صحت اور خاندانی بہبود کی وزارت
azadi ka amrit mahotsav

کرٹین ریزر

مرکزی وزیرِ صحت جناب جگت پرکاش نڈا 11 جولائی کو کیلونگ میں آئی سی ایم آر مرکز برائے بلند ارتفاعی طب اور عوامی صحت تحقیق کا سنگِ بنیاد رکھیں گے

کیلونگ کو بلند ارتفاعی طب اور عوامی صحت تحقیق کے لیے آئی سی ایم آر کا پہلا خصوصی مرکز ملے گا

یہ نیا مرکز بھارت کے ہمالیائی خطے میں موسمیاتی تبدیلیوں سے نمٹنے کے قابل صحت خدمات اور حیاتیاتی طبی تحقیق کو مزید مضبوط بنانے میں اہم کردار ادا کرے گا

प्रविष्टि तिथि: 09 JUL 2026 12:41PM by PIB Delhi

مرکزی وزیرِ صحت و خاندانی بہبود جناب جگت پرکاش نڈا 11 جولائی 2026 کو ہماچل پردیش کے ضلع لاہول و اسپیتی کے کیلونگ میں آئی سی ایم آر مرکز برائے بلند ارتفاعی طب اور عوامی صحت تحقیق کا سنگِ بنیاد رکھیں گے۔یہ مرکز، جسے وزارتِ صحت و خاندانی بہبود کے شعبۂ تحقیقِ صحت کے تحت انڈین کونسل آف میڈیکل ریسرچ (آئی سی ایم آر) قائم کر رہا ہے، کیلونگ میں موجود آئی سی ایم آر کے فیلڈ اسٹیشن کو ایک مکمل، کثیر شعبہ جاتی تحقیقی مرکز میں تبدیل کرے گا۔ یہ مرکز بھارت کے بلند پہاڑی اور موسمیاتی حساس علاقوں پر مرکوز تحقیق، اختراع اور صلاحیت سازی کے لیے کام کرے گا۔

ہمالیائی ماحولیاتی نظام کو صحتِ عامہ کے منفرد چیلنجز کا سامنا ہے، جن میں زیادہ بلندی، سخت موسمی حالات، دشوار گزار جغرافیہ اور موسمیاتی تغیرات میں اضافہ شامل ہیں۔ یہ عوامل بیماریوں کے پھیلاؤ، صحت کی سہولیات تک رسائی اور ہنگامی ردِعمل کے نظام کو متاثر کرتے ہیں۔

کیلونگ کا یہ مرکز بلند ارتفاعی جسمانی اثرات اور ماحول سے مطابقت، پہاڑی طب، موسمیاتی تبدیلی سے متاثرہ اور ابھرتی ہوئی بیماریوں، متعدی اور غیر متعدی امراض، ماں اور بچے کی صحت، غذائیت، ذہنی صحت، ماحولیاتی و پیشہ ورانہ صحت اور آفات سے متعلق طب سمیت وسیع شعبوں میں تحقیق کرے گا۔

یہ مرکز مخصوص مقامی حالات کے مطابق سائنسی شواہد اور قابلِ عمل حل تیار کرے گا۔ اس کے علاوہ ڈیجیٹل ہیلتھ پلیٹ فارمز، ٹیلی میڈیسن، ڈرون کے ذریعے صحت خدمات کی فراہمی اور حقیقی وقت پر عوامی صحت نگرانی کے نظام کو بھی شامل کیا جائے گا تاکہ دشوار گزار علاقوں میں صحت کی سہولیات کی فراہمی کو بہتر بنایا جا سکے۔

لاہول و اسپیتی میں واقع یہ مرکز ایک اہم سرحدی خطے میں بلند ارتفاعی اور قبائلی آبادیوں تک سال بھر رسائی فراہم کرے گا، جس سے ماحول اور صحت کے باہمی تعلقات پر طویل مدتی مطالعات اور فیلڈ ریسرچ کو فروغ ملے گا۔ یہ مرکز قبائلی صحت، آفات سے نمٹنے کی تیاری اور ڈیجیٹل ہیلتھ اختراع سے متعلق قومی ترجیحات میں معاون ثابت ہوگا، جبکہ بلند ارتفاعی طب کے شعبے میں عالمی تحقیق میں بھی اپنا کردار ادا کرے گا۔

یہ مرکز مسلح افواج کی طبی خدمات (اے ایف ایم ایس) ، دفاعی تحقیق و ترقی کی تنظیم(ڈی آر ڈی او) ، حکومتِ ہماچل پردیش اور بھارت و بیرونِ ملک کے تعلیمی و تحقیقی اداروں کے ساتھ ادارہ جاتی تعاون قائم کرے گا، جس کے نتیجے میں عملی تحقیق اور پالیسی سازی کے لیے ایک مضبوط نظام تشکیل پائے گا۔یہ اقدام صحت کے شعبے میں حکومت کے آتم نربھر بھارت کے وژن کو آگے بڑھانے کے ساتھ ساتھ موسمیاتی تبدیلیوں کے مقابلے کے قابل، جامع اور سب کے لیے قابلِ رسائی صحت کے نظام کے قیام کی کوششوں کو بھی تقویت دے گا۔

11 جولائی کو منعقد ہونے والی تقریب میں روایتی بھومی پوجن اور سنگِ بنیاد کی تقریب کے علاوہ گرین آئی سی ایم آر کیمپس مہم کے تحت مقامی ہمالیائی پودوں کی شجرکاری، سائنسی نمائش، مرکز کی ویب سائٹ اور تعارفی ویڈیو کا اجرا اور یادگاری ڈاک ٹکٹ کے خصوصی سرورق کا اجرا بھی شامل ہوگا۔

اس تقریب میں علاقے سے تعلق رکھنے والے اراکینِ پارلیمنٹ اور قانون ساز اسمبلی، دفاعی سیکریٹری، حکومتِ ہماچل پردیش کے چیف سیکریٹری، وزارتِ صحت و خاندانی بہبودکے اعلیٰ افسران ، آئی سی ایم آر، مسلح افواج اور شراکت دار اداروں کے اعلیٰ حکام کے علاوہ سائنس دان، عوامی نمائندگان اور مقامی برادری کے افراد بھی شرکت کریں گے۔

 

********

 

 

ش ح ۔  ت ف۔  ت ا

U. No.9750


(रिलीज़ आईडी: 2282829) आगंतुक पटल : 14
इस विज्ञप्ति को इन भाषाओं में पढ़ें: English , हिन्दी , Bengali , Bengali-TR , Punjabi , Gujarati , Tamil