڈیجیٹل طور پر بااختیار اور سب کی شمولیت پر مبنی بھارت کے ویژن کو مزید تقویت ملنے کی توقع ہے۔
***
ش ح۔ ش ا ر۔ ول
Uno-9812
(रिलीज़ आईडी: 2283474)
आगंतुक पटल : 9